یہوداہ غریبوں کو کھانا کھلاتا ہےیہوداہ غریبوں کو کھانا کھلاتا ہے

یہوداہ غریبوں کو کھانا کھلاتا ہے

خیرات کا ایک غیر ارادی کام

یہوداہ اسکریوتی کی پیسے سے محبت آخرکار اُسے اِس مقام تک لے آئی کہ اُس نے چاندی کے سِکّوں کے بدلے یسوع کو پکڑوا دیا۔ لیکن غیر متوقع طور پر، لالچ سے اُبھارا گیا اُس کا یہ دغا دنیا کی تاریخ میں خیرات کے سب سے ناقابلِ یقین کاموں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔ ہم سب یہ واقعہ جانتے ہیں۔

جب مریم محبت کے ساتھ قیمتی عطر سے یسوع کا مسح کرتی ہے، تو یہوداہ اِس کام پر دنگ رہ جاتا ہے۔ وہ غریبوں کے لیے ظاہری فکرمندی کی آڑ میں اُس کی فیاضانہ سخاوت پر اعتراض کرتا ہے (یوحنا 12:3-5)۔ لیکن حقیقت میں وہ یہ دیکھ ہی نہیں سکتا کہ اِتنی دولت یسوع پر ”ضائع“ کی جا رہی ہے، جبکہ اُس کی نقد قیمت اُس کی اپنی جیب بھر سکتی تھی (یوحنا 12:6)۔ مریم کی اِس فضول خرچ سخاوت سے بھڑک کر یہوداہ سردار کاہنوں کے پاس جاتا ہے تاکہ یسوع کو پکڑوا دے۔ وہ خوش ہو کر اُسے چاندی کے تیس سِکّے دیتے ہیں، اور یہوداہ یسوع کو حوالے کرنے کے لیے مناسب موقع کا انتظار کرتا ہے (متی 25:14-16)۔ بعد ازاں اُسی ہفتے، جب یسوع اپنے شاگردوں کے ساتھ اپنا آخری کھانا کھاتا ہے، تو وہ جان بوجھ کر یہوداہ کو باہر بھیجتا ہے کہ وہ اپنا جال بچھائے (یوحنا 13:27)۔ یہوداہ بالا خانے سے نکلتا ہے اور رات کی تاریکی میں گم ہو جاتا ہے۔ باقی شاگرد، جو جانتے ہیں کہ وہ رقم کا نگران ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ وہ عید فسح کی ضیافت کے لیے کھانا خریدنے گیا ہے یا غریبوں کو کچھ دینے گیا ہے (یوحنا 13:28-30)۔ 

لیکن اگرچہ اُنہوں نے یہوداہ کے اصل ارادوں کو غلط سمجھا، پھر بھی وہ ٹھیک ہی کہہ رہے ہیں! ایک ایسی طنزیہ حقیقت میں، جسے یہوداہ نے نہ کبھی دیکھا اور نہ اُس کا ارادہ کیا، اُس نے فسح کا برّہ خرید لیا — یعنی دنیا کے غریب گنہگاروں کے لیے ضیافت! یہوداہ، غریبوں سے اپنی نفرت میں، پیسے کے لالچ میں، اور قیمتی سخاوت پر اپنے اعتراض میں، بالکل وہی کام کر بیٹھتا ہے جو مریم کو کرتے دیکھنا اُس کے لیے ناقابلِ برداشت تھا! یسوع کو اُن لوگوں کے حوالے کرنے میں جو اُسے قتل کرنے والے تھے، یہوداہ وہ دروازہ کھول دیتا ہے جس سے محبت کا سب سے قیمتی تحفہ دنیا کے غریب گنہگاروں پر فیاضی سے نچھاور کیا جاتا ہے۔ صلیب پر بہایا گیا یسوع کا قیمتی خون لوگوں کو اُن کے گناہوں سے پاک کرتا ہے، اور اُس کا توڑا گیا بدن وہ فیاضانہ قربانی ہے جس کے ذریعے سب لوگ خدا کے نزدیک آ سکتے ہیں (افسیوں 2:13)۔

صلیب پر قربانی کے طور پر پیش کیا گیا یسوع کا بدن اور خون دنیا کی تاریخ میں خیرات کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔ یسوع ہی وہ تحفہ ہے جس کا مریم نے محبت سے مسح کیا اور جسے یہوداہ نے انجانے میں ہم جیسے غریب گنہگاروں کو پیش کر دیا، جنہیں پاک ہونے اور کھلائے جانے کی ضرورت ہے۔ میری دعا ہے کہ ہم یسوع کو دیکھیں اور اُس کا مزہ چکھیں، جس نے فیاضی کے ساتھ اپنے آپ کو ہمیں پیش کر دیا۔

مفت ویڈیوز سیدھے آپ کے اِن باکس میں۔