کیا ہو رہا ہے؟
زبور 91 اِس حقیقت کا جشن مناتا ہے کہ بدی اُن لوگوں کو شکست نہیں دے سکتی جو خدا پر بھروسا رکھتے ہیں (زبور 91:1-2)۔ اگرچہ خطرات زبورنویس کو ڈراتے ہیں، پھر بھی وہ جانتا ہے کہ خدا اُنہیں چھڑائے گا جو اُس سے محبت رکھتے ہیں، اُن کی حفاظت کرے گا جو اُس پر بھروسا کرتے ہیں، اور اُنہیں جواب دے گا جو مدد کے لیے اُسے پکارتے ہیں (زبور 91:15-16)۔ وہ خدا کی حفاظت پر اِس قدر پُریقین ہے کہ اُس کے چاروں طرف کے خطرات اُسے حقیقی خطرہ دکھائی ہی نہیں دیتے۔ وہ خدا کو اُن سپروں اور فصیلوں سے تشبیہ دیتا ہے جو فوجیوں کو بچاتی ہیں، اور اُس پرندے سے جو اپنے پَروں تلے اپنے بچوں کو پناہ دیتا ہے (زبور 91:3-4)۔ زبورنویس کو یقین ہے کہ آخرکار کوئی چیز اُس کی جان کو خطرے میں نہیں ڈال سکتی، کیونکہ وہ خدا پر بھروسا رکھتا ہے۔
خدا اِتنا قادر ہے کہ وہ بدی کو جیتنے نہیں دے گا۔ خدا ایسی یقینی پناہ ہے کہ ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں، خواہ وبائیں اور جنگیں تباہی مچائیں اور ہزاروں کو ہلاک کر ڈالیں (زبور 91:7-8)۔ اِن خطروں کے درمیان بھی زبورنویس جانتا ہے کہ خدا اُس کے ساتھ ہے، اِس لیے وہ بے فکر ہو کر گلیوں میں چل سکتا ہے اور بغیر خوف کے سو سکتا ہے (زبور 91:5-6)۔ جب شریر لوگ شہر میں گھات لگائے پھرتے ہوں اور اندیکھی دہشتیں رات کو ستاتی ہوں، تب بھی کوئی بدی خدا کے حصار کو توڑ نہیں سکتی۔ خدا ایسی پناہ گاہ ہے جس تک بدی پہنچ ہی نہیں سکتی (زبور 91:9-10)۔ اُس کے فرشتے گلیوں میں پہرہ دیتے ہیں اور رات کو زبورنویس کے گھر کی نگہبانی کرتے ہیں (زبور 91:11-12)۔ وہ جانتا ہے کہ جب اُس کی زندگی میں ایسا دکھائی بھی دے کہ بدی جیت رہی ہے، تب بھی خدا ہی اُس کا محافظ ہے اور آخرکار وہی اُسے بچائے گا۔
زبورنویس کا اعتماد کسی خوش فہمی پر نہیں بلکہ خود خدا پر قائم ہے (زبور 91:14)۔ خدا نے وعدہ کیا کہ وہ مصیبت میں اُس کے ساتھ ہو گا اور جب وہ پکارے گا تو اُسے جواب دے گا۔ چونکہ یہ وعدہ خود خدا نے کیا ہے، اِس لیے زبورنویس بغیر کسی فکر کے اُس کا انتظار کرتا ہے، کیونکہ کوئی بدی اُنہیں شکست نہیں دے سکتی جو خدا پر بھروسا رکھتے ہیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اگرچہ خدا کے لوگ کسی نہ کسی طرح ہمیشہ خطرے میں رہیں گے، پھر بھی زبورنویس کو یقین ہے کہ خدا اُن کی حفاظت کرے گا جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ خدا اِتنا نیک اور اِتنا قادر ہے کہ وہ بدی کو جیتنے نہیں دے گا۔ اِس کے علاوہ، خدا نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے لوگوں کی مصیبت میں اُن کے ساتھ ہو گا اور جب وہ مدد کے لیے پکاریں گے تو وہ اُنہیں جواب دے گا (زبور 50:15)، لیکن خدا نے حفاظت کا اپنا یہ وعدہ آخرکار تب پورا کیا جب وہ یسوع کی شخصیت میں انسان بنا۔
یسوع نے اپنی زندگی اُن لوگوں کو شفا دینے میں گزاری جو بیماریوں سے خطرے میں تھے، اور اُن کی حفاظت کرنے میں جن پر بدروحوں کی قوتیں حملہ آور تھیں۔ جب یسوع نے آنے والے خطرے کا ذکر کیا تو اُس نے آرزو کی کہ وہ اُس مرغی کی مانند ہو جو اپنے بچوں کی حفاظت کرتی ہے (متی 23:37)۔ یسوع ہی زبور 91 کا محافظ ہے۔
لیکن جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، بہت سے نیک لوگ جو خدا پر بھروسا رکھتے ہیں، شریر لوگوں کے ہاتھوں دُکھ اُٹھاتے ہیں۔ یسوع بھی اِس سے مستثنیٰ نہ تھا۔ اُسے بُرے اور ظالم لوگوں نے گرفتار کیا، اذیت دی اور قتل کر دیا۔ اور تین دن تک ایسا لگا جیسے بدی نے خدا کے حصار کو توڑ ڈالا ہو۔ لیکن جس رات وہ گرفتار ہوا، اُسی رات یسوع نے اپنے قریبی پیروکاروں سے کہا کہ اُنہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ وہ اِس دنیا کی تمام قوتوں پر غالب آئے گا (یوحنا 16:33)۔ اور تین دن بعد یسوع نے بالکل ایسا ہی کیا۔ یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ اُسی لمحے اُس نے موت کو اور اُن سب کو جو موت کی طاقت چلانے کی کوشش کرتے ہیں، ہمیشہ کے لیے نہتا کر دیا (کلسیوں 2:15)۔ جو لوگ اپنی حفاظت کے لیے یسوع پر بھروسا کرتے ہیں، وہ ایسا اطمینان پا سکتے ہیں جو اُن کے گرد منڈلاتے خطروں سے درہم برہم نہیں ہوتا (یوحنا 14:27)۔ اُس کے جی اُٹھنے کی وجہ سے بدی اُن لوگوں کو کبھی شکست نہیں دیتی جو یسوع پر بھروسا رکھتے ہیں۔ اگر ہم دن بھر موت کا سامنا بھی کریں، تب بھی ہم فتحیاب ہوں گے، کیونکہ موت بھی ہمیں خدا کی محبت اور یسوع میں اُس کی نجات بخش قدرت سے جدا نہیں کر سکتی (رومیوں 8:36-38)۔ یسوع وہ پناہ گاہ ہے جس تک نہ موت پہنچ سکتی ہے اور نہ بدی، اور ہر وہ شخص محفوظ ہے جو یسوع کو اپنی پناہ بناتا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو آپ کے ساتھ رہنے کا وعدہ کرتا ہے اور اُن کی حفاظت کرتا ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں پناہ دیتا اور ہر بدی سے چھڑاتا ہے۔

