ساتواں دن

آگ کی زبانیں انسانوں کو خیمۂ اجتماع بنا دیتی ہیں

دس دن کا انتظار۔ اب انتظار ختم ہوا۔

اعمال 2:1-4؛

تعارف

ہر سال کلیسیا یسوع کے صعود کے بعد آنے والے اُن 10 دنوں میں دعا کے ساتھ شریک ہوتی ہے۔ اُس عرصے میں شاگرد پنتِکُست کے دن روح القدس کی موعودہ نعمت کا انتظار کر رہے تھے۔ اب ہم بھی اُن کے ساتھ انتظار کرنا سیکھتے ہیں، روح کے نئے سرے سے بحال کرنے والے کام کے مشتاق ہوتے ہیں، اور کلامِ مُقدّس میں ایک نمونہ پہچانتے ہیں: خدا حکومت کرنے کے لیے صعود فرماتا ہے اور لوگوں کو روح القدس سے بھر دیتا ہے تاکہ وہ اُس کے ساتھ حکومت کریں۔

ہم نے یسوع کو سب سے اعلیٰ تخت پر صعود کرتے اور اپنے شاگردوں سے یہ وعدہ کرتے دیکھا ہے کہ باپ اُنہیں روح القدس کی نعمت سے بھر دے گا۔ ہم مریم کے ساتھ انتظار کر چکے اور شاگردوں کے ساتھ دعا کر چکے ہیں۔ اب ہم اُس لمحے کا تجربہ کرتے ہیں جس کا دیرینہ انتظار تھا—پنتِکُست کے دن تخت نشین بادشاہ اپنے لوگوں کو بھر دیتا ہے۔

آسمان سے آندھی اور آگ

10 دن کے انتظار اور دعا کے بعد، بالاخانے میں جمع خدا کے لوگ خدا کی حضوری کا تجربہ کرتے ہیں۔ ایک زور کی آندھی اُن کے درمیان آ داخل ہوتی ہے۔ بہت پہلے پیدائش میں اِسی ہوا—یعنی خدا کے دم—نے پہلے انسان کو زندگی سے بھر دیا تھا (پیدائش 2:7)۔ اب اعمال میں روح القدس کمرے میں موجود ہر ایک کو بھر دیتا ہے (اعمال 2:4)۔ جس روح نے ابتدا میں انسانیت کو جان بخشی اور معجزانہ طور پر مریم کے رحم میں زندگی ڈالی، وہی اب نازل ہو کر صعود فرمانے والے بادشاہ یسوع کے ہم حکمرانوں کو بھر دیتا ہے۔

یسوع کے ہر پیروکار کے سر پر آگ کے چھوٹے چھوٹے ستون ظاہر ہوتے ہیں۔ پوری بائبل میں آگ اکثر خدا کی حضوری کی نشاندہی کرتی ہے۔ خروج میں خدا نے آگ کے ستون سے اپنے لوگوں کی رہنمائی کی، اور اُس کی آتشیں حضوری نے مقامات کو مُقدّس ٹھہرا کر الگ کیا، جیسے جلتی ہوئی جھاڑی اور کوہِ سینا (خروج 3:5، 19:18)۔ آگ بھرے بادل نے خیمۂ اجتماع کو خدا کی حضوری کی سکونت گاہ کے طور پر نشان زد کیا (خروج 40:34-38)۔ اب اعمال میں، جب روح خدا کے لوگوں کو بھر دیتا ہے، تو آگ اُن کے اوپر ظاہر ہوتی ہے اور اُنہیں اُس جگہ کے طور پر نشان زد کرتی ہے جہاں خدا سکونت کرتا ہے (اعمال 2:3)۔ جس خدا نے کبھی خیمۂ اجتماع کو بھر دیا تھا، وہ اب انسانوں کو بھر دیتا ہے۔

مُقدّس بھراؤ

پنتِکُست پیدائش 6 کے مخالف بھراؤ کو اُلٹ دیتا ہے۔ اُس وقت خدا کے باغی بیٹوں نے انسانوں کو استعمال کر کے دنیا میں اپنی بگڑی ہوئی صورت پھیلائی تھی۔ لیکن اب خدا کا سچا بیٹا تخت پر صعود فرما چکا ہے، اور روح القدس انسانیت کو مسیح کی صورت پر نئے سرے سے پیدا کرتا ہے۔ خدا کی آتشیں حضوری خدا کے لوگوں کو مُقدّس جگہ کے طور پر الگ کرتی ہے، اور اُس کا روح اُنہیں مُقدّس صورتیں، یعنی خدا کے سچے بیٹے بناتا ہے۔

پنتِکُست وہ لمحہ ہے جب یسوع کے پیروکار تخت نشین بادشاہ کے ماتحت ایک روح سے بھری ہوئی قوم بن جاتے ہیں، تاکہ خدا کی پھلتی پھولتی زندگی اور بادشاہی کی خوشخبری دنیا تک پہنچائیں۔

رہنمائی کے ساتھ دعا

پنتِکُست کی روح میں، ہم اب اُسی طرح دعا کرتے ہیں جس طرح ہمارے صعود فرمانے والے بادشاہ یسوع نے ہمیں سکھایا:

اَے ہمارے باپ، تُو جو آسمان پر ہے،

تیرا نام پاک مانا جائے۔

تیری بادشاہی آئے، تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔

ہماری روز کی روٹی آج ہمیں دے۔

ہمارے قرض ہمیں معاف کر،

جس طرح ہم نے بھی اپنے قرض داروں کو معاف کیا ہے۔

اور ہمیں آزمائش میں نہ لا،

بلکہ بُرائی سے بچا۔

کیونکہ بادشاہی اور قدرت اور جلال ہمیشہ تیرے ہی ہیں۔

آمین۔

مفت ویڈیوز سیدھے آپ کے اِن باکس میں۔