کیا ہو رہا ہے؟
زبور 66 ساری دنیا کو خدا کی حمد کرنے کی دعوت دیتا ہے، کیونکہ وہی ہے جو ہمارے دشمنوں کو ہلاک کرتا ہے (زبور 66:1-4)۔ زبور نویس قوموں کو دعوت دیتا ہے کہ ”آؤ اور دیکھو“ کہ خدا نے اسرائیل کے لیے کیا کِیا ہے (زبور 66:5)۔ خدا نے اُن کے مصری آقاؤں کو شکست دی جنہوں نے اُنہیں غلام بنا رکھا تھا (خروج 6:1)۔ اُس نے سمندر کو دو حصوں میں کر دیا اور اپنے لوگوں کو خشک زمین پر سے پار لے گیا (زبور 66:6)۔ وہ آگ اور پانی میں سے ہو کر اُن کے لیے لڑا اور اُنہیں اُن کے اپنے ملک میں پہنچایا (خروج 14:24-27؛ یشوع 21:43)۔ اسرائیل کی آزادی دیکھنے والی قوموں کے لیے ایک تنبیہ ہے۔ یہ اُنہیں اُبھارتی ہے کہ وہ خدا کی بادشاہی کے خلاف بغاوت کرنے کے بجائے اُس میں شامل ہو جائیں (زبور 66:7)۔
لیکن خدا نے اُنہیں صرف غلامی سے ہی نہیں چھڑایا، بلکہ وہ اسرائیل کو گناہ سے بھی آزاد کرنا چاہتا تھا—وہ غلام بنانے والا آقا جو اُن کے دل میں تھا۔ گناہ نے اُنہیں اِس قدر جکڑ رکھا تھا کہ وہ سچّی آزادی کے ساتھ نہ خدا سے محبت کر سکتے تھے اور نہ ایک دوسرے سے۔ خدا نے آگ اور پانی کے ذریعے اُن کی تادیب کی تاکہ ہر اُس طاقت کی غلامی توڑ دے جو اُس سے کمتر ہے (زبور 66:9، 11-12)۔ اُس نے اُن کے دلوں کو کٹھالی میں چاندی کی طرح صاف کِیا (زبور 66:10)۔ اب خدا کے لوگ شکرگزاری کی قربانیوں کے ساتھ اُس کی حمد کرتے ہیں (زبور 66:13-15)۔ خدا کی نجات صرف عالمی اور قومی نہیں، بلکہ ذاتی بھی ہے (زبور 66:16-17)۔
زبور نویس دعا میں خدا کے حضور پکارتا ہے، یہ جانتے ہوئے کہ اگر خدا اُس کے دل میں مصر جیسی بغاوت پاتا تو اُس کی دعا رد کر دی جاتی (زبور 66:18)۔ لیکن خدا نے اُس کے دل کو گناہ سے پاک پایا، اِس لیے زبور نویس حمد میں پھوٹ پڑتا ہے (زبور 66:19-20)۔ خدا کبھی اُس کی دعاؤں کا جواب دینے سے نہیں چُوکے گا۔ وہ قادر خدا جو دنیا کو دشمنوں سے رہائی دیتا اور ایک قوم کو غلامی سے بچاتا ہے، محبت میں اُس کے دل تک پہنچا ہے، اُسے گناہ سے آزاد کِیا ہے، اور جب وہ دعا کرتا ہے تو سنتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ہماری دنیا آج بھی دشمنوں کی زد میں ہے۔ جنگیں، کال اور بیماریاں ملکوں اور قوموں کو تباہ کر رہی ہیں۔ پولس رسول کہتا ہے کہ ساری مخلوقات غلامی میں کراہتی ہوئی رہائی کا انتظار کر رہی ہے (رومیوں 8:20-22)۔ اور وہ رہائی دینے والا یسوع ہے۔
ایک بار، اپنی خدمت کے آغاز میں، یسوع کے شاگردوں نے اُس سے پوچھا کہ وہ کہاں جا رہا ہے۔ اُس نے اُن سے کہا ”آؤ اور دیکھو“، بالکل ویسے ہی جیسے ہمارے زبور نویس نے کہا تھا، کیونکہ وہ مصر سے ملنے والی رہائی سے بھی بڑی نجات حاصل کرنے جا رہا تھا۔ یسوع اپنے لوگوں کے سب سے بڑے دشمنوں—موت اور گناہ—سے لڑنے نکلا۔ وہ اپنے غلام بنائے گئے لوگوں کی طرف سے لڑا، اور اُنہیں بیماری جیسے جسمانی ظالموں سے اور اُن کے دلوں میں موجود مصر جیسے گناہ سے آزاد کِیا (متی 4:23؛ مرقس 5:12-15)۔ صلیب پر اُس کی موت نے گناہ کی طاقت کو کچل دیا اور اُس کے جی اُٹھنے نے ثابت کر دیا کہ موت کو آخرکار اپنا حریف مل گیا ہے (اعمال 2:24؛ 2 تیمتھیس 1:10)۔ جس طرح پانی نے مصر کو نگل لیا، اُسی طرح یسوع موت کو ہمیشہ کے لیے نگل جائے گا (1 کرنتھیوں 15:54)۔ وہ قبر میں سے نکل آیا تاکہ ایک نئی قوم کو اُس ملک میں لے جائے جہاں کوئی تاریک طاقت پھر کبھی اُس کے لوگوں پر حکومت نہ کرے گی (مکاشفہ 22:3)۔
یسوع کی قدرت قومی بھی ہے اور ذاتی بھی۔ یسوع کی صلیب پر موت کی بادشاہی اور گناہ کی سلطنت گرا دی گئیں، اور ہمارے اندر کا مصر تباہ کر دیا گیا۔ اب ہم اُس میں گناہ سے پاک ہیں (رومیوں 5:8)۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ خدا کبھی ہماری دعاؤں کا جواب دینے سے نہیں چُوکے گا (رومیوں 5:8، 8:32)۔ جو خدا ہمارے دشمنوں کو ہلاک کرتا ہے وہ ہمیشہ ہماری سنتا ہے، اور وہ ہماری طرف ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جس نے غلام بنانے والے ہر آقا کو، گناہ سمیت، مغلوب کر لیا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنی محبت میں دنیا کو، قوموں کو اور ایک ایک شخص کو نجات دیتا ہے۔

