کیا ہو رہا ہے؟
سلیمان کی قوم قائم ہو چکی ہے، اُس کا محل مکمل ہو گیا ہے، ہیکل تعمیر ہو چکی ہے، اور خدا کی حضوری اُس میں نازل ہو چکی ہے (1 سلاطین 9:3)۔ لیکن سلیمان خطرے میں ہے؛ وہ اُس حکمت کا غلط استعمال کر رہا ہے جو خدا نے اُسے عطا کی تھی۔ خدا خبردار کرتا ہے کہ اُس کی بخششوں کا مسلسل غلط استعمال اسرائیل کی بربادی کا باعث بنے گا (1 سلاطین 9:6-7)۔
مگر دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔ حیرام صور کا بادشاہ ہے اور اُس نے چار ٹن سے زیادہ سونا دے کر سلیمان کی ہیکل کی تعمیر میں مالی مدد کی۔ لیکن وہ ناخوش ہے (1 سلاطین 9:14)۔ سلیمان کے اقتدار میں آنے میں حیرام کے کردار کے بدلے، سلیمان حیرام کو 20 شہر دیتا ہے۔ مگر حیرام اُس عطا کیے گئے علاقے کو ”کبول“ کہتا ہے، جو ”بیکار“ کے لفظ پر ایک لفظی کھیل ہے (1 سلاطین 9:13)۔
پھر سلیمان اُن ہی ناکامیوں کو دہراتا ہے جو اسرائیل نے موعودہ ملک میں پہلی بار داخل ہوتے وقت کی تھیں (قضاۃ 1:28)۔ خدا کے دشمنوں کو نکال باہر کرنے کے بجائے، وہ مصری فرعون کی بیٹی سے شادی کرتا ہے اور اپنے ہی لوگوں کو غلام بناتا ہے (1 سلاطین 9:15، 20-21)۔ عجیب بات یہ ہے کہ سلیمان کا مصری سُسر وہ بادشاہ ہے جو خدا کے حکموں کی تعمیل کرتا ہے، جس سے سلیمان مصر کے اصل فرعون سے زیادہ اُس فرعون جیسا دکھائی دیتا ہے جس سے اسرائیل بچ نکلا تھا (1 سلاطین 9:16)۔ سلیمان تو ”ذخیرے کے شہر“ بھی بناتا ہے، ویسے ہی جیسے اسرائیل کو زبردستی بنانے پڑے تھے (1 سلاطین 9:19؛ خروج 1:11)، اور مصر سے گھوڑے اور رتھ منگواتا ہے (1 سلاطین 10:28)۔
یہ محض پریشان کن مماثلتیں نہیں ہیں۔ استثنا میں خدا نے خاص طور پر اسرائیل کے بادشاہوں کو مصری گھوڑے حاصل کرنے سے منع کیا تھا (استثنا 17:16)۔ اسرائیل کو اُس پرانی سلطنت کے ساز و سامان سے کوئی واسطہ نہیں رکھنا تھا، بشمول سونا چاندی جمع کرنے کے۔ یہ سلیمان کی فرمانبرداری میں ایک اَور دراڑ ہے (استثنا 17:17، 1 سلاطین 10:21)۔
سلیمان خدا کی دی ہوئی حکمت خدا ہی کے حکموں کو توڑنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ مگر اِسی دوران خدا سلیمان کی حکمت کو اُس کے گرد و نواح کی قوموں کو برکت دینے کے لیے بھی استعمال کر رہا ہے۔ سبا سے آنے والی ایک ملکہ سلیمان کی حکمت اور دولت دیکھ کر دم بخود رہ جاتی ہے (1 سلاطین 10:5)۔ اہم بات یہ ہے کہ اِس کے نتیجے میں یہ غیر ملکی ملکہ خدا کی پرستش کرتی ہے (1 سلاطین 10:8)۔ سلیمان کی روز بروز ظاہر ہوتی حماقت کے باوجود، یہ ملکہ خدا کی حکمت کو مجسم دیکھ کر ایمان لے آتی ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کے سوا بائبل مقدس میں کوئی کامل کردار نہیں ہے۔ لیکن سلیمان، اب تک، اُس قریب ترین مقام کی نمائندگی کرتا ہے جہاں اسرائیل باغ میں کھوئی ہوئی چیز کو بحال کرنے کے قریب پہنچا ہے۔ یہ جان کر دل ٹوٹ جاتا ہے کہ جس حکمت کو سلیمان نے مانگا تھا—تاکہ وہ ”نیک و بد دونوں کو جانے“ (1 سلاطین 3:9)—اُس کا انجام وہی ہوگا جو آدم کا ہوا تھا جب اُس نے ”نیک و بد کی پہچان“ کے درخت کے پھل کی طرف ہاتھ بڑھایا (پیدائش 3:5)۔ آدم کے گناہ نے دنیا کو تباہ کر دیا، اور آدم کے بیٹوں نے وہ ظالم سلطنتیں قائم کیں جنہوں نے اسرائیل کو غلام بنایا۔ سلیمان باغ کو بحال نہیں کر رہا، بلکہ وہ اُس لعنت کو دہرا رہا ہے جو نیک و بد دونوں کو جاننے کے ساتھ آتی ہے۔ وہ خدا کی حکمت کا غلط استعمال کر رہا ہے، فرمانبرداری سے انکار کر رہا ہے، اور اسرائیل کو موت کی طرف لے جا رہا ہے۔
لیکن یسوع سلیمان سے بہتر بادشاہ ہے۔ یسوع خود ہمیں یہی بتاتا ہے (لوقا 11:31)! وہ تو یہ بھی کہتا ہے کہ جب یسوع واپس آئے گا تو ہم سب سبا کی ملکہ کو دیکھیں گے، اور وہ اُن لوگوں کی عدالت کرے گی جو یسوع کی شاہانہ حکمت کو نہیں پہچانتے۔ جس طرح ملکہ نے سلیمان کی ناقص حکمت اور دولت دیکھ کر خدا کی پرستش کی، اُسی طرح ہمیں یسوع کی بےعیب حکمت دیکھ کر خدا کی پرستش کرنی چاہیے۔ یسوع کی حکمت دولت، سیاسی معاہدوں، یا گھوڑوں سے ثابت نہیں ہوئی۔ بلکہ یسوع کی حکمت اُس کی کمزوری میں ظاہر ہوئی (1 کرنتھیوں 1:25)۔ اِس لیے کہ کمزوری حکمت سے زیادہ طاقتور ہے۔ ہاں، سلیمان کی حکمت نے اُسے ایک بادشاہی دلائی، مگر یسوع کی کمزوری نے مُردوں میں سے جی اُٹھنا حاصل کیا۔
سبا کی ملکہ کی طرح، ہم یسوع کی صلیب کو دیکھ کر سلیمان کے تخت سے بڑھ کر حکمت کا ایک عظیم نظارہ دیکھ سکتے ہیں (1 کرنتھیوں 1:23-24)۔ اور سبا کی ملکہ ہی کی طرح، اگر ہم اِس حکمت کے سبب خدا کی پرستش کریں، تو ہم مُردوں میں سے جِلائے جائیں گے اور ایک ایسی بادشاہی میں رکھے جائیں گے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ یسوع کی بادشاہی غلاموں کی پیٹھوں پر تعمیر نہیں ہوئی، بلکہ اُس کی اپنی پیٹھ کے زخموں سے بنی ہے۔ یسوع میں وہ لعنت، جس کا آغاز آدم سے ہوا اور جسے سلیمان مٹا نہ سکا، آخرکار پلٹ دی گئی ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو دانا ہے۔ اور آپ یسوع کو مجسم حکمت کے طور پر دیکھیں، تاکہ آپ اُس کی بادشاہی کی دولت کا تجربہ کریں۔

