
روحانی نعمتوں کو محبت کے ساتھ استعمال کرنا - 1 کرنتھیوں سے ایک سبق
محبت کو زوال نہیں
1 کرنتھیوں 13 میں پولس کے یہ الفاظ شاید آپ کے لیے جانے پہچانے ہوں کہ ”محبت صابر ہے اور مہربان“ اور ”محبت کو زوال نہیں“، کیونکہ اکثر شادی کی تقریبوں میں یہی پڑھے جاتے ہیں۔ لیکن یہ باب دراصل شادی کے بارے میں ہے ہی نہیں۔ پولس یہاں کرنتھیوں سے بات کر رہا ہے کہ اُنہیں اپنی روحانی نعمتوں کو کس طرح استعمال کرنا چاہیے۔
جس طرح انسان کا بدن بہت سے اعضا سے مل کر بنتا ہے اور ہر عضو کی اپنی الگ صلاحیت ہوتی ہے، اِسی طرح پولس کہتا ہے کہ خدا نے کرنتھس کے ایمان داروں کو مختلف روحانی نعمتیں اور صلاحیتیں عطا کی تھیں تاکہ وہ ایک دوسرے کو سہارا دیں اور ایک دوسرے سے محبت رکھیں (1 کرنتھیوں 12:27-28)۔ لیکن بعض کرنتھی یہ سمجھنے لگے تھے کہ وہ روحانی طور پر دوسروں سے برتر ہیں، کیونکہ وہ ایک خاص نعمت کو استعمال کرتے تھے — یعنی ایسی زبانوں میں بولنا جو اُنہوں نے کبھی سیکھی نہ تھیں۔ مزید یہ کہ جب وہ اِس نعمت کو استعمال کرتے تو کوئی اُن کی بات سمجھ ہی نہ پاتا! مختصر یہ کہ جو نعمتیں خدا نے کلیسیا کو اُس کی یکجہتی کے لیے دی تھیں، کرنتھی اُنہی کو کلیسیا میں تفرقہ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
اِس ساری مقابلہ بازی اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ کے جواب میں پولس نے یہ کہا کہ اِن میں سے کوئی بھی نعمت کسی کام کی نہیں اگر اُسے محبت کے ساتھ استعمال نہ کیا جائے۔ وہ کہتا ہے کہ اگر وہ غیر زبانوں کی اپنی نعمت سے مسیح میں اپنے بھائی سے محبت نہیں کرتا، تو اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ آسمان و زمین کی سب زبانوں میں گا سکتا ہے؛ وہ محض شور مچا رہا ہے (1 کرنتھیوں 13:1)۔ اِسی طرح، اگر نبوت کی نعمت دوسروں سے محبت کرنے کے لیے استعمال نہ ہو، تو وہ نعمت بےکار ہے، خواہ وہ مکاشفہ کتنا ہی شاندار ہو (1 کرنتھیوں 13:2)۔ محبت کا مقصد یہ ہے کہ مسیح کے بدن کی ترقی ہو، اِس لیے ایمان داروں کو اپنی نعمتیں اِسی مقصد کے لیے استعمال کرنی چاہئیں۔
یہی وجہ ہے کہ پولس کہتا ہے کہ محبت صابر ہے، مقابلہ باز نہیں۔ محبت مہربان ہے، بدتمیز نہیں۔ محبت شیخی نہیں مارتی اور نہ اپنی بڑائی چاہتی ہے۔ وہ روحانی نعمتیں جو محبت کے ساتھ استعمال ہوتی ہیں، دوسروں کو شرمندہ نہیں کریں گی اور نہ گناہ کو فروغ دیں گی، بلکہ دوسروں کی حفاظت کریں گی اور سچائی کو فروغ دیں گی (1 کرنتھیوں 13:4-7)۔ اگر کرنتھی ایک دوسرے سے محبت رکھنے پر دھیان دیں، تو وہ اپنی نعمتوں کو اُسی طرح استعمال کریں گے جیسے خدا چاہتا تھا، اور وہی مقصد پورا ہو گا جس کے لیے خدا نے یہ نعمتیں دی تھیں — یعنی یکجہتی۔ یہی وجہ ہے کہ پولس یہ بات واضح کرتا ہے کہ آخرکار محبت ہر روحانی مظاہرے سے زیادہ قائم رہے گی۔
پس، پولس کے یہ الفاظ صرف شادی کے دن شادی شدہ جوڑوں کے لیے نہیں، بلکہ ہر ایمان دار کے لیے، ہر روز کے لیے ہیں۔ خدا نے مسیح کے بدن کو طرح طرح کی نعمتیں عطا کی ہیں تاکہ وہ محبت میں ایک دوسرے کی ترقی کا باعث بنیں۔
