کیا ہو رہا ہے؟
زبور 48 اُن زیارتی مسافروں کے لیے ایک گیت ہے جو خدا کا تجربہ کرنے کی خواہش لے کر یروشلیم کا سفر کرتے ہیں۔ جب وہ شہر کے قریب پہنچتے ہیں، تو وہ شہر کی تعمیرات میں خدا کی قدرت اور شان و شوکت دیکھتے ہیں (زبور 48:1)۔ اُس کے بہت سے بُرج، ہیبت ناک فصیلیں اور قلعے یروشلیم کو ناقابلِ رسائی اور ناقابلِ تسخیر دکھاتے ہیں (زبور 48:12-13)۔ یہ سب خدا کے زیارتی مسافروں کو اُس پر آمادہ کرتا ہے کہ وہ خدا کی قدرت کی تعریف کریں اور اِس خوشی میں مطمئن ہوں کہ اُن کی حفاظت ناقابلِ تسخیر ہے (زبور 48:1-3)۔
اِس ناقابلِ تسخیر ہونے کے باوجود دشمن مل کر خدا کے شہر پر حملہ کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ لیکن جیسے ہی وہ اُسے دیکھتے ہیں، دہشت سے اُن کی بولتی بند ہو جاتی ہے (زبور 48:4-5)۔ خدا کے قلعے اُن پر بلند دکھائی دیتے ہیں۔ خدا کی ہیبت ناک دفاعی عمارتوں کا محض نظارہ ہی ایک بھرپور حملے جیسا محسوس ہوتا ہے۔ خدا کے شہر میں اُس کی حضوری اُنہیں مفلوج کر دیتی ہے، اور خدا کے تلوار اُٹھائے بغیر ہی وہ ہلاک ہو جاتے ہیں۔ یروشلیم پر ایک نظر اُنہیں اُن جہازوں کی طرح تباہ کر دیتی ہے جو سمندر میں ٹوٹ جاتے ہیں (زبور 48:6-7)۔ ایسے خدا کے ساتھ، خدا کے شہر کے باشندے یقیناً ہمیشہ کے لیے محفوظ ہیں (زبور 48:8)۔
جب زیارتی مسافر آخرکار شہر کے قلب میں داخل ہوتے ہیں، تو ایک ہیکل اُن کا اِس لیے استقبال کرتی ہے کہ وہ خدا کی تباہ کرنے والی قدرت کا نہیں بلکہ خدا کے دل کا تجربہ کریں۔ ہیکل کے اندر خدا کی محبت بھری حضوری اپنے لوگوں کے ساتھ سکونت کرتی ہے۔ وہ خدا کی اخلاقی پاکیزگی دیکھتے ہیں، اُس کی محبت پر غور کرتے ہیں، اُس کی رحمت سے لطف اُٹھاتے ہیں، اُس کی حکمت میں خوش ہوتے ہیں، اور اُس کے جلال کا تجربہ کرتے ہیں (زبور 48:9-10)۔
پھر زبور نویس اپنے پڑھنے والوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اُن زیارتی مسافروں کی مانند بنیں جن کا اُس نے ذکر کیا ہے—کہ آئیں اور خدا کی قدرت اور حسن کو، جو نمایاں ہیں، اپنی آنکھوں سے دیکھیں، کیونکہ اُس کا پہاڑی شہر دریافت کیے جانے کا منتظر ہے (زبور 48:12-13)۔ اور ایک اچھے رہنما کی طرح خدا ہر نسل کے زیارتی مسافروں کا استقبال کرے گا کہ وہ ہمیشہ کے لیے اُس کے جلال اور اُس کے شہر کو دیکھیں اور اُن کا تجربہ کریں (زبور 48:14)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
مکاشفہ کی کتاب میں ایک اَور زیارتی مسافر، یعنی یوحنا رسول، کو دعوت دی جاتی ہے کہ آئے اور نئے یروشلیم پر غور کرے۔ لیکن اِس سے ذرا پہلے کہ یوحنا اُس حسین نظارے کو دیکھے، خدا کے دشمن مل کر خدا کے شہر کا محاصرہ کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ مگر اِس زبور کی طرح، وہ شکست کھاتے ہیں اور بالکل تباہ کر دیے جاتے ہیں (مکاشفہ 20:9)۔ خدا اُنہیں شہر کے پھاٹکوں تک پہنچنے کے قابل نہیں چھوڑتا، لیکن یوحنا کا کھلی بانہوں سے استقبال کرتا ہے۔ پہلے یروشلیم کی طرح اُس کی پیمائشیں، دیواریں، پھاٹک، بنیادیں، سونا اور جواہر سب خدا کے حسن، انصاف اور حفاظت کی گواہی دیتے ہیں (مکاشفہ 21:12-21)۔
لیکن پرانے یروشلیم کے برعکس، اِس نئے یروشلیم میں کوئی ایسی ہیکل نہیں جہاں زیارتی مسافر خدا کی حضوری میں داخل ہو کر اُس کی محبت کا تجربہ کر سکیں۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ یسوع ہی نئے یروشلیم کی ہیکل ہے (مکاشفہ 21:22)۔ نئے یروشلیم کے مرکز میں کوئی عمارت نہیں بلکہ خود خدا ہے، جو دریافت کیے جانے کا منتظر ہے! اور اِس نئے شہر کے شہری ہونے کے ناطے ہمیں یہ شرف حاصل ہوگا کہ ہم خدا کے دل کے ہر پہلو کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں (کلسیوں 1:15)۔ خدا کا سارا حسن اور ساری قدرت یسوع کی مکمل تجلی میں چمکتی ہے (عبرانیوں 1:3)۔ یسوع ہی خدا کا انصاف، خدا کی محبت، خدا کی رحمت، خدا کی حکمت، خدا کی قدرت اور خدا کا جلال ہے (2 کرنتھیوں 5:21؛ رومیوں 5:8؛ ططس 3:4-5؛ 1 کرنتھیوں 1:24؛ یوحنا 1:14)۔ اور ہم ہمیشہ کے لیے اُسے دریافت کرنے اور اُس میں خوش ہونے کا موقع پائیں گے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ خدا اور اُس کے شہر کو دیکھ سکیں۔ اور آپ یسوع کو خدا کی دکھائی دینے والی قدرت اور حسن کے طور پر دیکھیں، جس میں ہم خدا کی حضوری کا تجربہ کرتے ہیں۔

