کیا ہو رہا ہے؟
زبور 53 تقریباً زبور 14 جیسا ہی ہے۔ زبور 14 میں ہمیں بتایا جاتا ہے کہ خدا داناؤں کے ساتھ ہے۔ لیکن زبور 53 میں ہمیں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ خدا احمقوں کے خلاف ہے اور اُنہیں ہلاک کرے گا۔
احمق دعویٰ کرتے ہیں کہ خدا نہیں ہے (زبور 14:1؛ زبور 53:1)۔ احمق خود اپنا خدا بن بیٹھتا ہے اور اپنے ارد گرد کی دنیا کو اپنی خواہشات پوری کرنے کا ذریعہ بنا لیتا ہے۔ وہ لوگوں کو روٹی کی طرح کھا جاتا ہے (زبور 53:4)۔ جیسے جیسے اُس کی ہوس بڑھتی جاتی ہے، اُس کا استحصال اُسے اور اُس کے ارد گرد کی دنیا، دونوں کو زیادہ گہری خرابی میں گھسیٹتا جاتا ہے۔ خدا اوپر سے بنی آدم پر نظر کرتا ہے، اور کسی ایسے کو ڈھونڈتا ہے جو اِس احمق جیسا نہ ہو۔ لیکن اُسے کوئی نہیں ملتا جو نیکی کرتا ہو، اور کوئی نہیں جو دانائی رکھتا ہو (زبور 53:2)۔ سب لوگوں نے یک زبان ہو کر خدا کو رد کیا ہے، جس کا نتیجہ ہمہ گیر خرابی ہے۔ زبور نویس کہتا ہے کہ کوئی نیکی کرنے والا نہیں، ایک بھی نہیں (زبور 53:3)۔
لیکن خدا احمق کی اِس آدم خور ہوس کے خلاف ہے، کیونکہ وہ اُن کی حمایت کرتا ہے جو اُسے پکارتے ہیں۔ خدا احمقوں کو دہشت سے بھر دے گا اور اُن کی ہڈیاں بکھیر دے گا تاکہ دانا سلامتی سے رہ سکیں (زبور 53:5)۔ خدا اِن ’بےدین‘ احمقوں کو دکھاتا ہے کہ واقعی ایک خدا ہے جو اپنے لوگوں کو چھڑاتا ہے! زبور نویس کو امید ہے کہ ایک دن خدا کے لوگ اُس دنیا پر آخری فتح میں خوشی منائیں گے جو ماننے سے انکار کرتی ہے کہ آسمان پر خدا ہے (زبور 53:6)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسعیاہ نبی نے بھی کہا کہ سب انسان احمق ہیں جو خدا کے اختیار کو رد کرتے ہیں اور اپنی خواہشات کو اپنے خدا بنا لیتے ہیں (یسعیاہ 53:6)۔ یرمیاہ نبی نے کہا کہ انسان کا فطری میلان خودغرض ہے، اور ہم اُن خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے بُرے طریقوں کی طرف جھک جاتے ہیں (یرمیاہ 13:23، 17:9)۔ پولس رسول نے بھی کہا کہ سب لوگ اخلاقی طور پر بگڑ گئے ہیں، وہ اپنی زندگیوں پر خدا کے اختیار کا انکار کرتے ہیں اور اُس سے بغاوت کرتے ہیں (رومیوں 3:23، 5:12)۔
جب خدا نے آسمان سے بنی آدم پر نظر کی تو اُسے صرف ایک ملا جو نیکی کرتا تھا، صرف ایک جو دانا تھا، اور صرف ایک جو خدا کا فرمانبردار تھا۔ وہ شخص یسوع تھا۔ خدا اُسے دیکھ کر خوش ہوا (مرقس 1:10-11)۔ یسوع نے نیکی کی، حالانکہ وہ بدی سے گھِرا ہوا تھا، اور خودغرض احمقوں کے درمیان یسوع بےغرض رہا (1 یوحنا 3:5؛ متی 13:54)۔ لیکن یسوع احمق آدمیوں کی درندہ صفت بدی کا شکار ہو گیا۔ وہ وہی روٹی بن گیا جسے شریر احمقوں نے کھا لیا۔
جب وہ اُن کے ہاتھوں صلیب پر مرا، تو خدا نے احمقوں کی شرارت کو لے کر یسوع میں ہلاک کر دیا (یسعیاہ 53:6)۔ یسوع میں خدا نے ہماری حماقت اپنے اوپر لے لی اور ہمیں اپنی دانائی عطا کی۔ اور یسوع کا جی اُٹھنا ثابت کرتا ہے کہ خدا اُن کو چھڑائے گا جو احمقوں کی بدی کا شکار ہوتے ہیں۔ خدا نے یسوع کو ایک احمق کی طرح مرنے دیا، لیکن اُس نے یسوع کو اُس نیک اور دانا بیٹے کی طرح جِلایا جو ہر بات میں اُسے پسند ہے۔ یسوع کی موت نے خودغرض حماقت کو کھا لیا، تو اب احمق خدا کو پکار سکتے ہیں، دانا بن سکتے ہیں، اور نیکی کر سکتے ہیں! اور یسوع کے وسیلے سے خدا مغروروں کو ہلاک کرتا ہے اور اپنے لوگوں کو چھڑاتا ہے!
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو احمقوں کی خرابی سے بچاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس نیک اور دانا بیٹے کے طور پر دیکھیں جس نے احمقوں کو اپنے آپ کو کھانے دیا تاکہ وہ اُس کی طرح دانا اور نیک بن سکیں۔

