کیا ہو رہا ہے؟
یرمیاہ نبی کے زمانے سے سینکڑوں سال پہلے، خدا نے سابق غلاموں کے بارہ قبیلوں کو اپنی قوم بنایا۔ ایک لحاظ سے، اُس نے اُن سے ”شادی“ کی۔ جیسے شادی کی رسموں میں ہوتا ہے، خدا کے لوگ اِس بات پر راضی ہوئے کہ وہ خدا کی دُلہن بنیں گے اور صرف اُسی کے وفادار رہیں گے۔ یہ وفاداری اقرار و قسموں کے ایک سلسلے میں درج کی گئی، جسے عہد کہا جاتا ہے، جہاں اسرائیل نے وعدہ کیا کہ وہ خدا سے اپنے سارے دل سے محبت رکھے گی اور اُس کے سوا کوئی اَور معبود نہ رکھے گی (خروج 24:1-7)۔ لیکن یرمیاہ کے زمانے تک خدا کے لوگ خود کو مستقل زناکار ثابت کر چکے تھے۔ خدا کے بےوفا لوگ اُس کے سوا، جس نے اُنہیں غلامی سے چھڑایا تھا، دوسرے معبودوں کی پرستش کے راستے تلاش کرتے رہے۔ دل شکستہ نظموں کے ایک سلسلے میں خدا اپنے لوگوں کے ساتھ ٹوٹے ہوئے رشتے پر روتا ہے اور اُن سے التجا کرتا ہے کہ وہ اپنی شادی کو بحال کریں۔
پہلی نظموں میں یرمیاہ یاد کرتا ہے کہ اسرائیل کبھی ایک نئی بیاہی دُلہن کی طرح خدا کے لیے وقف تھی اور خدا ایک نوجوان عاشق کی طرح اُس کی حفاظت کرتا تھا (یرمیاہ 2:1-3)۔ لیکن وہ محبت جلد ہی بگڑ گئی۔ خدا کے لوگ اپنے اقرار بھول گئے اور سیاسی معاہدوں کے ذریعے، اور غیر ملکی حاکموں اور اُن کے معبودوں سے وفاداری کا عہد باندھ کر، نئی حفاظت حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگے (یرمیاہ 2:4-8)۔ گویا طلاق کی کارروائی شروع کرتے ہوئے، خدا اپنی محبوبہ پر باقاعدہ الزام لگاتا ہے اور کہتا ہے کہ اسرائیل نے ناجائز تعلقات کے ایک سلسلے کی خاطر اپنی شادی کو چھوڑ دیا ہے (یرمیاہ 2:9-13)۔ اسرائیل ایک بےشرم کسبی کی مانند ہے۔ اور خدا فرماتا ہے کہ کوئی بھی ”مجھے افسوس ہے“ اُس کی بےوفائیوں کا داغ اُس کے ذہن سے نہیں مٹا سکتا (یرمیاہ 2:20-24؛ 3:2)۔ اپنی طرف سے، اسرائیل اپنی زناکاری اور بت پرستی کا انکار نہیں کرتی۔ بلکہ وہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ بےگناہ ہے اور اُس کے متعدد تعلقات طلاق شروع کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہیں (یرمیاہ 2:23، 29، 35)۔ لیکن استثنا کی کتاب میں درج اُن کے نکاح کے اقرار کا حوالہ دیتے ہوئے، خدا اپنی دُلہن کو یاد دلاتا ہے کہ وہ دونوں اِس پر راضی ہوئے تھے کہ جب ایک فریق اپنے ساتھی سے بےوفائی کر لے، تو دوسرا اُسے پھر کبھی واپس نہیں لے سکتا (یرمیاہ 3:1؛ استثنا 24:1-4)۔ عملاً اُن کی شادی ختم ہو چکی ہے۔
لیکن پھر بھی خدا ایک ایسے مستقبل کا آرزومند ہے جہاں اُن کا رشتہ بحال ہو۔ اسرائیل کے قبیلوں کی بےوفائیوں کے باوجود، خدا شدت سے یہ چاہتا ہے کہ اُس کے سب لوگ توبہ کریں اور اُس کی طرف رجوع لائیں (یرمیاہ 3:6-14)۔ خدا وعدہ کرتا ہے کہ اگر وہ ایسا کرے، تو وہ اسرائیل کو نئے راہنما دے گا۔ یہ راہنما دُلہن اور دُلہا کے درمیان وفاداری بحال کریں گے اور خدا کے لوگوں کی راہنمائی کریں گے کہ وہ اپنے شوہر، یعنی خدا، کے ساتھ وفاداری کے ایک نئے دَور میں داخل ہوں (یرمیاہ 3:22)۔ خدا کہتا ہے کہ اگر وہ لوٹ آئیں، تو وہ اپنی اُس دُلہن کی طرف لوٹے گا جو کبھی زناکار تھی، اور اُن کی شادی کو ہمیشہ کے لیے بحال کر دے گا (یرمیاہ 3:15-16؛ 4:1-4)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کی اپنے لوگوں کے لیے محبت اُس دن ختم نہیں ہوئی جب اُن کی شادی ٹوٹ گئی۔ ایک دن خدا کے لوگ پھر خدا کی عہد کی محبت کا تجربہ کریں گے۔ ترک کر دیا جانا اور طلاق خدا کا اپنے بےوفا لوگوں کے لیے آخری کلام نہ ہوں گے۔
یرمیاہ کو پڑھ کر بےچین ہو جانا آسان ہے، اور یہ سوچنا کہ کہیں خدا ہمارے فیصلوں کے سبب ہمیں چھوڑ نہ دے یا سزا نہ دے، جیسے اُس نے اسرائیل کو طلاق دی۔ لیکن خدا نے اپنے بےوفا لوگوں سے ایسی محبت رکھی کہ وہ یسوع کی شخصیت میں زمین پر آیا اور اعلان کیا کہ خدا، یعنی دُلہا، بالآخر آ گیا ہے، اور اپنے لوگوں سے شادی کرنے کو تیار ہے (مرقس 2:19)۔ یسوع کا پہلا معجزہ ایک ایسی شادی کو بچانا تھا جو خطرے میں تھی (یوحنا 2:1-11)۔ جب یسوع نے مصلوب ہو کر اپنی آنے والی موت کے بارے میں بات کی، تو اُس نے یرمیاہ کا حوالہ دیا۔ اُس نے کہا کہ اُس کا خون ایک نیا عہد قائم کرے گا—اپنی بےوفا دُلہن اور اپنے درمیان ایک نئی شادی (لوقا 22:20)۔ اور بائبل مقدّس کا سب سے آخری باب اعلان کرتا ہے کہ تاریخ کا انجام خدا اور اُس کے کامل کیے گئے لوگوں کے درمیان شادی کا دن ہے (مکاشفہ 22)۔ اسرائیل کو خدا کی دی گئی طلاق اُس کے بےوفا لوگوں کے لیے اُس کا آخری کلام نہیں ہے—بلکہ یسوع کی زندگی، موت، جی اُٹھنا اور واپس آنا اُس کا آخری کلام ہے۔ آپ کو اِس بات سے ڈرنے کی ضرورت نہیں کہ خدا آپ کو چھوڑ دے گا یا آپ کو ہمیشہ کے لیے اپنی حضوری سے جدا کر دے گا۔ ہماری بےوفائی کے باوجود، خدا اپنے برگزیدہ اور عزیز لوگوں کا وفادار رہتا ہے۔ خدا، جو شوہر ہے، اُس کا محبت بھرا تعاقب اپنی بھاگی ہوئی دُلہن کے بےوفا قدموں سے آگے نکل جاتا ہے۔ اپنی وفاداری میں اُس نے یسوع میں خود کو آپ کے ساتھ جوڑ لیا ہے، تاکہ آپ اُس کی محبت کا جواب محبت سے دیں اور ہمیشہ اُس سے لپٹے رہیں۔ پس خدا کی شوہرانہ محبت پر بھروسا کریں، جو یسوع میں ظاہر ہوئی اور پیش کی گئی، اور اُس کے ساتھ رشتے میں واپس آئیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کی بےوفائی کے باوجود اُن سے محبت رکھتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو مَرا اور جی اُٹھا، تاکہ آپ کے اور میرے لیے ابدی محبت کا ایک نیا عہد شروع کرے۔


