کیا ہو رہا ہے؟
دشمن داؤد کی جان اور اُس کی نیک نامی، دونوں کو تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ وہ اُس کے بارے میں افواہیں پھیلاتے ہیں اور اُس کی جان لینے کی کوششیں کرتے ہیں۔ داؤد یہوداہ کے خشک بیابان میں چھپنے پر مجبور ہے۔ اگرچہ داؤد پانی اور پناہ کی کمی جھیل رہا ہے، تاہم وہ اِن ضرورتوں کو اپنی اُس سے بھی شدید ضرورت پر غور کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے، یعنی خدا کی ضرورت۔ اُس کا جسم پانی کی کمی سے پیاسا ہے، مگر اُس کی آنکھیں اپنے خداوند کی کسی نشانی کے لیے اُس ویرانے کو تکتی ہیں (زبور 63:1)۔ وہ جانتا ہے کہ خدا اُس کی پیاس کسی بھی چشمے سے بہتر بجھا سکتا ہے۔
اپنی اِس تڑپ میں وہ اُن اوقات کو یاد کرتا ہے جب اُس نے خدا کا جلال اور قدرت دیکھی تھی (زبور 63:2)۔ اُس نے دیکھا کہ خدا جنگ میں اُس کی طرف سے لڑا۔ اور جب خدا کا صندوق اُس کے شہر میں رکھا گیا تو اُس نے خدا کی برکت اور حضوری کا تجربہ کیا (2 سموئیل 5:24، 6:13-14)۔
خدا کے خیالات رات کے پچھلے پہر بھی داؤد کے ذہن پر چھائے رہتے ہیں (زبور 63:6)۔ اُس کے لیے خدا صرف ایک زورآور محافظ ہی نہیں بلکہ ایک حسین محبوب بھی ہے۔ خدا کی محبت زندگی سے بہتر ہے (زبور 63:3)۔ خدا اپنی حضوری سے اُسے اِس طرح آسودہ کر سکتا ہے جس طرح شادی کا میزبان اپنے مہمانوں کو لذیذ کھانوں سے خوش کرتا ہے۔ داؤد کو یقین ہے کہ وہ اپنی ساری زندگی اُس خدا کی فیاض مہمان نوازی کی ستائش میں گزارے گا جو اُسے اِس قدر پوری طرح آسودہ کرتا ہے (زبور 63:4-5)۔
اپنے حالات کے باوجود داؤد اپنی جان بچانے کی فکر میں نہیں لگا رہتا۔ جب بھی اُسے ضرورت پڑی، خدا نے ہمیشہ اُس کی مدد کی ہے۔ اور اُسے بھروسا ہے کہ خدا آگے بھی اُسے بیابان کی گرمی سے پناہ دے گا اور اُس کے دشمنوں کی نظروں سے چھپائے رکھے گا (زبور 63:7-8)۔
اگرچہ وہ ایک ایسا مفرور ہے جس کا شکار کیا جا رہا ہے اور جسے بدنام کیا گیا ہے، تاہم داؤد خدا کے اُس وعدے کو تھامے ہوئے ہے کہ ایک دن وہ بادشاہ ہوگا (1 سموئیل 23:17)۔ وہ جانتا ہے کہ خدا اپنے چُنے ہوئے بادشاہ کو ہمیشہ جلاوطن نہیں رہنے دے گا۔ وہ جانتا ہے کہ خدا جلد ہی اُن جھوٹی باتوں کو خاموش کر دے گا جو اُس کے دشمن اُس پر اُچھالتے ہیں۔ خدا اُس کے دشمنوں کو ہلاک کرے گا (زبور 63:9)۔ خدا اپنی تلوار استعمال کرے گا اور اُس کے خلاف سازش کرنے والوں کی لاشیں گیدڑوں کے آگے پیش کرے گا (زبور 63:10-11)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع خدا کا وہ آخری بادشاہ ہے جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ لیکن داؤد کی طرح اُس نے بھی بیابان کی پیاس کا تجربہ کیا، اور بلاوجہ اُس کی نیک نامی پر کیچڑ اُچھالا گیا۔ اُس کے دشمنوں نے اُس کا پیچھا کیا اور موت تک اُس کی تحقیر کی۔ لیکن جیسی داؤد نے امید رکھی تھی، خدا کی قدرت اور محبت نے اُسے جِلا اُٹھایا اور واپس اُس کے تخت پر بٹھایا (افسیوں 1:18-20)۔ خدا کی محبت موت سے زیادہ زورآور ہے۔ اور یسوع زندگی سے بہتر ہے، کیونکہ اب وہ اپنے لوگوں کو ابدی پناہ اور آسودگی بخشتا ہے، خواہ اُن کی نیک نامی کیسی ہی ہو (یوحنا 17:3)۔
یسوع اُن کے لیے پیاس بجھانے والا پانی بھی ہے جو خود کو چھوڑا ہوا اور ردّ کیا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ ایک بار یسوع نے ایک عورت کو تسلی دی، جس کی پیاس اِس بات کی علامت تھی کہ اُسے خدا کی ضرورت ہے۔ نسلوں سے وہ اور اُس کے لوگ خدا کے آنے کی نشانیوں کے لیے ویرانے کو تکتے رہے تھے (یوحنا 4:20، 25)۔ وہ جانتی تھی کہ اُس کی سب سے بڑی ضرورت خدا کی حضوری ہے، اور یسوع اُسی کو پورا کرنے آیا۔ اُس نے ایسا پانی پیش کیا جو اُس کی سب سے گہری خواہش کو بجھا دے، یعنی یہ کہ وہ خدا کا جلال اور اپنے لیے، ایک ردّ کی ہوئی عورت کے لیے، اُس کی حسین محبت دیکھ سکے (یوحنا 4:7)۔ یسوع کی حضوری نے اُس کی پیاس کسی بھی چشمے سے بہتر بجھا دی۔
یسوع ردّ کیے ہوئے اور مفرور لوگوں کے لیے ایک زورآور محافظ ہے۔ یسوع کی تلوار ہمارے دشمنوں کی لاشیں پیش کرے گی (مکاشفہ 19:21)۔ وہ جھوٹوں کی دغابازی کو خاموش کر دے گا (مکاشفہ 20:2-3)۔ اور اپنے لوگوں کو موت کے بعد زندگی بخشے گا۔ یسوع ضرورت مندوں کے لیے محبت کرنے والا، زندہ پانی بھی ہے۔ جیسا داؤد نے تصور کیا تھا، یسوع جلد ہی ہمیں اپنی شادی کی ضیافت میں مہمان بنائے گا اور اپنی محبت کے بہترین حصوں سے ہمیں آسودہ کرے گا (مکاشفہ 19:9)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی محبت زندگی سے بہتر ہے۔ اور خدا کرے کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہر اُس شخص کو ہمیشہ کے لیے آسودہ کرتا ہے جو اُس کے پاس آتا ہے۔

