کیا ہو رہا ہے؟
زبور 103 میں زبور نویس بادشاہ داؤد اپنی جان کو اور اُس قوم کو بھی جس کی وہ قیادت کرتا ہے حکم دیتا ہے کہ وہ اپنے اوپر خدا کے رحم کی خوشی منائیں۔ زبور 103: 1 میں داؤد پہلے اپنی جان سے مخاطب ہوتا ہے۔ زبور 103: 2 میں وہ خود کو یاد دلاتا ہے کہ خدا نے کن کن طریقوں سے اُس پر رحم کیا ہے۔ زبور 103: 3 - 5 کے مطابق خدا نے نہ صرف اُس کے گناہ معاف کیے، اُسے بیماریوں سے شفا دی اور اُسے یقینی موت سے بچایا، بلکہ اُس پر اپنی محبت کی بارش کی، اُس کی ہر آرزو پوری کی اور کمزوری کی حالت میں اُسے طاقت بخشی۔ خدا مسلسل داؤد پر رحم کرتا رہا ہے۔ اِس لیے وہ خود سے کہتا ہے کہ اپنی جان کے نگہبان اور پروردگار کی ستائش کرے۔
پھر داؤد اپنی قوم سے مخاطب ہوتا ہے۔ ایک قوم کے طور پر اُنہوں نے اپنی پوری تاریخ میں خدا کے رحم کا تجربہ کیا اور اُس سے فیض اُٹھایا ہے۔ زبور 103: 6 - 7 میں ہم دیکھتے ہیں کہ خدا کے رحم ہی نے اُسے آمادہ کیا کہ وہ اُنہیں مصر کی غلامی سے آزاد کرے۔ جب خدا کے لوگوں نے اُس رحم کا جواب بغاوت اور نفرت سے دیا تو خدا نے اُن کی بغاوت کے مطابق اُن سے سلوک نہ کیا۔ بلکہ زبور 103: 8 - 10 میں اُس نے اُنہیں بتایا کہ وہ قہر کرنے میں دھیما ہے اور اُن پر رحم کرنے میں غنی رہے گا۔ زبور 103: 11 - 12 کے مطابق اُس نے اُن کے باپ دادا کو اُن کی بغاوت کے لیے معاف کیا اور اُن کے گناہوں کا نام و نشان تک مٹا دیا۔ زبور 103: 14 - 16 میں ہم دیکھتے ہیں کہ ایک صابر باپ کی طرح خدا کی رحم بھری محبت نے اپنے نافرمان بچوں کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کیا۔ پھر داؤد اعلان کرتا ہے کہ خدا کا رحم اُس کے لوگوں کے مستقبل میں ابد تک قائم رہے گا۔ زبور 103: 17 - 19 کے مطابق چونکہ خدا ہمیشہ تک زندہ ہے اِس لیے اپنے لوگوں کے لیے اُس کی محبت بھی ہمیشہ قائم رہے گی۔ آخر میں زبور 103: 20 - 22 میں داؤد اپنے گیت کو اِس حکم پر ختم کرتا ہے کہ فرشتے بھی اُس کی قوم کے ساتھ مل کر اُس خدا کی حمد کریں جس کا رحم کبھی ختم نہیں ہوتا۔
انجیل کہاں ہے؟
داؤد کی طرح ہمیں بھی خود کو اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو خدا کے حیرت انگیز رحم کی یاد دلانی چاہیے۔ اِس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم خود کو یاد دلائیں کہ خدا نے اپنی محبت میں کن کن طریقوں سے ہماری حفاظت کی اور ہماری ضرورتیں پوری کیں۔ لیکن خدا کے رحم کا سب سے بڑا اظہار اُس وقت ہوا جب اُس نے یسوع مسیح کو بھیجا تاکہ وہ ہم جیسے لوگوں کو معاف کرے جو معافی کے لائق نہیں تھے۔
جب ہم یسوع مسیح کو دیکھتے ہیں تو ہمیں اپنے لوگوں کے لیے خدا کا رحم نظر آتا ہے۔ متی 4: 23؛ 9: 20 - 25 میں ہم دیکھتے ہیں کہ یسوع مسیح کی زمینی خدمت گناہوں کی معافی، بیماریوں سے شفا اور مُردوں کو زندہ کرنے سے پہچانی جاتی تھی۔ لیکن اپنے باپ دادا کی طرح یسوع مسیح کے زمانے کے لوگوں نے بھی اُس کے رحم اور معافی کے اظہار سے نفرت کی اور اُس کے خلاف بغاوت کی۔ مگر یسوع مسیح قہر کرنے میں اِتنا دھیما تھا کہ اُس نے اپنا دفاع کرنے سے انکار کیا اور اُنہیں اجازت دی کہ وہ اُسے اذیت دیں اور مار ڈالیں۔ رحم میں غنی ہو کر اُس نے یہاں تک کیا کہ جب وہ اُس کے ہاتھوں اور پاؤں کو صلیب پر کیلوں سے جڑ رہے تھے تو اُس نے خدا سے اپنے قاتلوں کو معاف کرنے کی دعا کی، جیسا کہ لوقا 23: 34 میں لکھا ہے۔ لیکن اپنی موت میں یسوع مسیح صرف قہر کرنے میں دھیما ہونے سے بڑھ کر کچھ کر رہا تھا۔ وہ ہم میں سے ایک کی حیثیت سے مر رہا تھا تاکہ ہم جیسے باغی یوں زندگی گزار سکیں گویا اُن کے گناہوں کا نام و نشان تک مٹا دیا گیا ہو۔ پھر یسوع مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھا تاکہ ظاہر کرے کہ خدا کا رحم قبر سے بھی آگے تک جاتا ہے۔ اور چونکہ یسوع مسیح اب ہمیشہ تک زندہ ہے اِس لیے اپنے لوگوں کے لیے خدا کا محبت بھرا رحم بھی کبھی ختم نہیں ہوتا، جیسا کہ 1 یوحنا 5: 11 - 13 میں لکھا ہے۔
ہم سب نے ایسے کام کیے ہیں جنہوں نے ہمیں خدا کی محبت کے لائق نہیں رہنے دیا۔ لیکن ہم پھر بھی اپنی جان کے لیے زبور 103 گا سکتے ہیں۔ کیونکہ یسوع مسیح میں خدا ہمارے گناہوں کے مطابق ہم سے سلوک نہیں کرتا۔ 1 یوحنا 3: 1 کے مطابق یسوع مسیح کے وسیلے سے ہم خدا کے فرزند ہیں جو اپنے صابر باپ کے کبھی ختم نہ ہونے والے رحم اور محبت میں سما گئے ہیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمارے گناہوں کے مطابق ہم سے سلوک نہیں کرتا۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس نجات دہندہ کے طور پر جان سکیں جس نے اپنی جان دی اور مُردوں میں سے جی اُٹھا تاکہ ظاہر کرے کہ اپنے فرزندوں کے لیے خدا کا محبت بھرا رحم کبھی ختم نہیں ہوتا۔

