1600 سال پہلے مسیحیوں نے یسوع کی زندگی کے آخری دنوں کو "مقدّس ہفتہ" کہنا شروع کیا۔ مقدّس بدھ اُس دن کی یاد دلاتا ہے جب وفادار مریم اور دغاباز یہوداہ، دونوں یسوع کو مرنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔
روم اور ہیکل کے نظام، دونوں کو کھلے عام للکارنے کے ایک بڑھتے ہوئے سلسلے کے بعد، مذہبی اشرافیہ یہ یقین کر لیتی ہے کہ یسوع اُن کی بادشاہی اور اُن کے مذہب کے لیے خطرہ ہے (یوحنا 11:48)۔ اُن کا خیال ہے کہ اگر یسوع کو قتل نہ کیا گیا تو روم آ کر اُن کے پاس بچی ہوئی تھوڑی سی طاقت بھی چھین لے گا اور اُن کی ہیکل کو تباہ کر دے گا (یوحنا 11:50؛ متی 26:3-4)۔ یہ مانتے ہوئے کہ پوری قوم کے ہلاک ہونے سے بہتر ہے کہ ایک آدمی مر جائے، مذہبی اشرافیہ یسوع کو قتل کرنے کے اپنے آخری منصوبے بناتی ہے۔
اِسی دوران، مریم نامی ایک عورت 300 چاندی کے سِکّوں (یا ایک سال کی مزدوری) کے برابر قیمتی عطر کا عطردان لیتی ہے، اُسے توڑ کر کھولتی ہے، اُس عطر کو یسوع کے سر اور پاؤں پر ڈالتی ہے، اور اپنے بالوں سے اُس کی جِلد میں ملتی ہے (یوحنا 12:3)۔ یہ کام صرف فیاضانہ ہی نہیں بلکہ سماجی طور پر عجیب اور شرمندگی کا باعث بھی ہے۔ یہ دیکھ کر یہوداہ کو سخت ناگواری ہوتی ہے اور وہ شاگردوں کی طرف سے بول اُٹھتا ہے۔ وہ مریم کے اِس کام کو فضول خرچی کہتا ہے اور دلیل دیتا ہے کہ عطر کو بیچ کر غریبوں پر خرچ کرنا چاہیے تھا (یوحنا 12:4-5؛ متی 26:8-9)۔ لیکن یسوع یہوداہ کو خاموش کرتا ہے اور شاگردوں کو بتاتا ہے کہ مریم ٹھیک کام کر رہی ہے۔ وہ کہتا ہے: "غریب تو ہمیشہ تمہارے ساتھ رہیں گے، لیکن مَیں ہمیشہ تمہارے ساتھ نہیں رہوں گا" (متی 26:11)۔
اِس بات سے یسوع غریبوں کی دیکھ بھال کو رد نہیں کر رہا، بلکہ وہ اُس کام کی قدر کو نمایاں کر رہا ہے جسے پورا کرنے کے لیے وہ آیا ہے۔ جیسا مذہبی اشرافیہ نے خود کہا، خدا کے لوگوں کو بچانے کا واحد راستہ یہی ہے کہ وہ قتل کیا جائے۔ مریم سمجھتی ہے کہ یسوع کو مرنا ہی ہے، اِس لیے وہ پہلے سے ہی اُس کے بدن کو دفن کے لیے خوشبو سے تیار کر دیتی ہے۔ اُس کے نزدیک اپنی سب سے قیمتی چیز کو پیش کرنا کوئی "فضول خرچی" نہیں، اگر وہ یسوع کو اُس تدفین کے لیے تیار کرتی ہے جو خدا کے لوگوں کو بچائے گی (متی 26:12)۔ لیکن یہوداہ کو احساس ہوتا ہے کہ یسوع اب اُس کے کسی کام کا نہیں۔ چنانچہ وہ چپکے سے نکل جاتا ہے اور مذہبی اشرافیہ سے کہتا ہے کہ جو مریم نے اُنڈیلا اُس کے دسویں حصے کے بدلے وہ یسوع کو پکڑوا دے گا (متی 26:14-15)۔
عجیب بات ہے کہ اِس واقعے میں ہر کوئی یسوع کی موت کی تیاری کر رہا ہے۔ مذہبی اشرافیہ یسوع کو آسانی سے گرفتار کرنے کے لیے رشوت پیش کرتی ہے۔ یہوداہ ایک اور مہینے کے خرچ کے بدلے یسوع کو پکڑواتا ہے۔ اور مریم اُسے قبر میں رکھے جانے کے لیے تیار کرتی ہے۔ اِس سے بھی زیادہ عجیب یہ ہے کہ ہر کوئی یقین رکھتا ہے کہ اُنہیں بچانے کے لیے یسوع کا مرنا ضروری ہے۔ یہوداہ نے سوچا کہ یسوع کی موت اُس کی مالی حالت کو بچائے گی۔ مذہبی اشرافیہ نے سوچا کہ یسوع کی موت روم کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو اُن کی گردنوں سے ہٹا دے گی۔
لیکن مقدّس بدھ خوشخبری ہے، کیونکہ یسوع اعلان کرتا ہے کہ اُس کی موت خدا کے لوگوں کو روم یا غربت سے نہیں، بلکہ خود موت سے بچائے گی (یوحنا 11:51-52)۔ مریم نے ابھی ابھی دیکھا تھا کہ یسوع نے اُس کے بھائی کو مُردوں میں سے جِلایا (یوحنا 11:43-44)۔ وہ امید رکھتی ہے کہ اگر یسوع مرے گا، تو خدا کے سب لوگ موت سے بچائے جا سکیں گے۔ یسوع اُس کی سب سے قیمتی چیز کے لائق ہے، کیونکہ یسوع کو یہ قدرت ہے کہ وہ ہر مانگنے والے کو ہمیشہ کی زندگی بخشے۔
تو مَیں دعا کرتا ہوں کہ اِس مقدّس بدھ کو آپ یہ قبول کریں کہ اپنے لوگوں کو ہمیشہ کے لیے موت سے بچانے کی خاطر یسوع کا مرنا ضروری ہے۔


