کیا ہو رہا ہے؟
زبور 101 بادشاہ داؤد کی اُس خواہش کو بیان کرتا ہے کہ اسرائیل کی بادشاہی سے ہر بدی کو جڑ سے اُکھاڑ دیا جائے۔ اسرائیل صرف اُسی وقت محبت اور انصاف کی وہ جگہ بنے گا جس کے لیے خدا نے اُسے چُنا ہے، جب پورا مُلک ایسے لوگوں سے بھر جائے گا جو صرف خدا سے محبت رکھتے اور اُس کی شریعت کی فرمانبرداری کرتے ہیں (زبور 101:6)۔ بدی سے پاک بادشاہی کے لیے سرگرم داؤد پہلے خود بدی سے پاک رہنے کا عزم کرتا ہے (زبور 101:2)۔ وہ ٹھان لیتا ہے کہ صرف خدا سے محبت رکھے گا اور اُسی کی پرستش کرے گا اور بُتوں کی خدمت کبھی نہیں کرے گا (زبور 101:1، 3)۔ وہ یہ بھی عزم کرتا ہے کہ شاہی خاندان کی قیادت خدا کی شریعت کے مطابق کرے گا۔ جو ناانصافی اُسے اپنے ساتھ حکومت کرنے والوں میں نظر آئے گی، داؤد اُسے روکے گا اور یقینی بنائے گا کہ اُس کی نسل بھی خدا کی شریعت پر چلے (زبور 101:7)۔ اپنے گھر سے باہر بھی داؤد یہ عزم کرتا ہے کہ اپنی قلمرو کے کسی بھی کونے میں بدی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ وہ وعدہ کرتا ہے کہ غرور اور چھپ کر کی جانے والی چُغلی بھی اُس کی عدالت سے نہیں بچ پائے گی (زبور 101:5)۔ داؤد اپنے فیصلے پر اَڑا ہوا ہے۔ اُس کی بادشاہی کا بدی سے کوئی واسطہ نہیں ہو گا، بلکہ اُس کا پورا واسطہ اپنے پڑوسی سے محبت اور خدا کے دشمنوں کے خلاف انصاف سے ہو گا (زبور 101:4)۔ داؤد امید رکھتا ہے کہ اُس کے اِن کاموں کے ذریعے جلد ہی اُس کی بادشاہی میں صرف اُس جیسے شہری رہ جائیں گے: وفادار، خدا کی شریعت کی فرمانبرداری کے لیے تیار، اور بدی کی عدالت کرنے میں سرگرم (زبور 101:6، 8)۔ اور جب بدی کے خلاف یہ مہم مکمل ہو جائے گی، تو خدا کے لوگ آخرکار خدا کی محبت اور انصاف میں ہمیشہ کے لیے آرام پائیں گے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
داؤد اپنی بادشاہی کے ہر کونے سے بدی کو صاف کرنے کا جوش رکھتا تھا۔ لیکن حقیقی کامیابی کا مطلب یہ ہوتا کہ اسرائیل کے ہر شخص کو نکال دیا جائے، حتیٰ کہ خود اُسے بھی۔ کوئی بھی خدا کی شریعت کو کامل طور پر پورا نہیں کرتا۔ بدی سے پاک بادشاہی کے لیے داؤد کی سرگرمی اُس بادشاہی کو بالکل خالی چھوڑ دیتی۔ لیکن داؤد کی نسل سے یسوع آیا تاکہ خدا کی محبت اور انصاف کی بادشاہی قائم کرے اور اُسے وفادار شہریوں سے بھر دے۔
داؤد اور اُس کے لوگوں کے برعکس، یسوع نے خدا کی شریعت کو کامل طور پر پورا کیا (1 یوحنا 3:5)۔ اُس کا دل خدا سے محبت رکھتا اور اُس کی خدمت کرتا تھا۔ اُس کے اندر کوئی چھپا ہوا غرور نہ تھا۔ اُس نے کبھی چُپکے سے بدگوئی نہیں کی۔ اور جب یسوع نے اعلان کیا کہ خدا کی محبت اور انصاف کی بادشاہی آخرکار شروع ہو رہی ہے، تو اُس نے شریعت توڑنے والوں کو سزا نہیں دی؛ بلکہ اُن کا دوست بنا اور اُن کے ساتھ کھانا کھایا۔ اُن کی بدی کے ساتھ ایک منصف کی طرح پیش آنے کے بجائے، اُس نے اُن کی بدی کے ساتھ ایسا سلوک کیا جیسا ایک طبیب کسی بیماری کے ساتھ کرتا ہے (لوقا 5:29-32)۔ لیکن اقتدار رکھنے والے اِس طرح بدی کے خلاف یسوع کی مہم میں شامل ہونے کو تیار نہ تھے۔ اِس کے بجائے، وہ اُسے اپنے لیے خطرہ سمجھتے تھے۔ اُنہیں اپنی بےانصاف بادشاہی ہی پسند تھی، جہاں وہ غریبوں کا استحصال کر کے، بُتوں کی خدمت کر کے، اور راہ میں آنے والوں کو قتل کر کے اپنے خاص مرتبے قائم رکھ سکتے تھے (مرقس 11:15-18)۔ چنانچہ انصاف کے لیے یسوع کی سرگرمی اور بدی کو برداشت نہ کرنے کی روِش نے اُس کی جان لے لی۔ لیکن یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا اور آسمان پر تخت پر بیٹھا۔ اپنے جی اُٹھنے میں یسوع نے اُس بدی اور ناانصافی کو نیست کر دیا جس نے اُسے قتل کیا تھا، اُس نے موت کی قدرت کو جڑ سے اُکھاڑ دیا، اور ثابت کر دیا کہ اُس کی محبت اور انصاف کی بادشاہی ہمیشہ قائم رہے گی (کلسیوں 2:15)۔ بادشاہ کے طور پر یسوع کے پہلے فرمانوں میں سے ایک یہ تھا کہ وہ اپنے رُوح کو ہر اُس شخص کے پاس بھیجے جو اُس کی بادشاہی میں شامل ہونے کی خواہش رکھتا ہے (اعمال 1:8)۔ اُس کے رُوح کے وسیلے سے وہ بدی اور ناانصافی صاف کر دی جاتی ہے جو ہمارے دلوں میں بسی ہوئی ہے۔ اور خدا کے رُوح کے وسیلے سے ہم محبت اور انصاف کے لوگ بن جاتے ہیں جو ہمیشہ خدا کی بادشاہی میں رہیں گے (گلتیوں 5:22-25)۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنی بادشاہی سے بدی کو صاف کر دے گا۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں ہر بدی سے پاک کرتا ہے تاکہ ہم ہمیشہ اُس کی بادشاہی میں رہ سکیں۔

