کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کا دارالحکومت تباہ ہو چکا ہے، اور اسرائیل کے لوگ جلاوطن ہو کر بابل پہنچا دیے گئے ہیں۔ اب وہ ایک ایسی طاقت کے غلام ہیں جسے وہ شکست نہیں دے سکتے۔ لیکن حزقی ایل نبوّت کرتا ہے کہ اسرائیل کے دشمن جلد ہی لبھا کر ایک ایسی جنگ میں لائے جائیں گے جو وہ جیت نہیں سکتے۔ حزقی ایل اسرائیل کے تمام دشمنوں کو ایک پُراسرار اور ہیبت ناک بادشاہ کی صورت میں پیش کرتا ہے جس کا نام جوج ہے۔ ایک دن جوج دنیا کے ہر کونے سے اسرائیل کے دشمنوں کو ایک کر دے گا (حزقی ایل 38:1-6)۔ جوج سمجھے گا کہ اسرائیل کے شہر بےدفاع ہیں اور وہ اپنی وسیع بین الاقوامی فوج کی قیادت کرتے ہوئے اُنہیں لوٹنے کے لیے بڑھنے لگے گا (حزقی ایل 38:7-14)۔ لیکن جب جوج اسرائیل کی سرحد پار کرے گا، حزقی ایل کہتا ہے کہ خدا ایک جنگی سُورما کی طرح اُٹھ کھڑا ہو گا اور جوج اور اُس کی موقع پرست فوج کو ہلاک کر دے گا (حزقی ایل 38:15-23)۔
خدا کے انصاف کے بعد کا منظر نہایت شدید ہے۔ جوج غیر مسلح اور بےبس کر دیا جاتا ہے۔ جوج کے مقتول سپاہی ریگستان کی دھوپ میں گل جاتے ہیں۔ اور خدا آگ بھیجتا ہے کہ دشمن کے شہروں کو جلا کر خاک کر دے (حزقی ایل 39:1-6)۔ حزقی ایل کہتا ہے کہ لکڑی کی پھینکی ہوئی ڈھالیں اور نیزے اِتنے زیادہ ہوں گے کہ خدا کے لوگوں کو اگلے سات سال تک ایندھن کے لیے لکڑی کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی (حزقی ایل 39:7-10)۔ آخرکار، خدا کے لوگ اپنی سرزمین کو اُن لاشوں سے پاک کرنا شروع کریں گے جو اُسے ناپاک کر رہی ہیں۔ حزقی ایل کہتا ہے کہ سات مہینے تک وہ جوج کے سپاہیوں کی ہڈیاں اور لاشیں ایک تاریک گڑھے میں پھینکیں گے، جہاں گدھ اور مُردار خور جانور اسرائیل کے دشمنوں کو پیٹ بھر کر کھائیں گے (حزقی ایل 39:11-20)۔ یہ ایک خوفناک تصویر ہے، لیکن پیغام سادہ ہے۔ ہر وہ دشمن جس نے خدا کے لوگوں کو دھمکایا یا اُن پر حملہ کیا، مکمل طور پر کھا لیا جائے گا۔
بار بار حزقی ایل کہتا ہے کہ جوج کے خلاف یہ جنگ ثابت کرے گی کہ خدا نے اپنے لوگوں کو نہیں بھلایا اور وہ اُن کے دشمنوں سے بڑا ہے (حزقی ایل 38:15-16، 23، 39:6-7، 21-23)۔ یہ سچ ہے کہ اسرائیل بابل کے قبضے میں جلاوطنی میں ہے۔ یہ بھی سچ ہے کہ اِس سے بھی زیادہ زورآور دشمن اسرائیل کو دنیا کے نقشے سے مٹانے کی کوشش کریں گے۔ لیکن جوج کے خلاف حزقی ایل کی نبوّتیں ثابت کرتی ہیں کہ خدا نے اپنے لوگوں کو نہیں بھلایا۔ غیر قوموں کا ظلم، غلامی اور قومی شرمندگی وہ نہیں ہے جو خدا آخرکار اسرائیل کے لیے چاہتا ہے (حزقی ایل 39:21-24)۔ بلکہ خدا کا اِرادہ ہے کہ اپنے لوگوں کے ہر دشمن کو کھا لے۔ خدا اپنے لوگوں کی حفاظت کرے گا، اُنہیں قائم رکھے گا، اور ہمیشہ اُن کے ساتھ رہے گا (حزقی ایل 39:25-29)۔ جوج کے خلاف حزقی ایل کی نبوّتوں سے اسرائیل کو یہ تسلی ملنی چاہیے کہ خدا کی قدرت اور اپنے لوگوں کے ساتھ اُس کی وفاداری جلد ہی پوری دنیا کے سامنے ثابت ہو جائے گی۔
خوشخبری کہاں ہے؟
بائبل میں جوج کا ذکر صرف ایک اَور جگہ ملتا ہے، یعنی مکاشفہ کی کتاب میں، جہاں یوحنا رسول خدا اور اُس کے لوگوں کے دشمنوں کے درمیان ایک آخری اور فیصلہ کُن جنگ کا بیان کرتا ہے۔ دونوں جنگیں حیرت انگیز حد تک ایک جیسی ہیں۔ دونوں میں جوج شمال، جنوب، مشرق اور مغرب سے ایک عالمی فوج جمع کرتا ہے۔ دونوں میں خدا آسمان سے آگ بھیج کر جنگ جیتتا ہے (حزقی ایل 39:6؛ مکاشفہ 20:9)۔ دونوں میں مُردے ایک جگہ جمع کیے جاتے ہیں تاکہ خدا کی طرف سے اُن کی عدالت ہو (حزقی ایل 39:11-20؛ مکاشفہ 20:7-10)۔ دونوں میں خدا جوج کے سپاہیوں کی لاشیں پرندوں اور مُردار خور جانوروں کے لیے ضیافت کے طور پر پیش کرتا ہے (حزقی ایل 39:17-20؛ مکاشفہ 19:17-18)۔ حزقی ایل اور یوحنا ایک ہی واقعے کی بات کر رہے ہیں۔ اگرچہ اسرائیل نے یہ فرض کر لیا ہو گا کہ اُس کے دشمنوں کی شکست زیادہ تر سیاسی نوعیت کی ہے، لیکن یوحنا کا بیان ہمیں دکھاتا ہے کہ حزقی ایل ایسی فتح کا ذکر کر رہا ہے جو بابل کی تباہی سے بھی بڑی ہے۔ حزقی ایل اور یوحنا دونوں اُس دن کی بات کر رہے ہیں جب خدا آخرکار دنیا کی تمام طاقتوں کے پیچھے کی طاقتوں، یعنی موت، بدی اور بدنظمی کی قوّتوں کو کھا لے گا۔
حزقی ایل اور یوحنا کی تباہی کی نبوّتوں سے ہمیں امید ملنی چاہیے۔ خدا نے ہمیں نہیں بھلایا، اور خدا ہمارے دشمنوں کو شکست دے گا۔ ہو سکتا ہے آپ سیاسی اور فوجی دشمنوں کی بدی سے واقف ہوں یا نہ ہوں۔ پھر بھی، ہم سب بدی، موت اور بدنظمی کے خلاف اپنی اپنی لڑائیوں میں زخمی ہوئے ہیں (افسیوں 6:12)۔ حزقی ایل اور یوحنا دونوں نبوّت کرتے ہیں کہ یہ ساری طاقتیں ہمیشہ کے لیے کھا لی جائیں گی۔ اُن کی شکست پر ہم جو بھروسا رکھ سکتے ہیں، اُس کی وجہ صرف یہ نہیں کہ حزقی ایل اور یوحنا نے اِس کے بارے میں نبوّت کی ہے، بلکہ یہ ہے کہ خدا نے پہلے ہی اُن کے خلاف ایک فیصلہ کُن فتح حاصل کر لی ہے۔
خدا نے خود یسوع کی شخصیت میں بدی، بدنظمی اور موت کی طاقتوں کے خلاف جنگ کی۔ اُس جنگ میں یسوع کچھ وقت کے لیے جوج کے پنجے تلے کچلا گیا۔ تین دن تک ایسا لگا کہ بدی، بدنظمی اور موت کی طاقتیں جیت گئی ہیں۔ لیکن یسوع اپنی قبر سے جی اُٹھا۔ یسوع جوج سے زیادہ قدرت والا ہے (کلسیوں 2:15)۔ خدا نے جوج کو غیر مسلح کر دیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ موت، بدی اور بدنظمی کی طاقتوں کو یسوع اور اُس کے پیروکاروں پر کوئی حتمی قدرت نہیں ہے۔ چنانچہ، کوئی بھی دشمن آپ پر حملہ کر رہا ہو، جان لیں کہ یسوع اُنہیں کھا لے گا۔ یسوع اِس لیے مرا کہ آپ کی حفاظت کرے، آپ کو قائم رکھے، اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو آخرکار بدی کو کھا لے گا۔ اور آپ یسوع کو اپنے اُس جنگی سُورما کے طور پر دیکھیں جو جلد ہی ہمارے سب دشمنوں کو شکست دے گا۔

