کیا ہو رہا ہے؟
خدا نے اسرائیل کی بت پرستی اور بدی کے سبب سے اسور کی قوم کو بھیجا تاکہ وہ اسرائیل کے شمالی دار الحکومت کو تباہ کر دے (زبور 80:1-2)۔ زبور نویس آسف اپنے لوگوں کو روتے ہوئے اور شہر کو ملبے کا ڈھیر بنا ہوا دیکھتا ہے۔ وہ تصور کرتا ہے کہ خدا کا چہرہ غضب سے سلگ رہا ہے، جبکہ آس پاس کی قومیں اسرائیل کا مذاق اڑا رہی ہیں کہ اُس نے اُس خدا پر بھروسا کیا جس نے اُنہیں تباہ کر دیا (زبور 80:4-6)۔ آسف تین بار بےقراری سے خدا سے التجا کرتا ہے کہ وہ اپنا چہرہ اپنے کمزور لوگوں کی طرف کرے اور اپنی مہربانی اور محبت سے اُنہیں اُن کی پہلی شان و شوکت پر بحال کرے (زبور 80:3، 7، 19)۔
اِس تباہی سے پہلے خدا اپنے لوگوں کے لیے ایک محبت کرنے والے باغبان کی مانند تھا۔ اُس نے اسرائیل کی تاک کو مصر کی غلامی سے نکال کر دوسری جگہ لگایا۔ اُس نے زمین کو اُن کے دشمنوں سے صاف کیا اور اُنہیں اُس ملک میں لگایا جس کا اُس نے وعدہ کیا تھا۔ اُس نے اُن کی حفاظت کے لیے دیواریں بنائیں۔ اور اُس کی نگہداشت میں اُن کی تاک بڑھی، پھیلی، اور سمندر کے کنارے اُس کی سرحدوں تک سارے اسرائیل پر چھا گئی (زبور 80:8-11)۔ اور تاریخی طور پر یہ سب کچھ داؤد بادشاہ کی قیادت میں ہوا۔ لیکن اب داؤد کی بنائی ہوئی دیواریں ٹوٹ چکی ہیں (زبور 80:12)۔ جنگلی جانور اُن کی جھاڑیوں میں گھس کر اُنہیں اکھاڑتے اور اجاڑتے ہیں۔ ٹڈیاں ہر ہری چیز کو چٹ کر جاتی ہیں (زبور 80:13)۔ اِس لیے آسف خدا سے منت کرتا ہے کہ وہ ایک بار پھر اسرائیل کا باغبان اور نگہبان بن جائے، اور اُس تاک کو اتنی جلدی ترک نہ کرے جسے اُس نے اِتنی فیاضی اور احتیاط سے پروان چڑھایا ہے (زبور 80:14-16)۔
خاص طور پر آسف دعا کرتا ہے کہ خدا کا ہاتھ ایک “ابنِ آدم” کو برپا کرے جو خدا کے دہنے ہاتھ بیٹھے (زبور 80:17)۔ آسف امید رکھتا ہے کہ اگر خدا ایک ابنِ آدم — یعنی ایک انسان — کو مقرر کرے اور اُسے سرفراز کر کے اپنے تخت کے پاس ایک تخت پر بٹھائے، تو خدا کے لوگ اُس کی دیندار قیادت کی پیروی کرتے ہوئے اپنی بدی اور بت پرستی سے پھر جائیں گے (زبور 80:18)۔ اور اِس سے بڑھ کر، آسف امید رکھتا ہے کہ جب ایک ابنِ آدم سرفراز کیا جائے گا تو خدا کے لوگ آخرکار خدا کے چہرے کو اپنی طرف مہربانی اور محبت سے چمکتا ہوا دیکھیں گے (زبور 80:19)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
زبور 80 اسرائیل کے لوگوں کو دو امیدیں دیتا ہے جو حقیقت میں ایک ہی ہیں۔ پہلی یہ کہ خدا ایک بار پھر اُن کا باغبان ہوگا اور اسرائیل کی تاک کو بحال کرے گا۔ اور دوسری یہ کہ خدا ایک انسان، یعنی ایک ابنِ آدم کو سرفراز کرے گا تاکہ وہ آسمان پر اُس کے دہنے ہاتھ بیٹھے۔ یہ دونوں امیدیں یسوع میں پوری ہوتی ہیں۔
زبور 80 کی تاک محض عمومی طور پر اسرائیل کی علامت نہیں تھی، بلکہ خاص طور پر داؤد بادشاہ اور اُس کے شاہی خاندان کی علامت تھی (یسعیاہ 11:1؛ زبور 80:17)۔ جب داؤد کے خاندان کے حکمران خدا کی پیروی کرتے تھے تو اسرائیل بھی اُن کے نمونے پر چلتا اور زبور کی اُس تاک کی طرح پھلتا پھولتا تھا۔ لیکن جب داؤد کے بعد آنے والے بادشاہوں نے بت پرستی اور بدی کو چنا تو اسرائیل زوال کا شکار ہو گیا۔ چنانچہ اسرائیل کی تباہی کے بعد اُسے بحال کرنے کے لیے لازم ہے کہ خدا داؤد کے ایک اَور بیٹے کو برپا کرے جو خدا کے لوگوں کو ایک بار پھر دینداری اور خوشحالی کی طرف لے جائے۔ لیکن ایک مسئلہ ہے جسے یہ زبور کبھی حل نہیں کرتا۔ اگر داؤد کی نسل دوبارہ زندہ بھی ہو جائے، تب بھی کوئی انسان، کوئی ابنِ آدم، خدا کے دہنے ہاتھ بیٹھنے کے لائق نہیں ہے۔
لیکن یہ مسئلہ یسوع میں حل ہو جاتا ہے۔ یسوع وہ خدا تھا جو انسان بن کر پیدا ہوا (یوحنا 1:14)۔ وہ نہ صرف عورت سے پیدا ہونے والا حقیقی ابنِ آدم تھا بلکہ داؤد کی حقیقی نسل اور اُس کا بیٹا بھی تھا (متی 1:1-16)۔ یسوع ہی وہ تاک اور وہ بیٹا تھا جس کے لیے آسف دعا کر رہا تھا۔ اور یسوع میں خدا اپنا چہرہ پوری طرح اپنے کمزور لوگوں کی طرف کرتا ہے۔ خدا کی اپنی آنکھوں نے اُن کے دکھ اور ویرانی کو دیکھا اور خود اُس کا تجربہ کیا۔ اور اپنی مہربانی اور محبت سے اُس نے ٹھان لیا کہ وہ اُنہیں بحال کرے گا اور نجات دے گا، یہاں تک کہ اُن کی پہلی شان و شوکت سے بھی بڑھ کر (عبرانیوں 1:3)۔
جس طرح اسرائیل اپنی بدی اور بت پرستی کے سبب سے تباہ ہوا، اُسی طرح یسوع اپنے لوگوں کے گناہوں کے سبب سے تباہ کیا گیا اور دفن ہوا۔ اسرائیل کی طرح اُس کا بھی مذاق اڑایا گیا کہ اُس نے اُس خدا پر بھروسا کیا جس نے اُسے صلیب پر لٹکنے اور مرنے دیا (متی 27:39-41)۔ اور یسوع اُس تاریکی اور ویرانی میں داخل ہوا جسے اسرائیل نے جھیلا تھا، اور صلیب پر سے چلّا اٹھا (متی 27:45-46)۔ لیکن جس طرح زبور نویس نے امید رکھی تھی کہ خدا اسرائیل کو بحال کرے گا، اُسی طرح خدا نے یسوع کو مُردوں میں سے جِلا کر زندگی بخشی۔ اب یسوع، ابنِ آدم، خدا کے حقیقی بیٹے اور داؤد کے بیٹے کی حیثیت سے آسمان پر بیٹھا ہے۔ ہماری بدی اور بت پرستی اُس کے ساتھ مصلوب ہو چکی ہے۔ خدا کا چہرہ محبت اور شفقت سے ہم پر چمکتا ہے۔ اور اب یسوع اپنے لوگوں کو ہمیشہ کے لیے بدی اور بت پرستی سے دُور لے جاتا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو بحال کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو خدا کے اُس چہرے کے طور پر دیکھیں جو اپنے لوگوں کو بچانے آیا۔

