کیا ہو رہا ہے؟
زبور 49 ہمارے سامنے ایک پہیلی رکھتا ہے جس کا جواب وہ خود کبھی نہیں دیتا۔ وہ پوچھتا ہے: ایسی کیا چیز ہے جو ہمیں قبر سے مول لے کر چھڑا سکتی ہے؟
یہ ایک ایسی پہیلی ہے جس کا جواب ہر انسان کو بالآخر دینا ہے (زبور 49:1-2)۔ دولت مند سمجھتے ہیں کہ جواب پیسہ ہے۔ وہ گمان کرتے ہیں کہ مال درد، موت اور فنا کی ناگزیری کو کم کر سکتا ہے (زبور 49:12-13)۔ لیکن وہ سخت غلطی پر ہیں (زبور 49:5-6)۔ انسانی جان کی قیمت سکّوں میں نہیں لگائی جاتی، اِس لیے کوئی بھی رشوت دے کر آنے والی موت سے بچ نہیں سکتا (زبور 49:7-8)۔ پیسہ گلنے سڑنے کا تاوان ادا نہیں کر سکتا۔
اگر دولت مند لوگ اپنے آپ کو موت سے خرید سکتے تو وہ ہمیشہ جیتے رہتے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ بھی اُن جانوروں کی طرح مرتے ہیں جن کے پاس کوئی دولت نہیں (زبور 49:12، 20)۔ دولت مند یہ مان لیتے ہیں کہ زمین پر مال گویا ایک بیعانہ ہے جو موت کے بعد بھی خدا کی برکت کی ضمانت دیتا ہے۔ وہ اپنے دل میں کہتے ہیں، ”خدا میری جان کو قبر سے چھڑائے گا!“ (زبور 49:15)۔ لیکن تاریک طنز یہ ہے کہ یہی جھوٹا بھروسا اُن کی تباہی بن جاتا ہے۔
موت، نہ کہ خدا، اُن کی ضامن اور اُن کا چرواہا ہے۔ اور موت اِن مغرور اور دولت مند لوگوں کو پھسلا کر فنا کی ایک دائمی چراگاہ کی طرف لے جا رہی ہے (زبور 49:14)۔ اگرچہ وہ اب عمارتوں کو اپنے ناموں سے موسوم کرتے ہیں، تو بھی وہ اُن میں بسنے نہ پائیں گے۔ وہ قبر میں گلیں گے، جبکہ دوسرے اُن گھروں کے وارث ہوں گے جو اُنہوں نے اپنے لیے جمع کیے تھے (زبور 49:10-11)۔ موت سے رِہائی دولت میں نہیں، خواہ دولت مند یہی سمجھتے رہیں (زبور 49:8-9)۔ پہیلی باقی رہتی ہے: ”کیا چیز ہمیں قبر سے مول لے کر چھڑا سکتی ہے؟“ اور اِس زبور کے اختتام پر ہم یقین سے صرف یہی جانتے ہیں کہ جواب پیسہ نہیں ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع زبور 49 کی پہیلی کو اِن الفاظ میں دہراتا ہے: ”آدمی اپنی جان کے بدلے کیا دے؟“ (متی 16:26)۔ وہ ایک نادان دولت مند کی تمثیل بیان کرتا ہے جو بھروسا رکھتا ہے کہ اُس کی دولت اُسے لمبی عمر دے گی (لوقا 12:18-19)۔ اور واقعی، جب موت اُس کی جان کا تقاضا کرتی ہے تو اُس کا مال اُسے بچا نہیں سکتا۔ جو کچھ اُس نے اپنے لیے جمع کیا تھا وہ سب دوسروں کو دے دیا جاتا ہے، اور وہ خالی ہاتھ اور محتاج ہی موت میں چلا جاتا ہے (لوقا 12:20)۔
یسوع یہ واضح کرتا ہے کہ آدمی کی زندگی مال کی کثرت سے نہیں ہوتی (لوقا 12:15)۔ آدمی کی زندگی خدا کی کثرت سے آتی ہے۔ صرف خدا ہی وہ قیمت مہیا کر سکتا ہے جو موت کے تقاضوں کو پورا کرے۔ یسوع میں ہمیں پہیلی کا جواب مل جاتا ہے، کیونکہ وہ لوگوں کو قبر سے چھڑانے کے لیے خود اپنے آپ کو قیمت کے طور پر پیش کرتا ہے (عبرانیوں 9:14)۔ یسوع کی موت کے ذریعے خدا اپنے لوگوں کو قبر سے مول لیتا ہے، سونے چاندی جیسی دولت سے نہیں بلکہ اپنے ہی خون سے (1 پطرس 1:18-19)۔ یسوع ہی وہ واحد قیمت ہے جو موت کے آگے کارگر ثابت ہوئی!
یسوع وہ اچھا چرواہا بھی ہے جو اپنی بھیڑوں کو قبر کی طرف نہیں لے جاتا بلکہ اُن کی جگہ خود قبر میں اُترتا ہے (یوحنا 10:15، 17)۔ لیکن موت ایسی کمزور چرواہا تھی کہ یسوع کو باڑے میں بند نہ رکھ سکی (اعمال 2:24)۔ یسوع قبر سے جی اُٹھا، اور جو یسوع پر بھروسا رکھتے ہیں اُنہیں یہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں کہ موت اُن سے ایسی قیمت مانگے گی جو وہ ادا نہ کر سکیں۔ یسوع نے موت کی چرواہی لاٹھی کا خم توڑ دیا ہے۔ اور وہ سب جو یسوع کی ادا کردہ قیمت پر بھروسا رکھتے ہیں، اُن کے لیے یہ یقینی ہے کہ وہ بھی اُسی طرح قبر سے باہر نکلیں گے جس طرح وہ نکلا۔ اور ایک اچھے چرواہے کی طرح یسوع ہمیں خدا کے اُس ابدی گھر تک پہنچاتا ہے جو کبھی دوسروں کے حوالے نہیں کیا جائے گا بلکہ ہمیشہ کے لیے ہمارا ہوگا (2 کرنتھیوں 5:1)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو موت کی پہیلی کا جواب دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس چرواہے کے طور پر دیکھیں جو اپنی بھیڑوں کو موت کی فنا سے مول لے کر چھڑاتا ہے اور اُنہیں ہمیشہ کی زندگی تک پہنچاتا ہے۔

