کیا ہو رہا ہے؟
زبور کی کتاب پانچ چھوٹی کتابوں میں تقسیم ہے، اور یہ زبور پہلی چھوٹی کتاب کا آخری زبور ہے۔ زبور 41 اُسی لفظ سے شروع ہوتا ہے جس سے زبور 1 شروع ہوتا ہے: مبارک۔ حقیقت میں، زبور کی پانچ اختتامی نظموں میں سے چار “مبارک” ہونے کی بات کرتی ہیں۔
یہ باہم جُڑی تفصیلات ہمیں قارئین کے طور پر بتاتی ہیں کہ زبور مجموعی طور پر، نہ صرف انفرادی نظموں کے طور پر، اُس زندگی کے بارے میں کچھ سکھاتے ہیں جو خدا کی طرف سے مبارک ہے۔ جو کوئی خدا کے حکموں پر عمل کرنے سے محبت رکھتا ہے، اُس کے لیے کاملیت، سلامتی اور استحکام مہیا ہے (زبور 1:1-2)۔
زبور 41 یہ بتاتا ہے کہ مبارک زندگی کمزوروں کی خبرگیری کے بغیر حاصل نہیں ہوتی (زبور 41:1)۔ لیکن جیسی صورتِ حال ہے، داؤد اپنے آپ کو مبارک محسوس نہیں کرتا۔ وہ بیماری سے بےبس ہے اور ایسے دشمنوں سے گھرا ہوا ہے جو صرف اُس کے مرنے کے منتظر ہیں (زبور 41:3، 5)۔ اِس زبور میں داؤد ہی وہ کمزور شخص ہے جسے خدا کی برکت اور شفا کی ضرورت ہے۔
داؤد یہ بھی کہتا ہے کہ اُس نے گناہ کیا ہے (زبور 41:4)۔ داؤد کی زندگی زبور 1 کی بات کو سچ ثابت کرتی ہے۔ جیسے جیسے داؤد خدا کے کلام اور حکموں سے دور ہٹتا ہے، وہ مرجھا جاتا ہے اور اُس کے دشمن دھمکی دیتے ہیں کہ وہ اُسے ایسا اُڑا دیں گے کہ وہ پھر کبھی نہ لوٹے (زبور 1:4، 41:8)۔ داؤد کو یہ خوف ہے کہ اُس کا ایک قریبی دوست—جس کے ساتھ اُس نے روٹی کھائی ہے—اُسے آخری ضرب لگائے گا (زبور 41:9)۔
لیکن داؤد جانتا ہے کہ جس خدا کے خلاف اُس نے خطا کی، اُس سے اُسے اُس دوست سے زیادہ مدد ملے گی جسے اُس نے روٹی کھلائی (زبور 41:10)۔ داؤد جانتا ہے کہ اگرچہ خدا اِس وقت اُس کی تادیب کر رہا ہے، تو بھی خدا اُس سے محبت رکھتا ہے۔ آخرکار، اُس کا دشمن ابھی تک غالب نہیں آیا (زبور 41:11)! داؤد نے گناہ کیا ہے، لیکن چونکہ وہ اب بھی خداوند کی تعظیم کرتا ہے، اُسے یقین ہے کہ خدا اُسے اپنی حضوری میں پھر سے سرسبز کرے گا (زبور 41:12)۔
جس چھٹکارے کی داؤد کو توقع ہے، وہ اُسے حمد میں پکارنے پر آمادہ کرتا ہے، اور وہ زبور کی پہلی کتاب کو اِن الفاظ پر ختم کرتا ہے: ”خداوند، اسرائیل کے خدا کی حمد ہو، ازل سے ابد تک۔ آمین و آمین“ (زبور 41:13)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کی سب سے مشہور تقریروں میں سے ایک پہاڑی وعظ ہے۔ اُس میں وہ اُن لوگوں کا بیان کرتا ہے جو مبارک ہوں گے اور خدا کی عدن جیسی بادشاہی کا تجربہ کریں گے (متی 5:3)۔ یہ زبور 1 کی وہی بات ہے جو یسوع اپنے انداز میں کہتا ہے، کیونکہ وہ بیان کرتا ہے کہ خدا کے کلام کی ندی کے کنارے لگایا جانا کیسا ہوتا ہے۔ جو لوگ نیکی اور انصاف کے بھوکے ہیں، جو رحم سے محبت رکھتے اور صلح کراتے ہیں، وہ خدا کو دیکھ کر آسودہ ہوں گے اور ایک پُرامن دنیا کے وارث ہوں گے (متی 5:6، 9)۔
لیکن اِس قسم کے لوگ اقتدار والے بادشاہ نہیں ہیں؛ وہ تو زیادہ اُس داؤد کی مانند ہیں جو اپنے بسترِ مرگ پر پڑا ہے۔ وہ دل کے غریب، ماتم کرنے والے، کمزور اور دشمنوں سے گھرے ہوئے ہیں (متی 5:5)۔ زبور 41 کی طرح، یسوع کہتا ہے کہ فتح زورآوروں کی نہیں بلکہ اُن کمزوروں کی ہے جو خدا پر بھروسا رکھتے ہیں۔
یسوع اپنی ہی تعلیم کو سچ ثابت کرتا ہے۔ جس رات وہ گرفتار ہوا، یسوع نے زبور 41 کا حوالہ دیا، جب اُس نے روٹی کا آخری ٹکڑا اپنے قریبی دوست یہوداہ کے ساتھ بانٹا، جس نے بعد میں اُسے پکڑوا دیا (زبور 41:9، یوحنا 13:18)۔ اور داؤد کی طرح یسوع بھی گناہ کے سبب دُکھ اُٹھاتا ہے، اگرچہ وہ گناہ اُس کا اپنا نہیں تھا۔ یسعیاہ نبی کہتا ہے کہ یسوع کا دُکھ ہمارے گناہوں کے لیے تھا اور اُس کے کوڑے ہماری بیماریوں کے لیے (یسعیاہ 53:5)۔ جب یسوع ہمارے گناہ اور بیماری کے بوجھ تلے مرا، تب ہی وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ جیسا داؤد نے امید رکھی تھی، یسوع کی راستی کا مطلب یہ ہے کہ وہ اب ہمیشہ کے لیے خدا کی حضوری میں رہتا ہے (زبور 41:12)۔ یسوع کی موت اور جی اُٹھنا اُس کے پہاڑی وعظ کی بات ثابت کرتے ہیں: فتح اُن کمزوروں کی ہے جو خدا پر بھروسا رکھتے ہیں۔
اور ہمارے لیے بھی یہی سچ ہے۔ اگر ہمارے ساتھ دغا ہو، یا ہم کمزور، بیمار یا گناہ آلودہ ہوں، تو ہم بالکل اُسی قسم کے لوگ ہیں جنہیں بچانا خدا کو پسند ہے۔ جب ہم خدا اور اُس کے کلام پر بھروسا کرتے ہیں، تو ہمارا مرجھانا رُک جاتا ہے۔ یسوع ہمیں اپنی حضوری میں اُسی طرح لگاتا ہے جس طرح ایک اچھا باغبان درخت کو پانی کی ندیوں کے کنارے لگاتا ہے (زبور 1:3)۔
ہر وہ شخص جو یسوع سے محبت رکھتا ہے اور اُس کے حکموں پر عمل کرتا ہے، سرسبز ہوگا۔ کاملیت، سلامتی اور استحکام ہر اُس شخص کو پیش کیے جاتے ہیں جو یسوع سے محبت رکھتا اور اُس کے حکموں کی پیروی کرتا ہے (زبور 1:1-2)۔ جیسا یسوع اپنے شاگردوں سے وعدہ کرتا ہے، اُس کی حضوری ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی، حتیٰ کہ آخر تک (متی 28:20)۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو کمزوروں کو چھڑاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو کمزور بنا تاکہ ہم مبارک ہو سکیں۔

