تعارف
ہر سال کلیسیا یسوع کے صعود کے بعد کے اُن دس دنوں میں دعا کے ساتھ شریک ہوتی ہے۔ اُس عرصے میں شاگرد پنتِکُست پر روح القدس کی موعودہ نعمت کا انتظار کر رہے تھے۔ اب ہم بھی اُن کے ساتھ انتظار کرنا سیکھتے ہیں، روح کے تجدیدی کام کے مشتاق ہوتے ہیں، اور کلامِ مُقدّس میں ایک نمونہ پہچانتے ہیں: خدا حکومت کرنے کے لیے صعود کرتا ہے اور لوگوں کو روح القدس سے معمور کرتا ہے تاکہ وہ اُس کے ساتھ حکومت کریں۔
ہم دیکھ چکے ہیں کہ روح القدس نے تاریک روحانی قوتوں کی بغاوت کو اُلٹ دیا اور بابل کی پراگندگی کو مٹا دیا۔ ہم نے دیکھا کہ یسوع کے پیروکاروں نے یروشلیم میں جمع ہر قوم کی زبانوں میں اُس کی بادشاہت کا اعلان کیا۔ اب اعمال کی کتاب اُس اعلان کے مضمون کی طرف مُڑتی ہے، جب پطرس ہجوم سے مخاطب ہو کر پنتِکُست کا مطلب بیان کرتا ہے۔
وہ دن جس کا مدتوں انتظار تھا
پطرس جمع ہونے والوں کو بتاتا ہے کہ اِس اُنڈیلے جانے کی پیش گوئی مدتوں پہلے کی گئی تھی۔ یوایل نبی نے ایک ایسے دن کا ذکر کیا تھا جب خدا اپنی روح ہر بشر پر اُنڈیلے گا—مرد اور عورت، جوان اور بوڑھے، غلام اور آزاد (اعمال 2:16-18؛ یوایل 2:28-32)۔ اسرائیل مدتوں سے اِسی دن کا منتظر تھا، جب خدا اپنے لوگوں پر نظر کرے گا۔ پطرس یسوع کے پیروکاروں کے روح سے معمور اعلان کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ وہ دن آخرکار آ پہنچا ہے۔
وہ بادشاہ جس کا مدتوں انتظار تھا
یوایل کی نبوّت آسمان پر اور زمین پر نشانوں کا ذکر کرتی ہے۔ پطرس کہتا ہے کہ یہ نشان یسوع میں پورے ہوئے—آسمانی نشان اُس کی مصلوبیت کے وقت اور زمینی نشان یسوع کی زمینی خدمت میں، جب اُس نے اپنے لوگوں کو شفا دی اور اُن قوتوں کو پیچھے دھکیلا جنہوں نے انسانیت کو غلام بنا رکھا تھا (اعمال 2:19-22)۔ یہ نشان ظاہر کرتے ہیں کہ یسوع ہی وہ بادشاہ ہے جس کا اسرائیل انتظار کر رہا تھا۔ خدا نے یسوع میں اپنے لوگوں پر نظر کی ہے۔
اور جی اُٹھنا سب سے بڑا نشان ہے کہ یسوع ہی سچا بادشاہ ہے۔ اگرچہ وہ صلیب پر موت کے حوالے کیا گیا، تو بھی موت اُسے قبر میں تھام نہ سکی (اعمال 2:23-24)۔ موت نے ہر دوسرے بادشاہ کو فتح کیا تھا۔ لیکن جب یسوع قبر میں اُترا تو موت اُس کے مقابل نہ ٹھہر سکی۔ یسوع سب بادشاہوں سے بڑا بادشاہ ہے، کیونکہ اُس نے اُس دشمن پر فتح پائی جسے کوئی اَور بادشاہ شکست نہ دے سکا۔
داؤد بادشاہ کی تکمیل
پطرس واضح کرتا ہے کہ یہ خیال کہ خدا کا بادشاہ موت پر فتح پائے گا اور ہمیشہ حکومت کرے گا، کوئی نیا خیال نہیں ہے۔ اِس کی پیش گوئی خود داؤد بادشاہ نے کی تھی، جس نے خدا کے مُقدّس کے بارے میں کہا کہ وہ قبر میں نہ چھوڑا جائے گا بلکہ خدا کے دہنے ہاتھ قبول کیا جائے گا (زبور 16:8-11؛ 110:1)۔ داؤد اپنے بارے میں نہیں بلکہ اپنی نسل سے آنے والے یسوع کے بارے میں کہہ رہا تھا، جس کی حکومت موت سے ختم نہیں ہو سکتی تھی (اعمال 2:25-34)۔ جب یسوع آسمان پر صعود کر گیا تو خدا نے اُسے ہر قوت سے بالاتر تخت پر بٹھایا اور سب چیزیں اُس کے پاؤں تلے کر دیں (اعمال 2:35-36)۔
روح اور معافی کی نعمت
اب روح اِس لیے آتی ہے کہ یسوع تخت نشین ہے۔ آسمان پر صعود کر جانے والا بادشاہ خدا کی اپنی حضوری اور قدرت اُنڈیل کر اپنی حکومت میں شریک کرتا ہے۔ اِس سے پنتِکُست اَور بھی حیران کن ہو جاتا ہے، کیونکہ جیسا پطرس کہتا ہے، خدا کے لوگوں نے اپنے بادشاہ کو ردّ کر دیا تھا (اعمال 2:23)۔ مخالف قوتوں کے غلام بنے ہوئے اور اپنی ہی بغاوت سے چلائے جاتے ہوئے، اُنہوں نے یسوع کو ردّ کیا اور ایک حریف قوم کے نمائندوں کے ہاتھوں قتل ہونے کے لیے اُسے حوالے کر دیا۔ یہاں انسانیت کی بغاوت اپنے ہولناک عروج کو پہنچی۔ معمور کیے جانے اور صعود کے بالکل اُلٹ سب سے بڑا کام نہ تو دیووں کا وجود میں آنا تھا، نہ بابل کی تعمیر۔ خدا کا سب سے بڑا اِنکار یسوع کی مصلوبیت تھی۔
لیکن رحمت میں، خدا نے صلیب کے ذریعے بغاوت کے کام کو اُلٹ دینے کا منصوبہ بنایا۔ یسوع کا ردّ کیا جانا ہی وہ ذریعہ بن گیا جس سے اُس نے موت اور اُن قوتوں پر فتح پائی، اور اپنے لوگوں کو اُن کی گرفت سے آزاد کیا۔
اب یسوع ہر قوت اور ہر قوم پر بادشاہ ہو کر حکومت کرتا ہے، یہاں تک کہ اُن پر بھی جنہوں نے اُسے مروا دیا۔ اور پنتِکُست کے دن خدا اپنے لوگوں کے نزدیک عدالت کے ساتھ نہیں بلکہ رحمت کے ساتھ آتا ہے۔ وہ اُن لوگوں کو معافی پیش کرتا ہے جنہوں نے اُس کے بیٹے کو ردّ کیا، اور اُنہیں بادشاہی میں جگہ دیتا ہے۔ پطرس کے شاہی اعلان کے وسیلے سے وہ اُنہیں بلاتا ہے کہ شکست خوردہ حاکموں سے پھر جائیں اور اُس کی روح کو قبول کریں، کہ وہ اقتدار کے لیے اپنے باغیانہ لالچ سے توبہ کریں تاکہ یسوع کی حکومت میں شریک ہوں اور اُس کی بادشاہی کا اعلان کریں۔
رہنمائی میں دعا
ہم دعا میں یوں جواب دیتے ہیں جیسا یسوع، ہمارے رحیم اور آسمان پر صعود کر جانے والے بادشاہ نے ہمیں سکھایا:
اَے ہمارے باپ، تُو جو آسمان پر ہے،
تیرا نام پاک مانا جائے۔
تیری بادشاہی آئے۔ تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔
ہماری روز کی روٹی آج ہمیں دے۔
ہمارے قرض ہمیں معاف کر،
جیسے ہم نے بھی اپنے قرض داروں کو معاف کیا ہے۔
اور ہمیں آزمایش میں نہ لا،
بلکہ بُرائی سے بچا۔
کیونکہ بادشاہی اور قدرت اور جلال ہمیشہ ہمیشہ تیرے ہی ہیں۔
آمین۔
