کیا ہو رہا ہے؟
خدا کا ارادہ تھا کہ وہ اسرائیل کو ایک عظیم بادشاہی بنائے جو دنیا کے لیے برکت اور زندگی لائے۔ لیکن اسرائیل نے خانہ جنگی کے ذریعے خود کو تقسیم کر لیا ہے۔ شمالی اسرائیل اب اسور کے حملے کی زد میں ہے، اور جنوب میں یہوداہ کا بادشاہ اپنی مدافعت مضبوط کرنے کے لیے مصر کے ساتھ معاہدے کرنے میں مصروف ہے۔ تین نوحوں میں یسعیاہ اسرائیل کے رہنماؤں کی سیاسی بدگمانی اور بُرائی پر ماتم کرتا ہے۔ تاہم، یسعیاہ ہر نوحے کے بیچ میں امید کا ایک وعدہ شامل کر دیتا ہے۔ خدا نے اپنے لوگوں کے درمیان ایک ایسی بنیاد رکھی ہے جو تباہ نہیں ہو سکتی۔ بہت جلد خدا اسرائیل کے بدعنوان رہنماؤں کو بدل دے گا، اپنے لوگوں کے دلوں کو بدل دے گا، اور خود اپنے لوگوں کے لیے ایک ابدی بادشاہی قائم کرے گا۔
اپنے پہلے نوحے میں یسعیاہ ماتم کرتا ہے کہ گویا شمالی اسرائیل اور جنوبی یہوداہ ایسی بادشاہیاں بن گئے ہیں جن پر مغرور شرابی حکومت کرتے ہیں (یسعیاہ 28:1)۔ وہ اپنی شراب سے اِس قدر اندھے ہو چکے ہیں کہ اُس آنے والے طوفان کو نہیں دیکھ سکتے جو خدا اُن کی بُرائی کے خلاف تیار کر رہا ہے (یسعیاہ 28:2)۔ اِسی طرح کاہن اور نبی اسرائیل کو توبہ کرنے اور خدا پر بھروسا کرنے کی دعوت نہیں دیتے، بلکہ اُن کے الفاظ لڑکھڑاتے ہیں اور وہ احکام اور قواعد کے بارے میں بے معنی باتیں بڑبڑاتے ہیں (یسعیاہ 28:7-10)۔ اُن کی اِس بے ربط بے وفائی کے سبب خدا فرماتا ہے کہ وہ ایک غیر ملکی فوج بھیجے گا۔ جس طرح وہ اسرائیل کے سامنے بے معنی باتیں بڑبڑاتے ہیں، اُسی طرح اسور کی اجنبی زبان اُن کے کانوں میں بڑبڑائے گی (یسعیاہ 28:11-13)۔ بہت جلد شمالی اسرائیل راہ میں پڑے ہوئے پھول کی مانند پاؤں تلے روندا اور تباہ کیا جائے گا (یسعیاہ 28:3-4)۔ پھر یسعیاہ رُخ بدلتا ہے اور ماتم کرتا ہے کہ جنوبی یہوداہ کے حاکم بھی اپنے شمالی بھائی بندوں کی طرح ہی نشے میں اور اندھے ہیں۔ یہوداہ نے سچائی کے بدلے جھوٹ کو چُن لیا ہے۔ وہ غلط طور پر یقین رکھتے ہیں کہ مصر کے ساتھ معاہدے اُنہیں اسور سے بچا لیں گے۔ سچائی یہ ہے کہ صرف خدا ہی اُنہیں بچا سکتا ہے، اور اِس کا مطلب ہے کہ اُنہوں نے حقیقت میں موت کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے (یسعیاہ 28:14-15)۔ اسور آ رہا ہے۔ مصر پر اُن کا جھوٹا بھروسا بے نقاب ہو جائے گا۔ بدگمانی پر مبنی سیاست بازی صرف یہوداہ کی موت کو جلد لائے گی، اور اُن کی بادشاہی کی واحد امید یہ ہے کہ وہ خدا پر بھروسا کریں (یسعیاہ 28:17-22)۔
یسعیاہ کے دوسرے اور تیسرے نوحے یروشلیم اور اُس کے رہنماؤں کے بارے میں ہیں۔ یروشلیم اپنی مذہبی عیدوں کے لیے مشہور ہے، لیکن وہ محض دکھاوا بن گئی ہیں۔ خدا کی عبادت کے بجائے یہ عیدیں طاقتور لوگوں کے لیے اپنے مقاصد نافذ کرنے کے موقع بن گئی ہیں (یسعیاہ 29:1، 11-14)۔ اِس ریاکاری کے سبب خدا یروشلیم کا محاصرہ کرنے کے لیے اسور کی بڑی فوج بھیجے گا۔ شور والے جشن کے بجائے یروشلیم مُردوں کی بھوت جیسی آہ و زاری سے بھر جائے گا (یسعیاہ 29:1-4)۔ یہوداہ کے رہنما اِس بات کے قائل ہیں کہ خدا اُنہیں بچانے میں بے بس ہے، اِس لیے وہ اپنی بادشاہی کو محفوظ بنانے کے لیے غیر ملکی عہدیداروں کے ساتھ سازباز کرتے ہیں (یسعیاہ 29:15)۔ لیکن حقیقت بالکل اُلٹ ہے؛ قومیں ہی بے بس ہیں، اور خدا اُن کا خالق اور بادشاہ ہے (یسعیاہ 29:16)۔ یہوداہ کے رہنماؤں کو انسانوں کے وعدوں کے بجائے اپنی بادشاہی کی نجات کے لیے خدا پر بھروسا کرنا چاہیے۔
یہ تینوں نوحے ایک اندوہناک صورتِ حال کو بیان کرتے ہیں، لیکن یسعیاہ ہر ایک کے درمیان امید کا ایک وعدہ شامل کر دیتا ہے۔ اسور کے حملے کے بعد بھی خدا شمالی اسرائیل کو نہیں چھوڑے گا۔ بلکہ وہ اُس کے شریر رہنماؤں کو بدل دے گا، اور خود کامل انصاف کے ساتھ اپنے لوگوں پر حکومت کرے گا (یسعیاہ 28:5-6)۔ یہوداہ کے اندھے رہنما اور بدعنوان قاضی ذلیل کیے جائیں گے، جبکہ وہ لوگ جن پر وہ ظلم کرتے ہیں خدا کی نجات کا تجربہ کریں گے (یسعیاہ 29:17-19)۔ سیاسی بدگمانی بھروسے میں اور بدعنوانی پاکیزگی میں بدل دی جائے گی (یسعیاہ 29:20-24)۔ ایک دن، بہت جلد، خدا یہوداہ کے سب دشمنوں کو نیست کر دے گا، اور یروشلیم میں امن ہوگا (یسعیاہ 29:5-10)۔ اپنے لوگوں کی بے وفائی کے باوجود خدا اسرائیل میں ایک ابدی بادشاہی کے لیے بنیاد رکھ رہا ہے۔ خدا کے لوگوں کو غیر ملکی معاہدے چھوڑ دینے چاہییں اور بھروسا رکھنا چاہیے کہ خدا کی بادشاہی جلد آئے گی (یسعیاہ 28:16)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا نے اپنے لوگوں کے درمیان ایک ایسی بنیاد رکھی جو کبھی تباہ نہیں ہو سکتی تھی۔ اُس کا ارادہ تھا کہ وہ اسرائیل کو ایک عظیم بادشاہی بنائے جو دنیا کے لیے برکت اور زندگی لائے۔ یسعیاہ نے نبوّت کی کہ اسرائیل کی بے وفائی کے باوجود خدا اُن وعدوں میں وفادار رہے گا۔ وہ اسرائیل کے بدعنوان رہنماؤں کو بدل دے گا، اپنے لوگوں کے دلوں کو بدل دے گا، اور اپنی ابدی بادشاہی قائم کرے گا۔ یہ وعدے اُس وقت پورے ہونے لگے جب خدا یسوع میں اپنے لوگوں پر حکومت کرنے آیا۔
نئے عہد نامے میں یسوع کے بارے میں بات کرنے کے پسندیدہ طریقوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ بنیاد یا کونے کا پتھر ہے (افسیوں 2:20؛ 1 کرنتھیوں 3:11؛ 1 پطرس 2:4-8)۔ یسوع میں ہم خدا کی اپنے لوگوں کے ساتھ وفاداری کا کامل مظاہرہ دیکھتے ہیں۔ یسوع بُرائی کو نیست کرنے، اندھوں اور بہروں کو شفا دینے، اور زمین پر خدا کی بادشاہی قائم کرنے آیا (لوقا 4:19؛ متی 11:2-6)۔ یسعیاہ کی طرح یسوع نے بھی نبوّت کی کہ وہ یروشلیم کو جلا کر خاک کر دینے، اُس کے بدعنوان رہنماؤں کو جلاوطن کرنے، اور نئے سرے سے آغاز کرنے کے ذریعے بدعنوان لوگوں کو یروشلیم سے دُور کر دے گا (متی 13:1-2، 24:1-14)۔ اِن اعلانات کے سبب یسوع اپنے زمانے کے شریر کاہنوں کے ہاتھوں قتل کیا گیا۔ تاہم، اُن کی بے وفائی اور بُرائی بھی خدا کو اُس کے کیے ہوئے وعدوں میں وفادار ہونے سے نہ روک سکی۔ خدا نے یسوع کو قبر سے جِلایا، اور اب یسوع آسمان پر بیٹھا ہے اور زمین پر اپنی ابدی بادشاہی بنا رہا ہے۔ یسوع خدا کے لوگوں کے کونے کا پتھر ہے، اور اُس پر بھروسا کرنے سے ہم اُس کی بادشاہی میں شامل ہو جاتے ہیں۔ اور اگرچہ ہمارے دل بھی اکثر قدیم اسرائیل کے رہنماؤں کی طرح بدگمان اور بدعنوان ہوتے ہیں، یسوع وعدہ کرتا ہے کہ یہ بات اُسے ہمارے ساتھ وفادار رہنے سے نہیں روکے گی۔ جس طرح اُس نے یسعیاہ سے وعدہ کیا تھا، اُسی طرح وہ وفاداری سے ہماری بدگمانی کو بھروسے میں اور ہماری بدعنوانی کو پاکیزگی میں بدل دے گا۔ ہمارے لیے خدا کی وفاداری یسوع میں ظاہر ہوئی ہے۔ وہ ہماری بنیاد ہے، اور ہم اُس پر قائم رہ سکتے اور اُس پر بھروسا کر سکتے ہیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو وفادار ہے۔ اور آپ یسوع کو زمین پر خدا کی بادشاہی کی بنیاد کے طور پر دیکھیں۔

