کیا ہو رہا ہے؟
ابتدا میں خدا نے ابتری میں سے ایک مرتب دنیا خلق کی (پیدائش 1:1-2)۔ لیکن زبور 46 میں ایسا لگتا ہے کہ خدا کی ترتیب بے ترتیبی میں بدل گئی ہے۔ پانی جو اپنی حدوں کا لحاظ رکھتا تھا اور پہاڑ جو مضبوطی سے قائم تھے، اُن کی جگہ سمندر اپنے کناروں سے اُبل پڑے ہیں اور پہاڑوں کو ہلا کر جھاگ اُڑاتی موجوں میں توڑ ڈالتے ہیں (زبور 46:2-3)۔ قومیں اور سیاسی قوتیں بھی بگاڑ کا شکار ہیں؛ تہذیبیں لرزتی ہیں اور بےقانونی میں ڈھے جاتی ہیں (زبور 46:6)۔ ابتری کی موجیں ہر ترتیب کو نگل جانے کو تیار ہیں۔ ایک قیامت خدا کی دنیا اور خدا کے لوگوں کو مٹا دینے کے لیے منڈلا رہی ہے۔
لیکن زبور نویس کا خدا پر بھروسہ غیر متزلزل ہے۔ وہ خدا میں ایک قلعے کی طرح پناہ لیتا ہے۔ اُسے یہ جان کر تسلی ملتی ہے کہ خدا اُس کے ساتھ ہے اور اُس کی حفاظت کر رہا ہے (زبور 46:7، 11)۔ خدا اُس کی پناہ اور حاضر مددگار ہے (زبور 46:1)۔ جواب میں خدا فطری اور سیاسی ابتری کے شور سے بلند آواز اُٹھاتا ہے اور اُنہیں حکم دیتا ہے کہ تھم جاؤ (زبور 46:9-10)۔ اور بےترتیب فطرت اور قومیں، دونوں خدا کی آواز کی فرمانبرداری کرتی ہیں۔ زمین پگھل کر تابع ہو جاتی ہے، تشدد کے ہتھیار توڑ دیے جاتے ہیں، اور جنگیں ختم ہو جاتی ہیں۔
اُن کی جگہ خدا پُرسکون اور امن بھری ندیوں کے کنارے ایک شہر بناتا ہے اور وہاں اپنے لوگوں کے ساتھ بستا ہے (زبور 46:4)۔ جب پہاڑ لرزتے ہیں، سمندر گرجتے ہیں اور قومیں لڑتی ہیں، تب بھی خدا کا شہر نہیں ڈھتا، کیونکہ خدا وہاں موجود ہے اور اپنے لوگوں کی حفاظت کرتا ہے (زبور 46:5-6)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
وہ آواز جس کی سب فرمانبرداری کرتے ہیں، یسوع کی آواز ہے۔ جب یسوع کے شاگرد آندھی کی موجوں میں گھر گئے، تو یسوع ہی اُن کا مددگار تھا۔ صرف ایک حکم سے، ”تھم جا،“ اُس کی آواز نے اُن کے گرد کی ابتری کو تھما دیا (مرقس 4:37-41)۔ یسوع میں خدا کی آواز انسان بن جاتی ہے۔ یسوع اُس ابتری پر حکومت کرتا ہے جس کا ہم خلقت میں تجربہ کرتے ہیں، اور اُن کے لیے سلامتی قائم کرتا ہے جو اُس کے نزدیک ہیں۔
اور جب یسوع صلیب پر مرا، تو اُس نے قوموں کے تشدد اور خلقت کے اُجڑ جانے کو اپنے اُوپر جھیل لیا۔ اُس کی ہلاکت کے وقت آسمان تاریک ہو گیا، زمین لرز اُٹھی، اور لوگ خود موت سے آزاد ہوئے (متی 27:26، 51-52)۔ مُردوں میں سے جی اُٹھ کر یسوع نے دکھایا کہ وہ اُن قوموں سے زیادہ قوی ہے جو موت کی ابتری کو ہتھیار بناتی ہیں۔ وہ اُن کی حکومت کی جگہ الٰہی ترتیب اور ہمیشہ کی زندگی قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے (اعمال 2:31؛ مکاشفہ 11:15)۔ خدا کے لوگوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یسوع ہمارا قلعہ ہے۔ اُس کی آواز اُس تشدد، موت اور ابتری سے زیادہ زوردار ہے جو قومیں پیدا کرتی ہیں۔
اور یسوع جلد آ رہا ہے تاکہ خدا کا وہ شہر بنائے جس کی پیشین گوئی زبور نویس نے کی تھی (مکاشفہ 22:1-2)۔ آسمان پر نہ فطری ابتری ہو گی نہ قوموں کی (مکاشفہ 21:1)۔ دنیا کو خواہ کیسی ہی آندھیاں اُجاڑیں، یسوع وعدہ کرتا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو اُس شہر تک پہنچائے گا جہاں وہ سلامت رہیں گے اور خدا ہمیشہ اُن کے ساتھ بسے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ابتری کو ترتیب میں بدل دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ہر قوت سے بالا آواز اور اُن سب کی پناہ کے طور پر دیکھیں جو اُس کے پاس آتے ہیں۔

