کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کی تاریخ کے پہلے 60 سال بیان کرنے میں 13 باب لگے۔ اگلے 60 سال صرف تین باب لیتے ہیں۔ بیانیہ تیز ہو جاتا ہے کیونکہ اسرائیل کی تاریخ بار بار خود کو دہراتی ہے۔ ایک بادشاہ اُٹھتا ہے، حکومت کرتا ہے، گناہ کرتا ہے، اور مر جاتا ہے۔ بار بار، پھر بار بار، اور پھر بار بار۔ جیو۔ گناہ کرو۔ مرو۔ دہراؤ۔
مصنف تکرار کے ساتھ اور یکسانیت سے ایک کے بعد ایک ایسے بادشاہوں کی فہرست دیتا ہے جن کے نام ملتے جلتے ہیں، جو ملتی جلتی جنگوں میں مصروف ہیں اور جن پر ملتی جلتی عدالت آتی ہے: ”اُس نے خداوند کی نظر میں بدی کی اور اپنے باپ کی راہوں پر چلا“ (1 سلاطین 15:26)۔ حتیٰ کہ جو تفصیلات ہمارا مصنف بتاتا ہے وہ بھی نہایت محدود ہیں۔ سلیمان کے دنوں کی سیاسی چالبازیاں اور داؤد کی حکومت کی دلچسپ جنگیں جا چکی ہیں، اور اُن کی جگہ مختصر، تفصیل سے خالی خلاصے ہیں، اور یہ یاد دہانی کہ مزید معلومات تاریخ کی کتابوں میں دیکھ لیں (1 سلاطین 15:23)۔ اِس کا اثر بے حس کر دینے والا ہے۔ اگر آپ نے پہلے سلاطین پڑھی ہے تو غالباً آپ نے بےحسی محسوس کی ہوگی۔ لیکن اِس کے لیے خود کو قصوروار محسوس نہ کریں — آپ کو ایسا ہی محسوس کرنا چاہیے۔ اسرائیل کی بت پرستی اور نافرمانی بڑھتے بڑھتے مزید پُرتشدد، دہرائی جانے والی، اور نہایت اُکتا دینے والی ہو جاتی ہیں۔
واحد روشن پہلو یہوداہ میں بادشاہ آسا ہے (1 سلاطین 15:11)۔ وہ اپنے والدین کے بعض گناہوں کو مٹا دیتا ہے، اگرچہ اسرائیل کی سابقہ شان یا وفاداری کو واپس لانے میں ناکام رہتا ہے (1 سلاطین 15:12-13)۔ لیکن اُس کی دینداری عمری اور اُس کے بیٹے اخی اب کے سائے میں دب جاتی ہے۔ عمری نے اپنے سے پہلے تمام بادشاہوں سے زیادہ بدی کی (1 سلاطین 16:25)، اور اخی اب نے اپنے باپ کی بدی کو بھی معمولی بنا دیا (1 سلاطین 16:31 الف)۔
اخی اب ایزبل سے شادی کرتا ہے، جو ایک غیرملکی ملکہ تھی، اور مل کر وہ دونوں خداوند کے ملک میں باقاعدہ طور پر بعل کی پرستش قائم کرتے ہیں (1 سلاطین 16:32-33)۔ بعل کی پرستش میں اکثر انسانی قربانی شامل ہوتی تھی، جس کی اخی اب بلا جھجک اجازت دیتا ہے۔ وہ اپنے ایک ماتحت کو اجازت دیتا ہے کہ یریحو کو دوبارہ تعمیر کرنے کے لیے اپنے دو بیٹوں کو قربان کر دے — وہی کنعانی شہر جسے یشوع نے تباہ کیا تھا (1 سلاطین 16:34)۔ اخی اب اُس زندگی اور توانائی کو اُلٹ دیتا ہے جو خدا یشوع کے ذریعے لایا تھا۔ وہ اُس بدچلنی کو دوبارہ تعمیر کرتا ہے جسے اسرائیل نے پہلے ڈھا دیا تھا، اور اسرائیل کو اِسی طرح کے مزید انجام کا شکار کر دیتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
باقی ساری تاریخ میں جو کچھ ہوتا ہے اُسے بیان کرنے کے لیے ہمیں تین باب کی ضرورت نہیں۔ ہم جیتے ہیں۔ ہم گناہ کرتے ہیں۔ ہم مر جاتے ہیں۔ نئے دیوتا، نئے نام، نئی ثقافتیں۔ لیکن دہرایا جانے والا سلسلہ ہمیشہ وہی رہتا ہے۔ ہم جیتے ہیں۔ ہم گناہ کرتے ہیں۔ ہم مر جاتے ہیں۔
بعل دیوتا نے (ہماری اپنی ثقافت سے کسی طور کم نہیں) یہ وعدہ کیا کہ اُس کے مندر میں جنسی تجربات کا مطلب زرخیزی، خوشی اور خوشحالی ہوگا (1 سلاطین 15:12)۔ اور انسان آج تک یہ نہیں سیکھ پائے کہ بعل کے آگے جھکنا ہمیشہ بانجھ پن، نقصان اور محتاجی کے اُنہی دہرائے جانے والے سلسلوں تک پہنچاتا ہے۔ بےلطف جنسی تعلق، بےمحبت شادیاں اور ٹوٹے ہوئے خاندان اُسی اُکتا دینے والی بت پرستی کی ہزاروں سال پرانی تکرار ہیں (رومیوں 1:23)۔
اپنی بت پرستی کی یکسانیت سے آزاد ہونے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم زندہ خدا کی پرستش کریں (1 تھسلنیکیوں 1:9)۔ جس طرح آسا اسرائیل میں زندگی واپس لایا، اُسی طرح جب ہم زندہ خدا کی پرستش کرتے ہیں تو ہم موت اور بوسیدگی کی تکرار کو پلٹ دیتے ہیں اور تخلیقیت، زندگی اور توانائی کے لیے جگہ بناتے ہیں۔
اُس زندہ خدا کا نام یسوع ہے۔ بیابان میں شیطان نے یسوع کو دولت اور اقتدار کی ایک بادشاہی پیش کی، بس اِس شرط پر کہ وہ گھٹنے ٹیک دے (متی 4:8-9)۔ لیکن یسوع نے بےبس شیطان کے وعدوں کے آگے جھکنے سے انکار کیا اور صرف زندگی کے خدا کی پیروی کی (یوحنا 5:19)۔ جس طرح آسا نے ایک جھوٹے دیوتا کے وعدوں کے آگے جھکنے سے انکار کیا، اُسی طرح یسوع موت اور بت پرستی کی یکسانیت کو ختم کرتا ہے۔ وہ موت کے سزایافتہ لوگوں کے لیے ہمیشہ کی زندگی کی نئی راہ نکالتا ہے۔ وہ گناہگاروں کو نئی مخلوق بنا دیتا ہے (2 کرنتھیوں 5:17)۔ یشوع کی طرح ہم موت کی حکومت والی دنیا میں زندگی کے زوردار اور توانا سپاہی بن جاتے ہیں۔ یسوع میں اب یہ نہیں رہا کہ جیو، گناہ کرو، مرو، دہراؤ۔ اب یہ ہے: گناہ کے لیے مری ہوئی زندگی، ابدی توانائی، اور زندہ خدا کی تخلیقیت، زندگی اور قوت کی کبھی نہ ختم ہونے والی کھوج۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ خدا کو بتوں سے بہتر دیکھ سکیں۔ اور آپ یسوع کو اُس زندہ خدا کے طور پر دیکھیں جو ہمیں موت اور بوسیدگی کی یکسانیت سے آزاد کرتا ہے۔

