کیا ہو رہا ہے؟
اسور کی قوم یہوداہ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ مدد کے بغیر وہ لوگ مر جائیں گے جنہیں اللہ نے چُنا تاکہ وہ دنیا کے لیے برکت بنیں۔ مدد کے لیے بےتاب ہو کر بادشاہ یہوداہ کو بچانے کی کوشش کرتا ہے اور طاقتور قوم مصر کے پاس ایلچی بھیجتا ہے تاکہ اُس کے ساتھ اتحاد قائم کرے (یسعیاہ 30:1-2)۔ لیکن یسعیاہ کہتا ہے کہ یہ حماقت ہے۔ بادشاہ نے یہوداہ کی دولت اور اپنے ایلچیوں کی جانیں ایک ایسی بدکار اور بگڑی ہوئی قوم سے مدد خریدنے کے لیے خطرے میں ڈال دی ہیں جو آخرکار مدد کرنے سے قاصر ہے (یسعیاہ 30:3-7)۔ یسعیاہ اُسے دعوت دیتا ہے کہ سیاسی طور پر خود کو بچانے کی اِن کوششوں کو ترک کر کے اللہ پر بھروسا کرے، اور اللہ کا انتظار کرے کہ وہی اپنے لوگوں کو بچائے۔
مصر کے ساتھ بادشاہ کے اتحاد کے جواب میں اللہ یسعیاہ سے کہتا ہے کہ یہوداہ کے زوال کے بارے میں اپنی آنے والی نبوّتیں لکھ لے (یسعیاہ 30:8-9)۔ جب اُس کی نبوّتیں پوری ہوں گی، تو یسعیاہ کی باتیں تحریری ثبوت ہوں گی جو یہ ثابت کریں گی کہ اللہ پر بھروسا کرنے یا یسعیاہ کی سننے سے انکار کرنا حماقت تھی (یسعیاہ 30:10-12)۔ یہوداہ کے بادشاہ کی بےاعتمادی اُسے بادشاہی سے محروم کر دے گی (یسعیاہ 30:13-15؛ 31:1-2)۔ چونکہ وہ فوجی طاقت میں نجات تلاش کرتا رہتا ہے، اِس لیے فوجی طاقت ہی سے وہ نگل لیا جائے گا (یسعیاہ 30:16-17؛ 31:3)۔ تاہم اللہ یہ بھی کہتا ہے کہ اگر یہوداہ کا بادشاہ خود کو بچانے کی اپنی کوششیں چھوڑ دے اور اللہ کا انتظار کرے، تو وہ اور اُس کے لوگ بچائے جائیں گے (یسعیاہ 30:18؛ 31:4-6)۔ جو اللہ پر بھروسا کرتے ہیں وہ ہمیشہ کے لیے یروشلیم میں خوشی سے بسیں گے (یسعیاہ 30:19)۔ یہوداہ کو رہنمائی کے لیے دوسرے معبودوں کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہ ہوگی، کیونکہ اللہ خود اُن سب سے کلام کرے گا جو مدد مانگتے ہیں (یسعیاہ 30:20-22)۔ ہر پودے، ہر انسان اور ہر جانور کو پینے کے لیے تازہ پانی ملے گا، اور اللہ اپنے لوگوں کے ہر دشمن کو ہلاک کر دے گا (یسعیاہ 30:23-28؛ 31:5-9)۔ اُس دن، خود کو بچانے کی بےاعتمادی پر مبنی کوششوں کی بجائے، یروشلیم اُس اللہ پر ایمان سے بھر جائے گا جو اپنے لوگوں کو چھڑاتا ہے (یسعیاہ 30:29-33)۔
یسعیاہ نبوّت کرتا ہے کہ یہوداہ کے موجودہ نادان بادشاہ کی جگہ جلد ہی ایک دانا بادشاہ اللہ کے لوگوں پر حکومت کرے گا۔ ناانصافی اور بدعنوانی کی جگہ انصاف اور راستبازی لے لے گی۔ بدی مجرم ٹھہرائی جائے گی، اور جو اللہ پر بھروسا کرتے ہیں وہ سچے ثابت کیے جائیں گے (یسعیاہ 32:1-8)۔ مصر کے ساتھ یہوداہ کے اتحاد اور اُن کی بت پرستی کی وجہ سے بربادی قریب ہے، مگر اُس بربادی کے دوسری طرف اللہ وعدہ کرتا ہے کہ وہ اپنی روح اور زندگی بخش حضوری یہوداہ پر نازل کرے گا۔ اُن کی بادشاہی انصاف، راستبازی اور سلامتی سے پھلے پھولے گی (یسعیاہ 32:9-20)۔ اللہ کے سوا نجات کی کوئی امید نہیں ہے۔ اگر یہوداہ یہ برکتیں چاہتا ہے، تو اُسے خود کو بچانے کی اپنی کوششیں چھوڑ کر صرف اللہ پر بھروسا کرنا ہوگا (یسعیاہ 33:1-16)۔ تب ہی یہوداہ دیکھے گا کہ اللہ کا بادشاہ حکومت اور سلطنت کرتا ہے اور دنیا کے لیے پھر برکت لاتا ہے (یسعیاہ 33:17-24)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اگرچہ ہم میں سے کوئی قوموں پر حکومت نہیں کرتا، پھر بھی ہم جانتے ہیں کہ زبردست دباؤ میں ہونا اور مدد کے لیے بےتاب ہونا کیسا محسوس ہوتا ہے۔ یہوداہ کے بادشاہ کی طرح ہم بھی اکثر اللہ کا انتظار کرنے اور اُس کی بچانے والی قدرت پر بھروسا کرنے کی بجائے اپنے ارد گرد کے طاقتور لوگوں اور چیزوں میں آرام اور مدد ڈھونڈتے ہیں۔ یسعیاہ نے خبردار کیا تھا کہ اللہ کے سوا کسی اَور سہارے پر بھروسا کرنا حماقت ہے، اور آخرکار یسعیاہ سچا ثابت ہوا۔ جو کچھ یسعیاہ نے کہا تھا، سب پورا ہوا۔ مصر ایک ناکارہ اتحادی ثابت ہوا، اور یہوداہ کی خود کو بچانے کی ساری کوششیں ناکام ہوئیں۔ آپ کے اور میرے لیے یسعیاہ کی نبوّتیں اِس بات کا ثبوت ہیں کہ صرف اللہ ہی کا آرام اور مدد بھروسے کے لائق ہے۔
لیکن یسعیاہ نے ایک ایسے دن کے بارے میں بھی نبوّت کی جب اللہ ایک دانا بادشاہ کی طرح حکومت کرے گا۔ وہ اللہ کے لوگوں کو اُن کے دشمنوں سے بچائے گا، دباؤ میں پڑے ہوؤں کو سلامتی دے گا، اور اپنی زندگی بخش روح اپنے لوگوں پر نازل کرے گا۔ یہ نبوّتیں یسعیاہ کے زمانے میں پوری نہیں ہوئیں بلکہ یسوع کی زندگی، موت اور جی اُٹھنے میں پوری ہوئیں۔ یسوع ہی وہ دانا بادشاہ ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔ اپنی زندگی کے دوران، ہر وہ شخص جس نے آرام اور مدد کے لیے اُس کی طرف دیکھا، اُسے وہ مل گئی۔ اُس نے بدروحوں کے حملے میں پڑے ہوؤں کو آزاد کیا، دُکھیوں کو سلامتی دی، اور بھوکوں، بیماروں اور مرنے والوں کو آرام دیا (متی 8:28-34؛ لوقا 17:11-19، 7:11-17)۔ جن سب نے دوسری طاقتوں اور لوگوں کی طرف بھاگنے سے انکار کیا اور اِس کی بجائے یسوع پر بھروسا کیا، اُنہوں نے نجات، برکت اور زندگی پائی۔
تاہم اُس کی نجات کا سب سے بڑا کام صلیب پر انجام پایا۔ اپنی موت میں یسوع روم کی طاقت، موت اور بدی کے خلاف جنگ میں گیا اور اپنی قبر سے جی اُٹھ کر اُن سب کو ہرا دیا۔ اب وہ زندگی، موت اور اِس دنیا کی تمام طاقتوں سے بالا تخت پر جا بیٹھا ہے۔ اُس وقت سے اُس نے اپنی زندگی بخش روح اپنے لوگوں پر نازل کی ہے (اعمال 2:1-4، 14-21)۔ اب ہمیں رہنمائی کے لیے دوسرے معبودوں یا طاقتوں کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ اللہ کی روح اب اُن سب کی رہنمائی کرتی ہے جو اُس پر بھروسا کرتے ہیں۔ یسوع میں امید ہے؛ ہر وہ شخص جو خود کو بچانے کی اپنی کوششیں ترک کرتا ہے اور اُس کا انتظار کرتا ہے، اپنے دشمنوں سے بچایا جائے گا اور اللہ کی بادشاہی میں شامل ہوگا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس اللہ کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو بچانا چاہتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس بادشاہ کے طور پر دیکھیں جو ہمیں اللہ کی زندگی بخش روح سے بھر دیتا ہے۔

