کیا ہو رہا ہے؟
زبور 47 ساری دنیا کو اسرائیل کے خدا کی تاجپوشی کی تقریب میں مدعو کرتا ہے۔ تمام قوموں سے کہا جاتا ہے کہ تالیاں بجائیں، کیونکہ خدا کی بادشاہ کے طور پر تاجپوشی ہونے والی ہے (زبور 47:1)۔ اور ہر ملک سے کہا جاتا ہے کہ للکارے، کیونکہ خدا ”ساری زمین“ (زبور 47:7)، ”سب قوموں“ (زبور 47:1) اور سب ”بادشاہوں“ (زبور 47:9) پر حکومت کرتا ہے۔ لیکن خدا کا بادشاہ کوئی عالمی فرمانروا نہیں، بلکہ وہ ایک اسرائیلی بادشاہ ہے۔
خدا نے ایک شخص یعقوب اور اُس کے باپ ابرہام کے وسیلے سے ایک ہی قوم، یعنی اسرائیل، کے ساتھ ایک خاص رشتہ قائم کیا ہے (زبور 47:4)۔ اُن کے خاندان اور اُس قوم کے وسیلے سے جو اُن سے وجود میں آنی تھی، ساری دنیا برکت پاتی (پیدائش 12:3)۔ زبور نویس خدا کی حمد کرتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اسرائیل کے بادشاہ کی سربلندی کے ذریعے سب قومیں برکت پائیں گی، اور سب قومیں لازماً خدا کی حمد کریں گی۔
تاجپوشی کا آغاز للکار اور نرسنگوں کی آواز سے ہوتا ہے (زبور 47:5)۔ سموئیل کی کتاب میں یہی بیان اُس وقت استعمال ہوا ہے جب خدا کی حضوری کی علامت، یعنی عہد کا صندوق، پہلی بار یروشلیم میں داخل ہوتا ہے (2 سموئیل 6:15)۔ یہ اِس بات کا اشارہ ہے کہ تخت پر بیٹھنے والا بادشاہ محض ایک اَور فرمانروا نہیں، بلکہ خود خدا ہے (زبور 47:7)! خدا اپنے جائز تخت پر بیٹھ رہا ہے، نہ صرف اسرائیل میں، بلکہ ساری زمین پر (زبور 47:8)۔
اور جب وہ اپنے تخت پر بیٹھتا ہے تو دنیا بھر کے شرفا اسرائیل کے خدا-بادشاہ کی حاکمیت اور الوہیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ تمام قومیں جمع کی جاتی ہیں اور سب اُمّتیں ایک نئی اُمّت بن جاتی ہیں، ایک نئے نام کے تحت—”ابرہام کے خدا کی قوم“ (زبور 47:9)۔ وہ وعدہ جو خدا نے یعقوب اور ابرہام سے کیا تھا، آخرکار پورا ہوتا ہے، اور جب خدا اپنے جائز تخت پر بیٹھتا ہے تو دنیا برکت پاتی ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کا منصوبہ ہمیشہ سے یہی تھا کہ ابرہام اور یعقوب کی نسل میں سے ایک بادشاہ ساری زمین پر حکومت کرے۔ وہ شاہی نسل یسوع ہے۔ وہ سچے بادشاہ کے طور پر حمد کے لائق ہے، کیونکہ اپنی رگوں میں یعقوب اور ابرہام کا خون رکھنے کی بنا پر یسوع ہی اسرائیل کے تخت کا جائز وارث ہے (متی 1:1-2)۔ لیکن یسوع اِس لیے بھی بادشاہی تاج کا مستحق ہے کہ وہ مجسم ہو کر خدا کی حضوری ہے (1 تیمتھیس 3:16)۔ جس طرح صندوق کا جشن منایا گیا جب اُس نے یروشلیم میں اپنی جگہ لی، اُسی طرح یسوع اِس سے بھی بڑھ کر شان و شوکت کا مستحق ہے، کیونکہ وہ خود خدا ہے (عبرانیوں 1:2)۔ یسوع اسرائیل اور دنیا، دونوں کا جائز بادشاہ ہے۔ تمام قومیں بلائی گئی ہیں کہ اُس کے آگے جھکیں۔
یسوع کے دشمن بھی اِس ناگزیر حقیقت سے بچ نہ سکے کہ وہ بادشاہ یسوع کے سامنے عبادت میں گر پڑیں۔ اُس پر الزام لگانے والے اُسے مجرم ٹھہرانے کے لیے ”خدا کا بیٹا“ کہتے ہیں (متی 26:63-64)۔ روم کے بادشاہ اُسے سب جرائم سے بری قرار دیتے ہیں (لوقا 23:14)۔ قوموں کے سپاہی یسوع کو تاج، عصا اور شاہی رنگ کا لباس دیتے ہیں اور سچے ”یہودیوں کے بادشاہ“ کے آگے جھکتے ہیں (متی 27:28-29)۔ آخرکار اُسے اُونچا اُٹھایا جاتا ہے، ایک ایسے تخت پر چڑھایا جاتا ہے جو صلیب کی شکل کا ہے، اور اُس کے اوپر اُس کا ابدی لقب ”بادشاہ“ لکھا ہوا ہے (متی 27:37)۔ اور اِس بات کے ثبوت کے طور پر کہ قومیں لازماً اسرائیل کے سچے بادشاہ کی عبادت کریں گی، ایک رومی پہرہ دار یسوع کی نئی بادشاہی کے پہلے شہریوں میں سے ایک بنتا ہے (مرقس 15:39)۔ وہ بادشاہی جو ایک وقت یعقوب کی اولاد کے لیے مخصوص تھی، اب بےروک ٹوک اُن سب کے لیے کھول دی گئی ہے جو اُس کے آگے جھکتے ہیں (رومیوں 10:13)۔
اور یسوع کی تاجپوشی کے وسیلے سے، جو درحقیقت ایک مصلوبیت ہے، یسوع ابدی تخت پر بیٹھتا ہے (افسیوں 1:19-20)۔ اور جو کچھ ایک وقت طنز کے طور پر کہا گیا تھا، وہ سچ ثابت ہوتا ہے۔ ہر قبیلے، قوم اور زبان کے لوگ اِس وقت بھی اُس بادشاہ کی حمد کے گیت گا رہے ہیں اور ہمیشہ گاتے رہیں گے، جو مَرا تاکہ سب لوگوں کو اپنے شہری بنائے (مکاشفہ 7:9)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو بادشاہ کے طور پر حکومت اور سلطنت کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اپنی حمد کے لائق دیکھیں، کیونکہ اُس نے ساری زمین سے بلند اپنا تخت سنبھال لیا ہے۔

