کیا ہو رہا ہے؟
یہ زبور اِس مقصد کے لیے تھا کہ اسرائیل کے لوگ اِسے اُس وقت پڑھیں جب اُن کا بادشاہ اور اُس کے جوان جنگ میں جانے والے ہوں۔
جنگ سے پہلے کی رات، اسرائیل خدا سے درخواست کرتا ہے کہ وہ آنے والی لڑائی میں اپنی الٰہی مدد بھیجے (زبور 20:2)۔ وہ فرمانبرداری کے ساتھ نذریں اور قربانیاں پیش کرتے ہوئے التجا کرتے ہیں کہ خدا اُن کی سنے اور اُن سے راضی ہو (زبور 20:3)۔
اسرائیل اُس دن کا منتظر ہے جب خدا اُنہیں بڑھتے ہوئے حملے سے بچائے گا اور وہ خوشی سے للکاریں گے۔ وہ نئے فتح شدہ علاقے پر اسرائیل کا جھنڈا لہرا کر اپنی فتح کا جشن منانے کا ارادہ رکھتے ہیں (زبور 20:5)۔
اسرائیل کے لیے یہ فتحیں محض سیاسی نہیں، بلکہ الٰہیاتی ہیں۔ آدم کی خلقت ہی سے خدا کا منصوبہ یہ رہا ہے کہ اُس کے لوگ ساری زمین پر اختیار رکھیں (پیدائش 1:28) اور تمام قوموں کے لیے برکت ہوں (پیدائش 17:6)۔ جب خدا اور اُس کے لوگ ساری زمین پر حکومت کرتے ہیں تو سب لوگوں کے لیے سلامتی ہوتی ہے اور ہر بُرائی کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ اِس جیسے زبور خدا کو اُس کے اُن وعدوں کی یاد دلاتے ہیں جو ساری دنیا پر محیط ہیں، اور اُس سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایک بادشاہ کو مسح کرے جو اُنہیں پورا کرے (زبور 20:6)۔
اسرائیل جانتا ہے کہ خدا اپنی بادشاہی اپنے بادشاہ اور اپنی قدرت کے وسیلے سے قائم کرے گا۔ بالآخر اُن کے ہتھیار نہیں، بلکہ اُن کا خدا ہی اُنہیں فتح عطا کرتا ہے (زبور 20:7)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ایک عرصے تک خدا کی حضوری اور قدرت فوجی طاقت کے ذریعے ظاہر ہوتی رہی۔ لیکن سب سے بڑی جنگ جو خدا جیتنے والا تھا—اور خدا کی بادشاہی کی سب سے اہم پیش قدمی—جنگ کے ہتھیاروں سے نہ آنے والی تھی (یوحنا 18:36)۔ فتح، جیسا کہ یہ زبور کہتا ہے، اُس وقت آنی تھی جب خدا اپنے مقدِس سے مدد بھیجے (زبور 20:2)۔
اور وہ مدد جنگ نہیں، بلکہ اُس کا بیٹا یسوع ہے۔ یسوع نجات اپنے دشمنوں کو ہتھیاروں یا تشدد سے مغلوب کر کے لانے والا نہ تھا۔ اِس کے برعکس، اُس نے اپنے دشمنوں کو اجازت دی کہ وہ اُسے صلیب پر مغلوب کریں۔ یہ بےمقصد نہ تھا؛ یہ اُس کی حکمتِ عملی کا حصہ تھا کہ وہ نہ صرف شریر حاکموں کو، بلکہ شریر حاکموں کی وجہ (گناہ) اور بُرے بادشاہوں کے خطرے (موت) کو بھی شکست دے۔
خدا کی بادشاہی کے لیے اصل جنگ خون اور گوشت کے دشمن کے خلاف نہیں، بلکہ بُرائی کی روحانی طاقتوں کے خلاف تھی (افسیوں 6:12)۔ چنانچہ جب یسوع صلیب پر مرا، تو اُس نے وہ سب سے سخت ضرب اپنے اوپر لے لی جو گنہگار حاکم لگا سکتے ہیں—یعنی موت۔ لیکن خدا نے اپنے ممسوح کو بچا لیا، بالکل جیسا کہ اِس زبور نے پیشین گوئی کی تھی (زبور 20:6 الف)۔ یسوع نے اپنے لوگوں کے دشمنوں پر فتح پائی اور اب اپنے تخت پر بیٹھ چکا ہے۔
یہ بات دل کو لبھاتی ہے کہ ہم اپنی حفاظت کے لیے فوجی قوت، سیاسی طاقت اور قانون ساز اداروں پر بھروسا کریں، لیکن جو خداوند پر بھروسا رکھتے ہیں وہ ہمیشہ اُٹھ کھڑے ہوں گے، خواہ مُردوں میں سے ہی (زبور 20:7-8)۔ کوئی سیاسی یا روحانی طاقت ایسی نہیں جو خدا کے بادشاہ سے لڑی اور جیت گئی ہو۔ پس خوشخبری سنیے: یسوع تخت پر ہے! اور وہ وعدہ کرتا ہے کہ جو کوئی اُسے پکارنے اور فتح مانگنے کو تیار ہو، وہ اُس کی طرف سے لڑے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو فتح عطا کرتا ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو دیکھیں، جو گھوڑوں اور رتھوں کے بجائے قربانی کی محبت کے وسیلے سے اپنی بادشاہی قائم کرتا ہے۔

