کیا ہو رہا ہے؟
جنوبی یہوداہ میں خدا کے لوگ شمالی اسرائیل اور طاقتور قوم ارام کے حملے کی زد میں ہیں۔ یہ قومیں سرگرمی سے یہوداہ کے بادشاہ آخز کے قتل کی سازش کر رہی ہیں (2 سلاطین 16؛ یسعیاہ 7:5)۔ خوف کے مارے آخز دوسرے ملکوں سے اتحاد باندھنے اور دوسرے معبودوں کی پرستش کرنے لگا تاکہ وہ اُسے اور اُس کی قوم کو بچائیں۔ لیکن یسعیاہ کہتا ہے کہ آخز کو اپنے گرد و پیش کی قوموں سے زیادہ خدا کا خوف ماننا چاہیے۔ آخز کا مستقبل خدا کے ہاتھ میں ہے، اور صرف اُسی پر بھروسا کرنے سے آخز اپنی قوم کو بچا سکتا ہے۔
آخز کو ارام یا اسرائیل سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ خدا جلد ہی ارام کے دارالحکومت کو زمین بوس کر دے گا اور شمالی اسرائیل کی فوجی چوکیوں کو تباہ کر دے گا (یسعیاہ 17:1-3)۔ جس اتحاد سے آخز اِس قدر ڈرتا ہے وہ جلد ٹوٹ جائے گا، اور ارام اور اسرائیل کا وہ جلال جو کبھی ہیبت ناک تھا، مٹ کر فراموشی کی نذر ہو جائے گا (یسعیاہ 17:4-6)۔ جلد ہی اسرائیل اپنے جھوٹے معبودوں کی بےبسی کا اعتراف کرے گا، اپنی بت پرستی کی حماقت کو چھوڑ دے گا، اور ایک بار پھر سچے خدا کی پرستش کرنے لگے گا (یسعیاہ 17:7-11)۔ آخز کے پاس موقع ہے کہ اپنی قوم کی تباہی سے پہلے خدا پر بھروسا کرے۔ وہ ابھی اپنے معاہدوں اور جھوٹے معبودوں کو ترک کر کے خدا پر بھروسا کر سکتا ہے کہ وہی اُس کی قوم کو بچائے گا۔ آخز کو خدا پر اِس لیے بھی بھروسا کرنا چاہیے کہ وہ نہ صرف اُسے اسرائیل اور ارام سے محفوظ رکھے گا بلکہ ہر اُس قوم سے بھی جو اُس پر حملہ کرنے کی کوشش کرے۔ اگرچہ قومیں پانی کی ہولناک دیوار کی مانند دکھائی دیں، خدا کے نزدیک وہ گرد باد کے آگے اُڑتے گھاس پھوس کی مانند ہیں (یسعیاہ 17:12-14)۔ آخز کو صرف خدا سے ڈرنا چاہیے، اور صرف اپنے آپ کو اور اپنی قوم کو اُس کے سپرد کرنے ہی سے وہ بچایا جائے گا۔
یسعیاہ اچانک آخز سے براہِ راست مخاطب ہونا چھوڑ دیتا ہے تاکہ یہی پیغام پوری دنیا کو سنائے۔ وہ کوش کے قاصدوں کو، جو زمین کی انتہا پر واقع قوم ہے، بلاتا ہے کہ باقی سب قوموں کو خبردار کریں کہ خدا جلد ہی ایک سپہ سالار کی طرح آئے گا، جس کے چاروں طرف جنگی جھنڈے اور نرسنگے ہوں گے (یسعیاہ 18:1-3)۔ آخز کی طرح دنیا کو بھی چاہیے کہ خدا سے ڈرے اور اپنی حفاظت کے لیے اُسی پر بھروسا کرے۔ تاہم خدا جلدبازی میں اپنے لشکر کو دنیا کی قوموں پر حملے کا حکم نہیں دیتا۔ بلکہ کارروائی کرنے سے پہلے وہ صبر کے ساتھ دنیا کی سرکشی اور بت پرستی کو دیکھتا رہتا ہے (یسعیاہ 18:4-5)۔ وہ جنگجو کی طرح آنے کے بجائے ایک ماہر باغبان کی طرح آتا ہے۔ وہ پہچانتا ہے کہ کون سی تاکیں پھل لاتی ہیں، جو نہیں لاتیں اُنہیں نہایت باریک بینی سے چھانٹ دیتا ہے، اور کٹی ہوئی ٹہنیوں کو جلنے کے لیے چھوڑ دیتا ہے (یسعیاہ 18:5-6)۔ یسعیاہ کہتا ہے کہ خدا کی یہ چھانٹ پوری دنیا میں ایمان کا پھل پیدا کرے گی۔ وہ قومیں جو کبھی یہوداہ کو تباہ کرنے کی سازش کرتی تھیں، جلد ہی اُس خدا کی تعظیم میں ہدیے لائیں گی جو دنیا پر حکومت کرتا اور اپنے لوگوں کی حفاظت کرتا ہے (یسعیاہ 18:7)۔ اگرچہ یہ نبوتیں دنیا کے لیے ہیں، پھر بھی یہ آخز ہی کے لیے ہیں۔ اُس کی بےچین سیاسی چالبازیاں ناکام ہوں گی۔ اگر آخز یہوداہ کی حفاظت چاہتا ہے تو اُسے اپنی خوفزدہ سیاسی سازشیں بند کر کے خدا پر بھروسا کرنا ہوگا کہ وہی اُس کی قوم کی حفاظت کرے گا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
بحران کے وقت آخز نے یہوداہ کی حفاظت کے لیے سیاسی اتحادیوں اور جھوٹے معبودوں کی طرف دیکھا۔ یسعیاہ کا پیغام سادہ تھا: قوموں سے ڈرنا چھوڑو اور اِس کے بجائے خدا پر بھروسا کرو۔ خدا دنیا کے تمام لشکروں اور دیوتاؤں کے مجموعے سے زیادہ قدرت رکھتا ہے۔ خدا صبر کے ساتھ سوچی سمجھی نجات بخش تباہی کے کاموں کے ذریعے دنیا کی بت پرستی، بے اعتقادی اور اندرونی سرکشی پر بھی غالب آ سکتا ہے۔ اسرائیل ویسے ہی تباہ ہوا جیسا خدا نے وعدہ کیا تھا۔ لیکن اپنی تباہی کے بعد اسرائیل نے اپنے بتوں کو رد کر دیا۔ اور یسعیاہ نبوت کرتا ہے کہ محتاط چھانٹ کے ذریعے خدا نہ صرف اپنے لوگوں کو بلکہ دنیا کو بھی اُن کے خالق کے ساتھ پھل دار رشتے میں بحال کرے گا۔
ہم آخز سے مختلف نہیں ہیں۔ ہم اُس خدا کے بجائے جس نے ہمیں بنایا، دولت اور اقتدار جیسے معبودوں کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہمیں صبر کے ساتھ سوچی سمجھی نجات بخش تباہی کے ایک کام کی ضرورت ہے۔ جیسا یسعیاہ نے بیان کیا، ویسے ہی پولُس رسول ہمیں بتاتا ہے کہ خدا نے ہزاروں سال تک صبر کے ساتھ انسان کی سرکشی کو دیکھا (رومیوں 3:25)۔ اور جیسا یسعیاہ نے نبوت کی تھی، خدا نے جلدبازی میں فرشتوں کے لشکر کو یہ حکم نہیں دیا کہ کسی جنگ میں گنہگاروں پر حملہ کریں۔ بلکہ اُس نے دنیا کو اپنا ہی بیٹا، یسوع، بخش دیا (رومیوں 5:8)۔ خدا کے محبت بھرے صبر اور یسوع کی رضامندانہ موت کے وسیلے سے ایک نجات بخش تباہی اور چھانٹ واقع ہوئی۔ یسوع کاٹ ڈالا گیا تاکہ ہم پھل لا سکیں۔ یسوع نے اپنے پیروکاروں سے کہا کہ وہ تاک ہے اور وہ ڈالیاں ہیں (یوحنا 15:1-8)۔ جب ہم دنیا کے باغبان پر بھروسا کرتے ہیں تو خدا اپنے فضل سے ہم جیسے لوگوں کو یسوع کی تاک میں پیوند کر دیتا ہے۔ ہم یسوع کی زندگی میں شامل ہو جاتے ہیں اور ایسی پھل دار تاکیں بن جاتے ہیں جنہیں موت تباہ نہیں کر سکتی۔ ہمارے پاس اپنی دنیا کے بہت سے دشمنوں سے ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں۔ خدا اُن سب سے زیادہ قدرت رکھتا ہے۔ اور جب ہم اُس پر بھروسا کرتے ہیں تو خدا نہ صرف ہماری حفاظت کرے گا بلکہ ہمیں پھل دار اور زندگی سے بھرپور بھی بنائے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ایک باغبان ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جسے چھانٹا گیا تاکہ ہم پھل لا سکیں۔

