کیا ہو رہا ہے؟
داؤد بادشاہ اور اُس کے لشکر کو ابھی ابھی جنگ میں بھاری نقصان اُٹھانا پڑا تھا۔ زبور 60: 1 میں داؤد سمجھتا ہے کہ یہ شکست اس بات کا ثبوت ہے کہ خدا نے اُسے رد کر دیا ہے۔ اس لیے وہ خدا سے فریاد کرتا ہے کہ وہ اُسے پہلے جیسی قوت پھر سے عطا کرے، چاہے وہ اس کا مستحق نہ بھی ہو۔
داؤد کانپ رہا ہے۔ خدا کے غضب نے زمین کو ہلا دیا ہے، یہاں تک کہ وہ پھٹ گئی اور اُس میں دراڑیں پڑ گئیں۔ داؤد کا لشکر لڑکھڑا رہا ہے۔ زبور 60: 2 - 3 کے مطابق وہ گویا اُس زہریلی مے سے متوالے ہو گئے ہیں جو خدا کے ہاتھ سے اُنڈیلی گئی ہے۔ شکست سے نڈھال داؤد زبور 60: 4 میں یاد کرتا ہے کہ ماضی میں خدا سے ڈرنے والوں کو کس طرح پناہ ملی۔ ایک زخمی سپاہی کی طرح داؤد اب بھی جنگ کے دوران اپنے بادشاہ کے جھنڈے کی طرف دوڑ سکتا ہے۔ اور خدا کے جھنڈے تلے پناہ پا کر وہ جانتا ہے کہ اُس کا بادشاہ اُسے بچائے گا۔ شکست کے باوجود وہ جانتا ہے کہ خدا اُس سے محبت کرتا ہے۔ خدا کا دہنا ہاتھ اُن کے لیے رہائی رکھتا ہے جن سے وہ محبت کرتا ہے۔ زبور 60: 5 میں داؤد کو یقین ہے کہ خدا اُسے ہمیشہ کے لیے رد نہیں کرے گا۔
زبور 60: 6 کے مطابق جلد ہی خدا اُسے پھر سے فتح دے گا اور دشمن کی زمین اپنے لوگوں میں بانٹ دے گا۔ آخرکار خدا ہی وہ بادشاہ ہے جو اسرائیل پر حکمرانی کرتا اور تمام قوموں پر اختیار رکھتا ہے، جیسا کہ زبور 60: 7 - 8 میں ظاہر ہے۔ زبور 60: 9 - 10 میں داؤد جانتا ہے کہ اپنے دشمنوں پر فتح کی اُس کی واحد امید یہی ہے کہ خدا پھر سے اُس کے ساتھ جنگ میں نکلے۔ وہ جرنیلوں، سیاست یا معاہدوں کی مدد پر بھروسا کرنے سے انکار کرتا ہے۔ زبور 60: 11 میں وہ مدد کے لیے خدا سے اپنی فریاد کو اَور بھی شدید کر دیتا ہے۔ زبور 60: 12 بتاتا ہے کہ صرف خدا ہی کے وسیلے سے اُس کے دشمن پامال ہوں گے۔ داؤد جانتا ہے کہ خدا کا رد کرنا کہانی کا انجام ہونا ضروری نہیں۔ اگر وہ صرف اُسی پر بھروسا رکھے تو شکست محض فتح کا پیش خیمہ ہو گی۔
انجیل کہاں ہے؟
آخرکار خدا اُنہیں رد نہیں کرتا جن سے وہ محبت کرتا ہے۔ اور اُس نے یہ بات یسوع مسیح کے وسیلے سے ثابت کی، جو داؤد کا بیٹا تھا۔ اُس نے بھی خدا کے دشمنوں کے خلاف ایک ایسی جنگ لڑی جو بظاہر ہار کی جنگ تھی۔ داؤد کی طرح یسوع مسیح بھی خدا کے دشمنوں کو مغلوب کرنے نکلا۔ اُس کی جنگیں بدی کی تمام قوتوں کے خلاف تھیں: بیماری، مایوسی، بدروحوں کی غلامی اور خود موت۔ یسوع مسیح جانتا تھا کہ خدا نے تمام قومیں اُس کی حکمرانی میں دے دی ہیں۔ لیکن یوحنا 18: 36 میں ہم دیکھتے ہیں کہ اُس نے وہ بادشاہی لانے کے لیے انسانی طاقت پر بھروسا نہیں کیا۔ اُسے بھروسا تھا کہ صرف خدا ہی اُسے فتح دے گا۔ لیکن متی 20: 21 - 22 اور یوحنا 18: 11 ظاہر کرتے ہیں کہ وہ یہ بھی جانتا تھا کہ اُسے بھی پہلے دُکھ کا وہ پیالہ پینا ہے جو اُس کا منتظر تھا۔
یسوع مسیح کو تاج سے پہلے صلیب ملی۔ اُس نے اپنے دشمنوں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کیا۔ متی 27: 48 - 51 بتاتا ہے کہ جب اُس نے وہ پیالہ آخری قطرے تک پی لیا تو زمین لرز اُٹھی اور ہل گئی، اور اُس کا بدن درد سے کانپ رہا تھا۔ انسانوں کی طرف سے رد کیے جانے کے بوجھ نے اُسے موت تک کچل ڈالا۔ لیکن خدا اُنہیں رہائی دیتا ہے جن سے وہ محبت کرتا ہے، یہاں تک کہ موت سے بھی۔ خدا نے یسوع مسیح کو مُردوں میں سے جِلایا۔ اب یسوع مسیح موت پر فاتح ہے۔ اور 1 کرنتھیوں 15: 25 - 27 کے مطابق ایک دن وہ آ کر اپنے سب دشمنوں کو پامال کرے گا۔ زخمی سپاہیوں کی طرح ہم بھی پناہ کے لیے یسوع مسیح کے جنگی جھنڈے تلے دوڑ سکتے ہیں، کیونکہ شکست میں بھی فتح یقینی ہے۔ یسوع مسیح کے ساتھ کوئی ایسا نقصان نہیں جو فتح کا پیش خیمہ نہ ہو۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو شکست میں سے فتح نکالتا ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس نجات دہندہ کے طور پر جان سکیں جس نے رد کیے جانے کو برداشت کیا تاکہ اپنے لوگوں کو اُن کے دشمنوں سے رہائی دے اور اُن کے لیے فتح یقینی بنائے جن سے وہ محبت کرتا ہے۔

