کیا ہو رہا ہے؟
خدا نے چھ دن میں دنیا کو بنایا، اور ساتویں دن اُس کی دنیا نے آرام کیا، کیونکہ خدا نے اپنی مخلوق کی ہر ضرورت پوری کر دی تھی (پیدائش 2:1-2)۔ اور اُس پہلے پُرسکون سبت کے دن سے خدا نے اپنی بادشاہی کے ہر شہری کو حکم دیا ہے کہ ہر ہفتے کے ساتویں دن آرام کرے۔ زبور 92 اِس مقصد سے لکھا گیا کہ ہر سبت کو گایا جائے، اور یہ خدا کی ایک ایسے ابدی بادشاہ کے طور پر تعریف کرتا ہے جو ہر رات اپنے شہریوں کی ضرورتیں پوری کرتا ہے تاکہ وہ اپنے کام سے آرام پا سکیں (زبور 92:1-3)۔ زبورنویس اپنی ابتدا خدا کی حمد سے کرتا ہے کہ وہ ایک محنتی بادشاہ ہے جس نے اپنا پورا ہفتہ دنیا کو قائم رکھنے اور اُس کی ضرورتیں پوری کرنے میں گزارا ہے (زبور 92:4-5)۔ اگرچہ کچھ لوگ ناراست طریقوں اور شریر راہوں سے اپنی ضرورتیں پوری کرتے اور خود کو قائم رکھتے ہیں، لیکن زبورنویس یہ گاتا ہے کہ صرف وہی لوگ ہمیشہ کے لیے اُس کی بادشاہی میں سرسبز رہیں گے جو سبت کے بادشاہ کی فراہمی میں آرام پاتے ہیں۔ جو خدا کی بادشاہت اور سبت کے آرام کو رد کرتے ہیں، اُن کا انجام یہ ہے کہ وہ اُس گھاس کی مانند ہو جائیں گے جو تھوڑی ہی دیر بعد مُرجھا جاتی ہے (زبور 92:6-9)۔
لیکن اُن سب کے لیے جو خدا کی فراہمی میں آرام پاتے ہیں، خدا اپنے لوگوں کو یوں تازہ دم کرے گا جیسے ایک فیاض میزبان اپنے معزز مہمانوں کی خاطرداری کرتا ہے (زبور 92:10-11)۔ اُس کی بادشاہی میں تھکے ہوئے شہری اپنے بدن کے لیے آرام پائیں گے اور بڑھاپے میں بھی مضبوط رہیں گے۔ جو خدا کے سبت کو رد کرتے ہیں اُن کے برعکس، جو آرام پاتے ہیں وہ طاقتور دیودار کے درختوں کی مانند ہوں گے؛ جتنے وہ بوڑھے ہوتے جائیں گے، اُتنے ہی زیادہ مضبوط اور پھل دار بنتے جائیں گے (زبور 92:12-14)۔ سبت کا یہ گیت اِس بلاوے پر ختم ہوتا ہے کہ خدا کی بادشاہی کا ہر فرد یہ اعلان کرے کہ خدا ایک فیاض اور محنتی بادشاہ ہے، جو اُس چٹان کی مانند ہے جو کبھی نہیں بدلتی، اور جو اپنے لوگوں کی ضرورتیں پوری کرنا کبھی نہ چھوڑے گا (زبور 92:15)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
آخرکار، خدا، وہ ابدی بادشاہ، اپنے بیٹے یسوع کی حکمرانی کے ذریعے آرام عطا کرتا ہے اور اپنے سب لوگوں کی ضرورتیں پوری کرتا ہے۔ زمین پر اپنے وقت کے دوران یسوع نے خدا کی بادشاہی کے آنے کا اعلان کیا اور کمزوروں اور کام سے تھکے ہوؤں کو بلایا کہ آرام کے لیے اُس کے پاس آئیں (متی 4:17؛ 11:28)۔ یسوع کے کام کے ہفتے ایسے اعمال سے بھرے تھے جو اُس کے شہریوں کو آرام دیتے تھے۔ اُس نے بیماروں کو شفا دے کر تندرست کیا، بدروحوں اور بیماریوں کے ستائے ہوؤں کو رِہائی دی، بھوکوں کی میزبانی کی، اور خدا کی بادشاہی کی تعلیم دی (لوقا 9:11، 16-17)۔ اور جس طرح اُس نے تخلیق کے پہلے دن تاریکی سے روشنی نکالی، اُسی طرح یسوع نے لوگوں کو اُن کی قبروں کی تاریکی سے جِلایا (لوقا 7:14-15؛ یوحنا 11:43-44)۔ یسوع ہی سبت کا حتمی بادشاہ ہے جو اپنے باپ کے ساتھ مل کر اپنے شہریوں کو آرام دیتا ہے اور اُنہیں موت سے پار ایک طویل زندگی عطا کرتا ہے۔
لیکن کچھ لوگوں نے یسوع کی آرام کی بادشاہی کو چیلنج کیا۔ یسوع کے زمانے کے مذہبی رہنماؤں نے سبت کے دن کھلانے اور شفا دینے پر اُسے ملامت کی (متی 12:1-8؛ لوقا 13:10-14)۔ لیکن یسوع اُنہیں یاد دلاتا ہے کہ خدا کے لوگوں کو آرام دینا سبت کے بادشاہ ہی کا کام ہے (لوقا 13:15-16)۔ یسوع، آرام کا بادشاہ، اپنے کمزور اور بھوکے لوگوں کی ضرورتیں پوری کرنے آیا تھا۔ وہ اُنہیں زندگی دینے آیا، ایسی زندگی جو ہمیشہ کے لیے پھل دار ہو (یوحنا 10:10؛ 15:16)۔ تاہم کچھ لوگ شریرانہ طور پر اپنی ہی بادشاہیوں کو بچانے کے لیے کام کر رہے تھے۔ مذہبی رہنماؤں نے یسوع سے نفرت کی کیونکہ اُس نے اپنے آپ کو اُن کا بادشاہ کہا، اور اُنہوں نے اُسے قتل کر دیا۔ لیکن یسوع کی موت اپنے لوگوں کی ضرورتیں پوری کرنے میں گزاری ہوئی ایک طویل زندگی کے بعد ایک سبت کے آرام سے بڑھ کر کچھ نہ تھی (عبرانیوں 4:9)۔ اور صرف تین دن بعد یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا اور ساری مخلوق پر اپنے تخت پر بیٹھنے کے لیے آسمان پر چڑھ گیا (لوقا 24:50-51)۔ اب یسوع ہمیشہ کے لیے بادشاہ کے طور پر حکومت کرتا ہے، اور وہ ہر وقت کام کر رہا ہے تاکہ اُن کو زندگی بخشے جو اُس میں آرام پاتے ہیں۔ تو آئیے اور یسوع میں آرام پائیے۔ اُسے اجازت دیجیے کہ وہ آپ کو قائم رکھے اور اپنی بادشاہی میں آپ کو آرام دے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمیں اپنی آرام کی بادشاہی میں بلاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیشہ کے لیے خدا کی آرام کی بادشاہی اپنے لوگوں تک لاتا ہے۔

