کیا ہو رہا ہے؟
یرمیاہ کے زمانے میں خُدا کے نبی کا منصب بگڑ چکا تھا۔ خُدا کے نبی کے اِس مُعزّز مقام پر زناکار، بدکار اور ناانصاف لوگ بیٹھے تھے، جو خُدا کی طرف سے بولنے کی جسارت کرتے تھے حالانکہ اُس نے کچھ نہیں کہا تھا۔ جہاں تک ہم جانتے ہیں، صرف ایک ہی نیک نبی باقی رہ گیا تھا—یرمیاہ۔ اور خُدا نے اُسے مقرر کیا کہ وہ اسرائیل کے جھوٹے نبیوں کی مذمت کرے، اُس کے کلام کا دفاع کرے، اور اُن پر اور اُن کی گستاخی پر آنے والی خُدا کی عدالت کا اعلان کرے (یرمیاہ 23:9-12)۔
یہوداہ کے جھوٹے نبیوں کو کھلے عام ردّ کرتے ہوئے یرمیاہ تسلیم کرتا ہے کہ بےوفا نبی ہمیشہ سے رہے ہیں۔ لیکن جو اِس وقت یہوداہ میں ہیں وہ اپنی بدی میں بےمثال ہیں۔ اپنے سے پہلے آنے والے جھوٹے نبیوں سے بھی بدتر، یروشلیم کے یہ نبی سچّے خُدا کی طرف سے بولنے کا دعویٰ کرتے ہیں، مگر اُس کے نام سے جھوٹ بولتے ہیں اور اپنی بدی کے لیے مذہبی جواز پیش کرتے ہیں (یرمیاہ 23:14)۔ خُدا کی نظر میں یروشلیم کے یہ نبی سدوم اور عمورہ کے اُن شہروں سے بھی بدتر ہیں جنہیں اُس نے جلا کر خاک کر دیا تھا۔ یرمیاہ کہتا ہے کہ اِن نبیوں کو بھی اُسی طرح کی عدالت کی توقع رکھنی چاہیے (یرمیاہ 23:15)۔
اسرائیل کے باشندوں کو بھی اِن جھوٹے نبیوں کی نبوّتوں کو ردّ کر کے یرمیاہ کی سننی چاہیے۔ خُدا نے فیصلہ کر لیا ہے کہ عدالت اور بربادی قریب ہے، اور اُن کے رہنما خواہ کچھ بھی کہیں، کوئی چیز اِسے روک نہ سکے گی (یرمیاہ 23:16-17)۔ صرف یرمیاہ ہی کے مُنہ میں خُدا کا کلام ہے، اور آنے والے دن جلد ثابت کر دیں گے کہ وہ سچّا ہے (یرمیاہ 23:18-20)۔ اِس کے علاوہ، وہ نبی جو اِس وقت یہوداہ کے بادشاہوں کو مشورہ دے رہے ہیں، مسلسل خُدا کی شریعت کو ترک کرتے، بُت پرستی کی توثیق کرتے اور بدی کو جائز ٹھہراتے رہے ہیں۔ یہوداہ کو چاہیے کہ اُن کی باتیں ردّ کرے اور یرمیاہ کے مُنہ میں رکھے ہوئے خُدا کے کلام کو قبول کرے (یرمیاہ 23:21-22)۔
یرمیاہ کے نزدیک یہ جھوٹے نبی اور اُن کی نبوّتیں بھوسے کی مانند ہیں، اور خُدا کا کلام آگ ہے۔ اور خُدا نے یرمیاہ کو مقرر کیا ہے کہ وہ اُس کے کلام کا دفاع کرے اور خُدا کے لوگوں کے ذہنوں سے اُن کے جھوٹ کو جلا ڈالے (یرمیاہ 23:25-31)۔ اِن جھوٹے نبیوں کے لیے خُدا کے پاس صرف ایک ہی پیغام ہے—عدالت اور جلاوطنی آ رہی ہے۔ نبی ہونے کا دعویٰ کرنے والے سب لوگوں کو فوراً بولنا بند کر دینا چاہیے، کیونکہ یہی آخری کلام ہے جو خُدا اُن سے کبھی کہے گا (یرمیاہ 23:33-40)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ہر دور میں ایسے جھوٹے نبی اور اُستاد ہوتے ہیں جو خُدا کی طرف سے بولنے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر بدی سے چشم پوشی کرتے اور خُدا کی عدالت کو نظرانداز کرتے ہیں۔ نئے عہد نامہ کے اکثر خطوط یرمیاہ میں مذکور جھوٹے نبیوں کے کسی نہ کسی رُوحانی جانشین سے نمٹتے ہیں۔ جب ثقافتی ہوائیں بدلتی ہیں یا اقتدار میں بیٹھے لوگ تبدیل ہوتے ہیں اور ہم دیکھتے ہیں کہ جن اُستادوں پر ہم کبھی بھروسا کرتے تھے، وہ ایک کے بعد ایک خُدا کے کلام کو چھوڑ رہے ہیں، تو ہم خود کو بےبس محسوس کر سکتے ہیں۔ لیکن یرمیاہ ہمیں امید دیتا ہے۔ کوئی جھوٹا نبی ہمیشہ قائم نہ رہے گا۔ خُدا ہمیشہ اپنے کلام کا دفاع کرتا ہے، اور جوں جوں خُدا کا کلام بولا جاتا ہے، جھوٹی تعلیم مرجھا جاتی ہے۔ آخرکار یرمیاہ نے جھوٹے اُستادوں کو غلط ثابت کر دیا جب اُس کی نبوّتیں پوری ہوئیں اور یہوداہ جلاوطن ہوا۔ خُدا نے یرمیاہ کے مُنہ میں رکھے اپنے کلام کو پورا کر کے اُس کا دفاع کیا۔
لیکن اب خُدا یرمیاہ جیسے نبیوں کے ذریعے ہم سے کلام نہیں کرتا، کیونکہ اُس نے اپنے بیٹے یسوع میں ہم سے زیادہ بھرپور اور حتمی طور پر کلام کیا ہے (عبرانیوں 1:1-4)۔ یرمیاہ کی طرح یسوع کی مخالفت بھی مذہبی رہنماؤں اور جھوٹے نبیوں نے کی، جو یقین نہیں کرتے تھے کہ وہ اُن کی بدعنوانی کو اُلٹنے آیا ہے (یوحنا 2:19-22؛ لوقا 19:45-47)۔ وہ سمجھتے تھے کہ یسوع کو قتل کر کے وہ اُس کی نبوّتوں کو پورا ہونے سے روک سکتے ہیں۔ مگر ایسا نہ ہوا۔ یسوع قبر کی اپنی جلاوطنی سے جی اُٹھا، بالکل ویسے ہی جیسے اُس نے نبوّت کی تھی۔ خُدا نے اپنے کلام کا دفاع کیا؛ تاریخ نے یسوع کو سچّا ثابت کیا، اور اُس نے اپنے دشمنوں کے جھوٹ کو نیست کر دیا۔
خُدا ہمیشہ اپنے کلام کا دفاع کرتا ہے۔ خُدا کا کلام ہمارے ثقافتی لمحے کے جھوٹ پر ہمیشہ فتح پاتا ہے۔ خُدا کا کلام اُن سب کو ہمیشہ انصاف کے کٹہرے میں لاتا ہے جو گستاخی سے اُس کی طرف سے بولنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ جیسے آگ بھوسے کو جلا دیتی ہے، ویسے ہی خُدا کا کلام ہمیشہ جھوٹ پر غالب آئے گا۔ ہمارے پاس اپنے زمانے کے جھوٹے اُستادوں اور نبیوں سے ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں، کیونکہ سچّا اُستاد اور نبی یسوع آسمان پر بیٹھا ہے۔ اور وہ ہمیشہ اپنے کلام اور اپنے لوگوں کا اُن جھوٹوں سے کامل دفاع کرے گا جو اُن پر حملہ کرتے ہیں۔ ہمیں باہر کے جھوٹ سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یسوع—جو خُدا کا کلام اور سچّائی ہے—ابد تک زندہ ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جو اپنے کلام کا دفاع کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس حتمی نبی کے طور پر دیکھیں جو اُن سب کی عدالت کرتا ہے جو جھوٹ بولتے ہیں۔


