کیا ہو رہا ہے؟
زبور 97 اِس بات کا جشن مناتا ہے کہ اسرائیل کا خدا کسی بھی دوسری قوم کے معبود سے زیادہ حقیقی اور قادر ہے (زبور 97:1)۔ کسی اَور قوم کے معبودوں نے خود کو اُس طرح ظاہر نہیں کیا جس طرح خدا نے اپنے آپ کو اسرائیل کے لوگوں پر ظاہر کیا۔ کوہِ سینا پر خدا ایسے کان پھاڑ دینے والے گرجتے بادل میں ظاہر ہوا جس نے پہاڑ کی چوٹی کو تاریکی میں لپیٹ لیا، ہر طرف بجلیاں چمکائیں، اور پہاڑ کو زور سے ہلا دیا (خروج 19:16؛ زبور 97:2-5)۔ کسی اَور قوم کا معبود نہ پہاڑوں کو ہٹا سکتا ہے نہ بجلی کو گرنے کا حکم دے سکتا ہے، لیکن اسرائیل کا خدا یہ کر سکتا ہے (زبور 97:3-4)۔ صرف یہی نہیں بلکہ رات کے آسمان کا ہر ستارہ اُسی کے ہاتھ نے وہاں رکھا ہے۔ ہر رات دنیا خدا کی بےمثال قدرت کی روشنی میں نہاتی ہے (زبور 97:6)۔ وہ معبود اور اُن کے پوجنے والے اسرائیل کے خدا کے سامنے شرمندہ ہوتے ہیں، جو ہر نام نہاد معبود سے زیادہ حقیقی اور قادر ہے (زبور 97:7)۔
چنانچہ دوسری قوموں کے جھوٹے معبودوں پر خدا کی اِس قدرت کے پیشِ نظر، خدا کے لوگ خوشی منا سکتے ہیں۔ اپنے لوگوں کے لیے خدا کی حفاظت اور نگہبانی کو اُن کے چاروں طرف کی دنیا کے بےحقیقت معبود کبھی باطل نہیں کر سکتے (زبور 97:8-10)۔ جہاں خدا کی بجلی اُس کے دشمنوں کے دلوں میں دہشت بٹھاتی ہے، وہیں خدا کا نور اُس کے لوگوں کے لیے اُس کے عدل و انصاف کی نرم یاد دہانی ہے۔ خدا کے لوگ اطمینان سے خوشی منا سکتے ہیں کہ اُن کے نہایت حقیقی اور قادر خدا نے اُن کے لیے خوشی اور انصاف کی زندگی محفوظ کر دی ہے (زبور 97:11-12)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل کے حقیقی اور قادر خدا نے اُن کی تاریخ کے دوران کئی بار اپنے لوگوں پر خود کو ظاہر کیا۔ لیکن خدا نے اپنے وجود اور اپنی قدرت کا سب سے شاندار مظاہرہ اُس وقت کیا جب وہ یسوع نامی انسان بنا (عبرانیوں 1:1-3؛ یوحنا 1:14)۔ بہت سے معجزوں کے ذریعے اُس نے آندھیوں، بیماریوں اور روحانی قوتوں پر اپنی قدرت دکھائی (مرقس 4:37-39، 5:25-29، 9:25-27)۔ جیسے خدا نے سینا پر کیا تھا، ویسے ہی یسوع نے ایک پہاڑ پر اپنی الٰہی قدرت ظاہر کی۔ اُس کا چہرہ بجلی کی طرح چمکا اور ایک طوفان نے اُسے گھیر لیا (متی 17:1-2؛ لوقا 9:29)۔ لیکن یسوع کا قدرت کا سب سے حیرت انگیز مظاہرہ اُس کی موت کے تین دن بعد ہوا (مرقس 10:33-34)۔ یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا اور اُس نے باقی سب معبودوں اور بُتوں کو شرمندہ کر دیا (کلسیوں 2:15)۔ یسوع مُردوں اور زندوں، دونوں کا خدا ہے۔ وہ اُن سب کے لیے قیامت کی زندگی کی ضمانت دیتا ہے جو اپنے بُتوں کو چھوڑ کر اُس کی عبادت کرتے ہیں (یوحنا 10:10)۔ یسوع کسی بھی اَور خدا سے زیادہ قادر اور حقیقی ہے، اِس لیے ہمیں اُس کے جی اُٹھنے کا جشن منانا اور اُس کی عبادت کرنی چاہیے۔
یسوع صرف بنی اسرائیل ہی کی نہیں بلکہ ساری دنیا کی عبادت کے لائق ہے۔ سب قوموں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنے بُتوں کو چھوڑ دیں اور یہ مانیں کہ خدا نے یسوع میں اپنے آپ کو ظاہر کیا ہے۔ جو کوئی اپنے بُتوں سے پھر کر یسوع کی طرف آئے گا، اُس کا استقبال خوشی اور انصاف کی اُس کی ابدی بادشاہی میں ہمیشہ کے لیے کیا جائے گا (1 تھسلنیکیوں 1:9-10)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہر نام نہاد معبود سے کہیں بالاتر ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہر کمتر قوت پر غالب آیا اور آپ کی عبادت کے لائق ہے۔

