کیا ہو رہا ہے؟
حزقی ایل نبی دو نبوّتیں سناتا ہے جن میں وہ بتاتا ہے کہ خدا اُس عہد کے معاہدے کو کیوں منسوخ کرنے والا ہے جو اُنہوں نے مدتوں پہلے اُس کے ساتھ باندھا تھا۔ اپنی قوم کی بنیاد رکھے جانے کے وقت وہ، ایک ہونے والی دلہن کی طرح، کوہِ سینا پر یہ وعدہ کر چکے تھے کہ وہ خدا سے محبت رکھیں گے اور اُس کی شریعت پر عمل کریں گے (خروج 24:7)۔ خدا نے وعدہ کیا کہ وہ ایک اچھے شوہر کی طرح وفاداری سے اُن کی ضروریات پوری کرے گا، اُن کی حفاظت کرے گا اور اُنہیں برکت دے گا۔ لیکن اسرائیل کی پوری تاریخ میں اُس کے بادشاہوں اور رہنماؤں نے لوگوں کو اُس ازدواجی عہد سے، جو اُنہوں نے خدا کے ساتھ باندھا تھا، ہٹا کر جھوٹے عاشقوں، یعنی بتوں، کی طرف مائل کیا۔ چونکہ اسرائیل نے خدا کے ساتھ اپنا عہد توڑ دیا، اس لیے حزقی ایل کہتا ہے کہ خدا نے اپنی برکت اور حفاظت واپس لے لی ہے، اور ایک اجنبی قوم جلد ہی اسرائیل سے تمام بت پرستوں کو جڑ سے اُکھاڑ دے گی اور اُن جھوٹے بتوں کو تباہ کر دے گی جو اُنہوں نے بنائے ہیں۔
حزقی ایل کی پہلی نبوّت پہاڑوں پر بنی اُن عبادت گاہوں کے خلاف ہے جہاں لوگوں نے قربان گاہیں بنائیں اور غیر معبودوں کے ساتھ خدا کے مقابل عہد باندھے (حزقی ایل 6:1-3)۔ اُس عہد کو ٹھکرانے کے سبب جو خدا نے ایک پہاڑ پر اُن کے ساتھ باندھا تھا، خدا خبردار کرتا ہے کہ اُونچی جگہوں پر بنی یہ قربان گاہیں ڈھا دی جائیں گی، اور جو اُن کے بتوں سے محبت رکھتے تھے وہ گر پڑیں گے اور اُن بے جان معبودوں کے پاس مُردہ پڑے رہیں گے جنہیں اُنہوں نے خود بنایا تھا (حزقی ایل 6:4-7،13-14)۔ جو تھوڑے سے لوگ ہلاکت سے بچ نکلیں گے اُنہیں جلاوطنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن وہاں، جلاوطنی میں، وہ خدا کو ایک شکستہ دل عاشق کے طور پر یاد کریں گے جس نے حق بجانب طور پر اپنی عہد کی دلہن کی وفاداری کے لیے جدوجہد کی (حزقی ایل 6:8-10)۔
حزقی ایل کی دوسری نبوّت میں خدا اسرائیل سے کہتا ہے کہ اُن کا سارا ملک بت پرستی سے ناپاک ہو چکا ہے۔ خدا کی قوم کا کوئی حصہ ایسا نہیں جو اُن کے غیر معبودوں کی بُری اور خونریز رسموں سے اچھوتا رہا ہو۔ اپنے لوگوں کی ضروریات پوری کرنے، اُن کی حفاظت کرنے اور اُنہیں برکت دینے کے بجائے، وہ اُن کی ساری بدی کا خاتمہ کرے گا اور ایک کے بعد دوسری آفت کے ذریعے ملک کو اُس کے مکروہات سے پاک کرے گا (حزقی ایل 7:1-9)۔ تلوار، وبا اور کال نہ صرف اُن کی عبادت گاہوں کو پاک کریں گے بلکہ اسرائیل کے زناکار لوگوں کو بھی ہلاک کر دیں گے (حزقی ایل 7:15)۔ اسرائیل کی معیشت تباہ ہو جائے گی، لوگ یا تو قتل کیے جائیں گے یا اسیر کر لیے جائیں گے، اور اُن کی ملکیت چھین لی جائے گی (حزقی ایل 7:10-19)۔ کچھ لوگ خدا کی عدالت سے بچ جائیں گے، تاہم ہلاکت مکمل ہوگی (حزقی ایل 7:16-20)۔ اور اسرائیل میں کوئی بھی اُسے روک نہ سکے گا (حزقی ایل 7:23-27)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل کی زناکارانہ بت پرستی نے اُس ازدواجی عہد کو توڑ دیا جو خدا نے اُن کی قوم کی بنیاد کے وقت اُن کے ساتھ باندھا تھا۔ لیکن اگرچہ اسرائیل نے اپنے شوہر کو چھوڑ دیا، خدا نے نہ اپنی دلہن کو چھوڑا اور نہ اپنے اُن وعدوں کو کہ وہ اپنے لوگوں کی ضروریات پوری کرے گا، اُن کی حفاظت کرے گا اور اُنہیں برکت دے گا۔ اپنے لوگوں کی طرف سے عہد کی بے وفائی کے باوجود وہ اپنی طرف سے وفادار رہے گا۔ یسوع کی شخصیت میں وہ اپنے لوگوں کے لیے ایک نیا عہد فراہم کر کے وفاداری سے اُن کی ضروریات پوری کرے گا، اُن کی حفاظت کرے گا اور اُنہیں برکت دے گا۔
اپنی موت سے ایک رات پہلے یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ اُس کا توڑا گیا بدن اور بہایا گیا خون خدا کے ساتھ ایک نئے عہد کی ابتدا کریں گے (لوقا 22:20)۔ اِس عہد میں خدا کا اپنے لوگوں کے ساتھ رشتہ نئی شرائط پر قائم ہوگا۔ پہلے کی طرح خدا اپنے لوگوں کا وفادار رہے گا اور اُن کی حفاظت کرے گا، لیکن پہلے کے برعکس خدا اپنے بے وفا اور زناکار لوگوں کو پاک کر کے ایک وفادار اور ثابت قدم دلہن بنا دے گا۔ خدا کے ساتھ اسرائیل کے پہلے عہد میں کوئی بت، بادشاہ، نبی یا کاہن اسرائیل کے دلوں کو پاک کر کے اُنہیں اُن کی زناکارانہ راہوں سے نہ پھیر سکتا تھا۔ لیکن نئے عہد میں یسوع اپنے خون سے ہمارے ناپاک دلوں کو پاک کرتا ہے اور اپنی رُوح کے وسیلے سے ہمیں وفادار عاشق بنا دیتا ہے۔
یہ نیا عہد کبھی نہیں ٹوٹے گا اور ہمیشہ قائم رہے گا۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ یسوع نے نہ صرف اِسے قائم کرنے کے لیے اپنی جان دی بلکہ اِسے ہمیشہ کے لیے برقرار رکھنے کو مُردوں میں سے جی بھی اُٹھا۔ یسوع کے نئے عہد کی برکتیں اور حفاظت ابد تک قائم رہیں گی۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ رُوح القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے عہد کا وفادار رہتا ہے خواہ اُس کے لوگ وفادار نہ ہوں۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے خدا کے لوگوں کے لیے محبت کا ایک نیا عہد قائم کرنے کے لیے اپنی جان دی۔

