کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کا شاہی نظام خدا کی بادشاہی نہیں لائے گا۔ اسرائیل کا سب سے طاقتور بادشاہ سلیمان مر چکا ہے۔ اب خدا کے لوگ ایک اُلٹے خروج کے قصے کے درمیان رہ گئے ہیں، جہاں اب اسرائیل ہی مصر ہے۔
سلیمان کی موت پر اُس کا بیٹا بادشاہی کا وارث بنتا ہے۔ لیکن یُربعام نامی ایک حریف رہنما خدا کے لوگوں کو بچانے کے لیے مصر سے واپس آتا ہے (1 سلاطین 12:1-2)۔ اسرائیل میں بہت سے لوگ سلیمان کی حکومت کے تحت غلام بنا دیے گئے تھے اور اب راحت کے لیے یُربعام کی طرف دیکھتے ہیں (1 سلاطین 12:3-4)۔ فرعون کی طرح، سلیمان کا بیٹا اِس خطرے کے جواب میں غلاموں کے کام کا بوجھ بڑھا دیتا ہے (1 سلاطین 12:14، خروج 5:9)۔ موسیٰ کی طرح، یُربعام اسرائیل کے دس قبیلوں کو غلامی سے نکال کر یروشلیم کے شمال کے بیابان میں لے جاتا ہے (1 سلاطین 12:19)۔ لیکن جیسے ہی وہ آزاد ہوتے ہیں، یُربعام سونے کے نئے بچھڑے بنا کر اسرائیل سے کہتا ہے، ”اے اسرائیل، یہ تیرے دیوتا ہیں جو تجھے مصر سے نکال لائے“ (1 سلاطین 12:28)۔ اسرائیل کی تاریخ نے خود کو دہرایا ہے، سوائے اِس کے کہ اب اسرائیل ظالم ہے، اور مصر سے آنے والا شخص آزاد کرنے والا ہے۔
پھر بھی، ایک نبی یُربعام کا سامنا کرتا ہے اور نبوّت کرتا ہے کہ ایک نیا بادشاہ، یوسیاہ، اُس کی بُت پرستانہ عبادت کا خاتمہ کر دے گا (1 سلاطین 13:2)۔ اِس بات کو ثابت کرنے کے نشانوں کے طور پر کہ اُس کا پیغام خدا کی طرف سے ہے، خدا یُربعام کا ہاتھ سُکھا دیتا ہے اور اُس کی جھوٹی قربان گاہ دو حصوں میں پھٹ جاتی ہے (1 سلاطین 13:4-5)۔ لیکن یُربعام ضدی اور سخت دل ہے۔ وہ سونے کے بچھڑوں کو دوبارہ قائم کرتا ہے اور اپنے گھرانے کی تباہی کی راہ ہموار کرتا ہے (1 سلاطین 14:10)۔
پھر، فسح کے قصے کے اُلٹ جانے میں، یُربعام کا بیٹا بیمار پڑ جاتا ہے اور وہ شفا کے لیے اپنی بیوی کو ایک نبی کے پاس بھیجتا ہے (1 سلاطین 14:1)۔ لیکن جب وہ ابھی نبی کی دہلیز ہی پر ہے، وہ لڑکے اور یُربعام، دونوں کی موت کی نبوّت کرتا ہے (1 سلاطین 14:9، 12)۔ مصر کے پہلوٹھے بیٹوں کی طرح، جیسے ہی وہ اپنی دہلیز پر قدم رکھتی ہے، اُس کا بیٹا مر جاتا ہے (خروج 12:23؛ 1 سلاطین 14:17)۔
اِسی دوران سلیمان کا بیٹا، منقسم بادشاہی کے دوسرے حصے میں، اپنے بُت قائم کرتا ہے اور مصریوں کے ہاتھوں لُوٹا جاتا ہے (1 سلاطین 14:23، 25)۔ یہ بالکل اُس کا اُلٹ ہے جب فسح کے بعد کے دنوں میں اسرائیل نے مصر کی دولت لُوٹی تھی (خروج 12:36)۔ اور اسرائیل کی خانہ جنگی کے دونوں فریق ایک ہی بات سیکھتے ہیں: بُت پرستی غلامی، نقصان اور موت تک لے جاتی ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
سلیمان کا بیٹا اور یُربعام ثابت کرتے ہیں کہ اسرائیل کو اُن کی بُت پرستانہ ترجیحات سے باہر نکالنے کے لیے تاج کافی نہیں۔ اپنے باپ دادا کی طرح، اسرائیل صرف وہی کرنا چاہتا ہے جو اُس کی اپنی نظر میں ٹھیک ہے (1 سلاطین 14:8)۔ اور اسرائیل کے لیے خدا کی نظر میں بدی کرنے کا نتیجہ غلامی میں واپس جانا ہے (1 سلاطین 14:16)۔ عجیب بات ہے کہ سلیمان کے دور میں یُربعام ہی اسرائیل کے غلاموں کا آقا تھا۔ اسرائیل ایک غلام بنانے والے پر بھروسا کرتا ہے کہ وہ اُنہیں آزاد کرے گا، اور انجامِ کار نئے آقاؤں، نئے بُتوں اور موت کا غلام بن جاتا ہے۔
بُت اور صورتیں ہمیشہ غلامی تک لے جاتی ہیں۔ سونے کے بچھڑے اور ایک مثالی اور آسودہ زندگی کی صورتیں، دونوں آزادی کا وعدہ کرتی ہیں، لیکن آخر میں غلام بنانے والی ثابت ہوتی ہیں۔ ہم اپنے رشتے، اپنی امیدیں اور اپنی اخلاقیات اُس چیز پر قربان کر دیتے ہیں جو ہماری اپنی نظر میں ٹھیک لگتی ہے، مگر خود کو پہلے ہی کی طرح پھنسا ہوا پاتے ہیں۔ ہم اب بھی اپنے ہی اُلٹے خروج میں پھنسے ہوئے ہیں، اُس چیز کے غلام جسے ہم ٹھیک سمجھتے تھے (یوحنا 8:34)۔
ہمیں کسی بُت کی ضرورت نہیں، ہمیں ضرورت ہے کہ خدا ہمیں آزاد کرے۔ اور خدا نے اپنے آپ کو لکڑی سے تراشی ہوئی یا سونے سے ڈھالی ہوئی صورت کے طور پر نہیں، بلکہ جسم میں پیدا ہو کر ظاہر کیا ہے۔ یسوع خدا کی ہُوبہُو صورت اور اُس کی ذات کا زندہ نقش ہے (عبرانیوں 1:3)۔ اسرائیل کو امید تھی کہ یوسیاہ اُنہیں آزاد کرے گا۔ لیکن یسوع نہ صرف یوسیاہ کا بیٹا ہے بلکہ خدا کا بھی — اور جنہیں یسوع آزاد کرتا ہے وہ ہمیشہ کے لیے آزاد ہیں (یوحنا 8:36)۔
جھوٹے معبودوں، امیدوں اور بُتوں کے لیے اپنی قربانیاں چڑھانے کے بجائے، بھروسا کریں کہ یسوع ہی آپ کا خدا اور آپ کی قربانی، دونوں ہے۔ وہ فسح کے برّے کے طور پر مرا تاکہ آپ کی بُت پرستی اور موت کے قصے کو اُلٹ دے۔ آپ کے دل کے دروازوں پر اپنے خون کے ذریعے وہ آپ کو گناہ کی غلامی سے آزاد کرتا ہے۔ اور اپنے جی اُٹھنے کے ذریعے یسوع قبر کو اُلٹ دیتا ہے اور موت کو اُس کی طاقت سے لُوٹ لیتا ہے (1 کرنتھیوں 15:55)۔ یسوع ہی واحد صورت ہے جس کے سامنے جھکنا مناسب ہے۔ صرف اُسی پر بھروسا کریں، اور وہ آپ کو آزاد کرے گا۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو شریر بادشاہوں کو نیچے گرا دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اسرائیل کے سچے بادشاہ کے طور پر دیکھیں، جو اُن سب لوگوں کو جو اُسے پکارتے ہیں، غلامی سے باہر نکال لے جاتا ہے۔

