کیا ہو رہا ہے؟
زبور 81 اِس مقصد سے لکھا گیا تھا کہ اُسے یہودیوں کی خیموں کی عید یعنی عیدِ خیام کے دوران گایا جائے (زبور 81:3)۔ یہ عید تمام اسرائیل کو بلاتی ہے کہ خدا کی قدرت اور اُس کی فراہمی کو یاد کریں، جب وہ اُنہیں مصر کی غلامی سے نکال لایا اور بیابان میں اُن کی رہنمائی کی (زبور 81:1-2)۔ خدا نے خود اُن کے بھاری بوجھ اُتارے (زبور 81:6)۔ چنانچہ ہر سال تمام اسرائیل رُک کر اُس کہانی کو یاد کرتا ہے کہ خدا نے کیسے اُنہیں چھڑایا اور اُن کی ضرورتیں پوری کیں (زبور 81:4-5؛ احبار 16:29-34)۔
لیکن خیموں کی عید یہ بھی یاد کراتی ہے کہ خدا نے اسرائیل کو کیسے آزمایا اور وہ کیسے ناکام ہوئے۔ خدا نے اپنے لوگوں کو مصر سے چھڑانے اور کوہِ سینا کی چوٹی سے گرج میں کلام کرنے کے فوراً بعد اُنہیں بیابان میں کئی دن تک بغیر پانی آزمایا (زبور 81:7)۔ اور اِس آزمائش کا مقصد یہ تھا کہ وہ یہ بھروسا کرنا سیکھیں کہ خدا ہمیشہ اُن کی ضرورت پوری کرے گا (زبور 81:8-9)۔ لیکن مریبہ نامی جگہ پہنچنے کے بعد اسرائیل نے یہ خواہش کی کہ وہ مصر واپس چلے جائیں۔ اُنہوں نے تو خدا پر یہ الزام بھی لگایا کہ اُس نے اُنہیں صرف اِس لیے چھڑایا کہ اُنہیں ریگستان میں مار ڈالے (گنتی 20:1-13)۔ لیکن پھر خدا نے معجزانہ طور پر ایک خشک چٹان کو چیر دیا، اُس میں سے پانی جاری کر دیا اور اُن کی ضرورت پوری کی (زبور 81:10)۔ مگر یہ فراہمی پانے کے بعد بھی اسرائیل ہٹ دھرمی سے خدا کی بھلائی کو رد کرتا اور اُس پر شک کرتا رہا۔ وہ آزمائش میں ناکام ہوئے (زبور 81:11-12)۔
زبور نویس اُنہیں خبردار کرتا ہے کہ خیموں کی عید مناتے ہوئے وہ اپنے ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں۔ اسرائیل کو اپنے خدا پر بھروسا اور اُس کی فرمانبرداری کرنی ہوگی، اور اگر وہ ایسا کریں تو خدا اُنہیں ہٹ دھرم دلوں کے حوالے نہیں کرے گا (زبور 81:13-14)۔ بلکہ وہ اُنہیں پہلے کی طرح چھڑائے گا اور اُنہیں بہترین کھانے اور پینے کی چیزیں دے گا (زبور 81:15-16)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
بیابان میں خدا کی طرف سے پانی کی فراہمی خیموں کی عید منانے کا مرکزی حصہ بن گئی۔ جب یسوع بالغ ہو چکے تھے، تو ہفتہ بھر جاری رہنے والے اِس تہوار کے ہر دن ایک جلوس نکالا جاتا تھا۔ اسرائیل کے کاہن قریبی تالاب سے گیلنوں کے حساب سے پانی بھرتے اور اُسے جلوس کی صورت میں یروشلیم کی گلیوں سے گزارتے۔ جب وہ ہیکل پہنچتے تو ایک بڑا ہجوم یہ دیکھتا کہ پانی قربان گاہ پر اُنڈیلا جا رہا ہے، اِس یاددہانی کے طور پر کہ خدا آج بھی اپنے لوگوں کی ضرورتیں پوری کرتا ہے۔
اور عین اِسی لمحے یسوع ہیکل کے صحن میں کھڑے ہو کر فرماتے ہیں کہ جو پانی وہ اُنڈیل رہے ہیں اور جس فراہمی کا وہ جشن منا رہے ہیں، وہ دراصل خود اُن ہی کے بارے میں ہے (یوحنا 7:1-44)۔ خدا کے لوگوں کے دل اب بھی چٹانوں کی طرح سخت اور خشک ہیں، لیکن اگر وہ یسوع کے پاس آئیں تو وہ اُن کے ہٹ دھرم دلوں پر ضرب لگا کر اُنہیں پھیر دیں گے، تاکہ اُن سے خدا کی فراہمی پر رضامند اور خوشی سے بھرا بھروسا بہہ نکلے (یوحنا 7:37)۔ یسوع یہ آشکارا کرتے ہیں کہ موسیٰ نے ایک پوری قوم کی پیاس تو بجھائی، مگر اُن کے دل نہ بدلے۔ چنانچہ یسوع اعلان کرتے ہیں کہ وہ خدا کے لوگوں کے دلوں کو اِس طرح بدلنے آئے ہیں جس طرح موسیٰ کبھی نہ کر سکے۔ یسوع پانی کے پیالے بانٹنے نہیں آئے، بلکہ اِس لیے آئے کہ خدا کے لوگوں کے پتھریلے دلوں کو اِس بات پر بھروسا کرنے والا بنا دیں کہ خدا ہمیشہ اُن کی ضرورت پوری کرے گا (یوحنا 7:38)۔
بیابان میں اسرائیل کی طرح سب انسان ہٹ دھرم اور ناشکرے ہیں، خاص طور پر جب ایسا لگے کہ خدا ہمیں آزما رہا ہے۔ لیکن یسوع وعدہ کرتے ہیں کہ اگر ہم اُن کے پاس آئیں تو وہ ہمارے شکوں اور ہٹ دھرمی کو بھروسے اور فرمانبرداری میں بدل دیں گے۔ اور اُس چٹان کی طرح جس نے ایک ہٹ دھرم اسرائیل کی پیاس بجھائی، یسوع یہ وعدہ بھی کرتے ہیں کہ ہمارے وہ دل جو پہلے پتھریلے تھے، زندہ پانی سے بہہ نکلیں گے، تاکہ ہمارے ارد گرد کے ہٹ دھرم اور پتھر دل لوگوں کو فائدہ پہنچے اور وہ بھی بدل جائیں۔ پس، یسوع کے پاس آئیں۔ اُنہیں اجازت دیں کہ آپ میں سے پانی کی ندیاں بہا دیں، تاکہ آپ دوسروں کی بھلائی کے لیے خدا پر بھروسا کریں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو بیابان میں اپنے بڑبڑانے والے اور بھول جانے والے لوگوں کو فضل سے پانی دیتا ہے۔ اور خدا کرے کہ آپ یسوع کو اُسی کے طور پر دیکھیں جو ہمارے پتھریلے دلوں کو زندہ پانی کے چشموں میں بدل دیتے ہیں۔

