کیا ہو رہا ہے؟
یرمیاہ کی پیدائش سے پہلے ہی خدا نے اُسے چُن لیا تھا کہ وہ یہوداہ کے نافرمان لوگوں کے سامنے اُس کا نمائندہ اور ترجمان ہو (یرمیاہ 1:4-5)۔ اور یرمیاہ ابھی ابھی یروشلیم شہر میں سے گزرا ہے، منادی اور نبوّت کرتا ہوا کہ خدا سے بےوفائی اور بچوں کی قربانی کے مسلسل رواج کے سبب اِس شہر کی تباہی قریب ہے۔ یہوداہ اور اُس کی قیادت کی علانیہ مذمت کے جواب میں، ہیکل کے سرکردہ کاہنوں میں سے ایک، فشحور، یرمیاہ کو گرفتار کرتا ہے، اُسے پٹواتا ہے اور رات بھر کاٹھ میں ڈال دیتا ہے (یرمیاہ 20:1-2)۔ اگلے دن یرمیاہ ظاہر کرتا ہے کہ خدا نے فشحور کا ایک نیا نام رکھا ہے: ”ہر طرف دہشت“۔ اُس کا نیا نام ہی اُس کا مستقبل ہے۔ فشحور اُس خدا کی سننے میں ناکام رہا جس کی خدمت کا وہ دعویٰ کرتا ہے۔ اُس نے اپنے منصب کو خدا کے نام پر جھوٹ بولنے اور یرمیاہ کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا، یعنی اُس نبی کو جسے خدا نے اپنا نمائندہ چُنا تھا۔ چنانچہ یرمیاہ کے دکھ میں اپنے کردار کے سبب فشحور جلد مر جائے گا (یرمیاہ 20:3-6)۔
لیکن کاٹھ میں گزری رات سے پریشان ہو کر یرمیاہ خدا پر الزام لگاتا ہے کہ اُس نے اُس سے جھوٹ بولا (یرمیاہ 20:7)۔ جب خدا نے اُسے اپنا نبی مقرر کیا، اُسے اپنا نمائندہ بنایا اور اپنا کلام اُس کے منہ میں رکھا، تو خدا نے کہا تھا کہ وہ یرمیاہ کی حفاظت کرے گا (یرمیاہ 1:18)۔ مگر وفاداری سے خدا کا پیغام پہنچاتے ہوئے اُسے صرف علانیہ رسوائی، ٹھٹھا اور اذیت ہی ملی (یرمیاہ 20:8)۔ جب بھی وہ اپنا منہ کھولتا ہے، اُس کے ہم عصر بےرحمی سے اُسے ستاتے ہیں۔ اور اگر وہ خاموش رہنے کی کوشش کرے تو خدا کا کلام اُسے اندر ہی اندر کھانے لگتا ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے گویا اُس کی ہڈیوں میں آگ لگی ہو (یرمیاہ 20:9-10)۔ لیکن اِس سب کے باوجود یرمیاہ اب بھی یقین رکھتا ہے کہ خدا ایک زبردست سورما ہے جو بےقصور اور راستباز کی خاطر لڑتا ہے (یرمیاہ 20:11-12)۔ سو وہ اُس خدا کی پرستش کا ارادہ کرتا ہے جو اُس جیسے کمزور اور محتاج لوگوں کو چھڑاتا ہے (یرمیاہ 20:13)۔
لیکن پرستش کے لیے خود کو تیار کرنے کے فوراً بعد یرمیاہ آرزو کرتا ہے کہ کاش وہ کبھی پیدا ہی نہ ہوا ہوتا۔ اُس دکھ کے پیشِ نظر جو خدا کی بلاہٹ نے اُس کی زندگی پر مسلط کر دیا ہے، وہ کہتا ہے کہ اگر خدا نے اُسے پیدا ہونے سے پہلے چُنا تھا، تو اُس کی سالگرہ خوشی منانے کے لائق نہیں (یرمیاہ 20:14)۔ وہ چاہتا ہے کہ خدا اُس آدمی کو مار ڈالے جس نے اُسے اُس کی ماں ہی کے پیٹ میں مار ڈالنے میں کوتاہی کی۔ یرمیاہ کا خیال ہے کہ ماں کے پیٹ ہی میں مر جانا اُس شرمندگی، غم اور تلخی کی زندگی سے بہتر ہوتا جو خدا کا چُنا ہوا نبی ہونے سے آئی ہے (یرمیاہ 20:15-18)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یرمیاہ کی بےلاگ سچائی سننا مشکل ہو سکتا ہے۔ لیکن یرمیاہ کی اذیت بھری چیخیں اور گھبراہٹ بھری دعائیں خدا سے وہی سوال کرتی ہیں جو ہم سب کرتے ہیں، چاہے ہم اُنہیں بلند آواز میں کہنے کی جرأت نہ کریں۔ اگر خدا بھلا ہے تو ہم دکھ کیوں اٹھاتے ہیں؟ اگر خدا نے ہماری حفاظت کا وعدہ کیا ہے تو وہ ایسا کرتا کیوں نہیں؟ خدا کہتا کچھ اور ہے اور کرتا کچھ اور کیوں ہے؟ کیا خدا جھوٹا ہے؟ کیا ہم محض دھوکے میں ہیں؟
اِن سوالوں کے جواب خدا کے آخری نبی، یسوع، میں ظاہر ہوئے ہیں۔ یسوع نہ صرف زمین پر خدا کا مقرر کردہ نمائندہ تھا بلکہ خدا کا بیٹا بھی (عبرانیوں 1:1-3)۔ یرمیاہ کی طرح اُس کا بھی پیچھا کیا گیا، اُس پر بہتان لگایا گیا، اُس کا ٹھٹھا اُڑایا گیا، اُسے پیٹا گیا، اور ہیکل کے سرکردہ کاہنوں نے اُسے موت کی سزا تک سنائی۔ یسوع یرمیاہ کے کرب کو جانتا ہے اور اُس نے ہماری کھری دعائیں تک کی ہیں۔ جیسے یرمیاہ نے لکڑی کے کاٹھ میں خدا سے سوال کیا، ویسے ہی یسوع نے صلیب پر خدا سے پوچھا کہ اُس نے اُسے، اپنے اکلوتے بیٹے کو، کیوں چھوڑ دیا (متی 27:46)۔ یسوع اُن دعاؤں کا درد جانتا ہے جو بظاہر بےجواب رہ جاتی ہیں۔
لیکن یسوع کی دعا کا خدا کا جواب تین دن بعد آیا۔ خدا نے یسوع کو مُردوں میں سے جِلایا (رومیوں 8:11)۔ خدا کے نمائندے کے طور پر وہ اپنی ذات میں خدا کا وہ جواب مجسم کرتا ہے جو ہمارے کھرے سوالوں، تاریک خیالوں اور مشکل دعاؤں کے لیے ہے۔ اور خدا کا جواب مُردوں میں سے جی اُٹھنا ہے۔ ہر وہ شخص جو اپنے سوالات اور دکھ خدا کے حضور لاتا ہے، اُسے مُردوں میں سے زندگی کا جواب ملے گا۔ خدا جھوٹا نہیں ہے۔ ہم دھوکے میں نہیں ہیں۔ اُس نے ہماری دعائیں سنی ہیں۔ ہمارے دشمن، یہاں تک کہ خود موت بھی، شکست کھائیں گے۔ خدا ہمارے دکھ میں داخل ہوا ہے، اور وہ وعدہ کرتا ہے کہ ہم اُس کے ساتھ جِلائے جائیں گے (رومیوں 6:5)
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہماری دعائیں سنتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس کی موت اور جی اُٹھنا ہی ہمارا جواب ہے۔


