کیا ہو رہا ہے؟
زبور نویس یروشلیم کی ہیکل کی زیارت کے لیے جانا چاہتا ہے، مگر دل شکن بات یہ ہے کہ وہ نہیں جا سکتا۔ اُس کے لیے ہیکل اُس کی پیاری دُلہن ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اُسے ایک لمحہ بھی اُس کی بارگاہوں اور خدا کی حضوری سے دُور نہ گزارنا پڑے (زبور 84:1-2)۔ اُسے اُن سب چڑیوں پر رشک آتا ہے جو ہیکل کے صحن میں آتی جاتی ہیں۔ وہ اُس قربان گاہ کے عین پاس اپنے گھونسلے بنا سکتی ہیں جہاں کاہن قربانیاں چڑھاتے اور خدا کی معافی حاصل کرتے ہیں۔ وہ چاہتا ہے کہ وہ بھی اُن جیسا ہو اور خدا کے اِتنے قریب ہونے کی برکتوں کا ایک بار پھر تجربہ کرے (زبور 84:3-4)۔
زبور نویس یہ بھی چاہتا ہے کہ وہ اُن لوگوں کے ساتھ شامل ہو سکے جو اِس وقت یروشلیم کی زیارت کے لیے جا رہے ہیں۔ اُس نے یہ سفر پہلے کیا ہے اور وہ جانتا ہے کہ راستے میں سفر کرتے ہوئے بھی خدا کی حضوری زیارت کرنے والوں سے ملتی ہے۔ وہ گھر سے جتنا دُور ہوتے جاتے ہیں، خدا اُنہیں اُتنی ہی زیادہ قوت بخشتا ہے، اور خشک اور خطرناک راستوں کو ایسا آسان بنا دیتا ہے جیسے کسی سرسبز اور خوب سیراب باغ کی راہیں ہوں (زبور 84:6-7)۔ لیکن چونکہ وہ اپنے ہم وطنوں کے ساتھ شامل ہو کر خدا کے گھر کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھ سکتا، اِس لیے وہ خدا سے التجا کرتا ہے کہ بادشاہ کی حفاظت کرے—وہ حاکم جسے خدا نے ہیکل کی حفاظت کے لیے مقرر کیا تھا تاکہ اُس جیسے دوسرے زیارتی یہ سفر کر سکیں (زبور 84:8-9)۔
ہیکل سے ایک طویل جدائی کے بعد، زبور نویس جانتا ہے کہ وہ چند دن جو اُس نے خدا کی حضوری میں گزارے ہیں اُن ہزاروں دنوں سے بہتر ہیں جو اُس نے اُس سے باہر برداشت کیے (زبور 84:10)۔ حقیقت میں، ایک لمحے کے لیے بھی خدا کے قریب ہونا کسی بھی چیز کے ہزار سے بہتر ہے! اگر ہو سکتا تو وہ اِس پر بھی راضی ہو جاتا کہ ایک خدمت گزار کی طرح خدا کی ہیکل کے پاس ہی کھڑا رہے، کیونکہ خدا سورج کی مانند ہے۔ جو کوئی قریب کھڑا ہوتا ہے وہ گرمی پاتا ہے، برکت پاتا ہے، اور اُسے زندگی ملتی ہے (زبور 84:11)۔ مگر زبور نویس یہ بھی جانتا ہے کہ جو کوئی خدا کے ساتھ ہونے کی آرزو کرتا ہے، فاصلے کے باوجود وہ اُس سے برکت پائے گا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
زبور نویس کی طرح، ہم میں سے بہت سے لوگ خود کو خدا سے دُور محسوس کرتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ کیا ہم کبھی پھر اُس کی معافی اور برکت کا تجربہ کریں گے۔ شکر ہے کہ خدا نے زبور نویس کی آرزو کا جواب دیا، مگر اُسے اور دوسرے زیارتیوں کو بالآخر ہیکل تک سفر کرنے کی اجازت دے کر نہیں، بلکہ یسوع کو بھیج کر۔ وہی اُن کے لیے خدا کی آخری ہیکل ہے۔ یسوع میں، خدا کی حضوری، قوت اور معافی کے لیے زبور نویس کی گہری آرزوئیں پوری ہوتی ہیں—کسی زیارتی کی ہیکل کے لیے غیرت اور اُس کی طرف سفر سے نہیں، بلکہ خدا کی اپنے لوگوں کے لیے غیرت اور اُن کی طرف سفر سے (یوحنا 6:38)۔
یسوع نے ہمیں بتایا کہ وہی اپنے لوگوں کی آخری ہیکل ہے (یوحنا 2:19-21)۔ اِس لیے نہیں کہ وہ کوئی عمارت بن جائے گا، بلکہ اِس لیے کہ اپنے ہی بدن میں وہ ہمیشہ کے لیے وہ سب حاصل کر دے گا جو ہیکل اور اُس کی قربانیاں ہمیشہ فراہم کرنا چاہتی تھیں۔ یعنی، خدا کے اپنے لوگوں کو معاف کرنے کے وسیلے سے خدا کی حضوری تک رسائی۔ ہم خدا کی حضوری میں یروشلیم کا سفر کر کے نہیں آتے، بلکہ صرف خدا کی ہیکل—یعنی یسوع کا رُوح—سے یہ درخواست کر کے کہ وہ ہمارے پاس آئے۔
زبور نویس نے خدا سے بادشاہ کی حفاظت کی بھی درخواست کی تھی تاکہ وہ ہیکل کی حفاظت کرے جب تک وہ خود وہاں پہنچ جائے۔ اور یسوع ہی وہ بادشاہ ہے جو ہم جیسے زیارتیوں کے فائدے کے لیے خدا کی ہیکل کی حفاظت کرتا ہے (عبرانیوں 1:3-4)۔ یسوع بادشاہ ہماری آخری قربانی کے طور پر مر کر ہیکل کی حفاظت کرتا ہے۔ صلیب پر اپنی موت میں وہ نہ صرف ایسی معافی اور برکت حاصل کرتا ہے جس کا کوئی مقابلہ ہیکل میں جانوروں کی موت نہیں کر سکتی، بلکہ وہ اُن برکتوں کو دائمی اور ابدی بھی بنا دیتا ہے (عبرانیوں 10:4)۔ لیکن یسوع بادشاہ نے اپنے بدن کی ہیکل کو مُردہ نہیں رہنے دیا، اُس نے اُسے جِلا اُٹھایا تاکہ وہ پھر کبھی نہ مرے۔ یسوع بادشاہ سب سے بڑے دشمن پر فتح مند ہوا ہے، اور اُس کی ہیکل پھر کبھی خطرے میں نہ پڑے گی۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ خدا کی حضوری، اُس کی برکت، اور اُس کی معافی ہمیشہ اُن سب کے لیے تیار اور منتظر رہے گی جو اُسے قبول کرنا چاہتے ہیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کے ساتھ رہنا اور اُنہیں برکت دینا چاہتا ہے۔ اور آپ یسوع کو خدا کے بادشاہ اور ہیکل کے طور پر دیکھیں، جو اُس کی حضوری اور برکت کو ہمیشہ کے لیے قائم کرتا ہے۔

