کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کو ایک تاریک دنیا میں نور ہونا تھا۔ اپنے جینے کے انداز سے وہ بدی اور نفرت سے بھری دنیا کو خدا کی بھلائی اور رحم دکھاتے۔ لیکن اسرائیل اپنے ارد گرد کی قوموں کی مانند ہی تاریک ہو گیا۔ چنانچہ خدا نے اُنہیں اُس ملک سے نکال دیا جو نور کے لیے مقرر تھا، اور اُنہیں اُن ہی قوموں کی تاریکی میں جلاوطن کر دیا جنہیں اُنہوں نے خود چُنا تھا۔ اِس کے باوجود یسعیاہ نے یہ وعدہ سنایا کہ ایک چنے ہوئے رہنما، جسے خادم کہا گیا ہے، کے ذریعے خدا اُنہیں تاریکی سے چھڑائے گا اور نور کے اُس موعودہ ملک میں واپس لائے گا۔
یسعیاہ ہمیں اِس خادم سے متعارف کراتا ہے۔ خادم زمین کی انتہاؤں پر تاریک قوموں میں بسنے والے لوگوں سے کلام کرتا ہے۔ جیسا کہ یسعیاہ شروع ہی سے زور دیتا آیا ہے، خدا اپنے لوگوں کو ہر بات کے واقع ہونے سے پہلے ہی بتا دے گا۔ چنانچہ یہ خادم اپنی پیدائش سے بہت پہلے ہی جانا اور چُنا جا چکا ہوگا (یسعیاہ 49:1، 5)۔ جس طرح خدا نے دنیا کی خلقت کے وقت اپنے کلام سے نور کو وجود میں لایا، اُسی طرح خادم محض کلام کرنے سے اسرائیل کی تاریکی کو چیر دے گا (یسعیاہ 49:2)۔ وہ قوموں کے لیے اُس مقصد کو پورا کرے گا جسے پورا کرنے میں اسرائیل ناکام رہا (یسعیاہ 49:3)۔ خادم اسرائیل کو تاریک قوموں سے چھڑا کر نور کے ملک میں واپس بھی لائے گا (یسعیاہ 49:6a)۔ پھر بھی، جس طرح سے یہ خادم اپنے لوگوں کو چھڑائے گا، وہ ایک شکست جیسا معلوم ہوگا (یسعیاہ 49:4)۔ اپنے آپ کو اسرائیل کے دُکھ اور جلاوطنی کے ساتھ جوڑ کر وہ اُنہیں آزاد کرے گا اور وہ نور ظاہر کرے گا جس کی اِس تاریک دنیا کو ہمیشہ ضرورت رہی ہے (یسعیاہ 49:6b)۔ خادم تاریک قوموں کے درمیان سب سے زیادہ بےعزت اور بالکل گم گشتہ لوگوں کو چھڑائے گا اور اُنہیں بادشاہ اور شہزادے بنا دے گا (یسعیاہ 49:7-12)۔ یہ خبر اِس قدر اچھی ہوگی کہ اِس کا واحد مناسب جواب یہی ہوگا کہ سارے آسمان خوشی سے گائیں اور زمین خود نغمہ سرائی کرنے لگے (یسعیاہ 49:13)۔
لیکن اسرائیل یہ سوچتا ہے کہ چونکہ خدا نے اُنہیں جلاوطنی میں چھوڑ دیا ہے، اِس لیے اُس کے لیے اُن سے اب بھی محبت کرنا ناممکن ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اُن کی قومی موت اور شرمناک جلاوطنی اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا اُنہیں بھول گیا یا اُنہیں چھوڑ چکا ہے (یسعیاہ 49:14)۔ لیکن یسعیاہ کہتا ہے کہ ناممکن یہ نہیں کہ خدا اُنہیں بچائے، بلکہ ناممکن یہ ہے کہ خدا اپنے آپ کو اُنہیں بچانے سے روک رکھے۔ خدا اُس دودھ پلانے والی ماں کی مانند ہے جو اپنے بھوکے بچے کے بارے میں سوچنا بند نہیں کر سکتی (یسعیاہ 49:15)۔ اُس نے اپنے آپ کو محبت میں اسرائیل کے ساتھ ایسا باندھ لیا ہے کہ اُس نے اُس کا نام اپنی ہتھیلیوں پر کندہ کر لیا ہے (یسعیاہ 49:16)۔ اسرائیل کی جلاوطنی خدا کی نجات کو ناممکن نہیں بناتی، بلکہ اُسے اَور زیادہ خوبصورت بنا دیتی ہے۔ خدا کا خادم اسرائیل کو، جو اُس کی دلہن ہے، بےشمار اولاد سے آراستہ کرے گا (یسعیاہ 49:18)۔ خادم کے ذریعے جلاوطنی میں پیدا ہونے والے بچے اسرائیل کو یہاں تک بھر دیں گے کہ وہ چھلک اُٹھے گا (یسعیاہ 49:19-21)۔ اور کوئی سلطنت یا فوج خادم کو اپنے لوگوں کو چھڑانے سے روک نہیں سکتی۔ خدا اپنے آپ کو روک نہیں سکتا، اور کوئی بھی خدا کو اپنے لوگوں کو تاریکی سے نکال کر نور کے ملک میں لانے سے روک نہیں سکتا (یسعیاہ 49:24-26)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اپنے لوگوں کے لیے خدا کی وہ محبت، جسے روکا نہیں جا سکتا، اُس کے اپنے بیٹے کو بھیجنے کا باعث بنی تاکہ وہ وہی خادم ہو جس کا ذکر یسعیاہ نے کیا تھا (عبرانیوں 10:5-7)۔ یسوع ہی وہ خادم ہے جسے خدا زمین پر اُس کی پیدائش سے بہت پہلے جانتا تھا اور جسے اسرائیل کو بچانے کے لیے چُنا گیا تھا۔ خدا کا کلام ہونے کے ناتے، جس نے ابتدا میں نور پیدا کیا، یسوع نے اپنے لوگوں سے کہا کہ وہی دنیا کا نور ہے (یوحنا 8:12)۔ یسوع تاریکی پر غالب آنے والا تھا اور ساری دنیا سے لوگوں کو اپنے نور میں لانے والا تھا (یوحنا 1:4-5)۔
پھر بھی، جیسا یسعیاہ نے نبوت کی تھی، خادم اپنے لوگوں کو ایسے طریقے سے بچانے والا تھا جو شکست جیسا دکھائی دیتا۔ یسوع نے اپنے آپ کو اپنے لوگوں کی جلاوطنی اور دُکھ کے ساتھ جوڑ لیا، کیونکہ وہ اپنے آپ کو اپنے لوگوں سے موت کی حد تک محبت کرنے سے روک نہیں سکتا تھا (یوحنا 15:13؛ رومیوں 5:8)۔ اُس نے تو یہ بھی ہونے دیا کہ اُس کے ہاتھ کیلوں سے کندہ کیے جائیں، اور یوں ابدی محبت کے نشان بن گئے۔ لیکن جس طرح خدا نے اسرائیل کو جلاوطنی میں نہیں چھوڑا، اُسی طرح اُس نے یسوع کو بھی قبر میں نہ چھوڑا (اعمال 2:27)۔ خدا نے یسوع کو قبر سے جِلایا، اور اُسے ایسی جگہ سے زندگی بخشی جو موت جیسی دکھائی دیتی تھی۔ سو اب یسوع ہمیں، جو موت سے بھرے ہوئے ہیں، لے کر اپنی زندگی کی حامل دلہن بنا سکتا ہے (رومیوں 6:5، 11)۔
اگرچہ وہ بےعزت اور جلاوطن کیا گیا، تاہم یسوع وہ خادم ہے جو بادشاہوں کا بادشاہ بن گیا۔ اور اب یسوع ساری دنیا میں اپنے فرزندوں کو بڑھا رہا ہے۔ جیسے جیسے اَور زیادہ لوگ یسوع کے ساتھ جُڑتے جا رہے ہیں، قومیں خدا کے فرزندوں سے لبالب بھر رہی ہیں (یوحنا 1:12؛ 1 یوحنا 3:1)۔ اب ہم، جو اِس خادم کی پیروی کرتے ہیں، اُسی کا نور بنائے جا رہے ہیں۔ وہ ہمیں اُس ماں کی طرح کھلاتا اور سنبھالتا ہے جو اپنے بچے کو پالتی ہے، اور اپنے آپ ہی کو ہمیں دے دیتا ہے (یوحنا 6:57؛ 1 پطرس 2:2-3)۔ خادم اپنی روح کے وسیلے سے ہم میں بستا ہے، اِس لیے اب ہم خدا کے خادم ہیں جو اُس کا نور پہنچانے کے لیے دنیا کے تاریک ترین کونوں تک جا رہے ہیں (1 پطرس 2:9)۔ اور اِس مشن میں وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے (متی 28:20)۔ ہم جانتے ہیں کہ خدا ہمیں نہیں چھوڑے گا، کیونکہ یسوع، ہمارا خادم اور بادشاہ، ہماری جلاوطنی میں داخل ہوا ہے تاکہ سب قوموں کو خدا کے نور کے ملک میں لے آئے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کے لیے اپنی محبت کو روک نہیں سکتا۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس خادم کے طور پر دیکھیں جو ہمیں کبھی نہیں چھوڑے گا، اور دنیا کے اُس نور کے طور پر جو ہمیں تاریکی سے چھڑاتا ہے۔

