

جب آپ کو اتنا علم نہ ہو کہ اپنے ایمان کے بارے میں بتا سکیں
آگے بڑھنے کے لیے عملی قدم
ہم سب کہیں نہ کہیں سے شروع کرتے ہیں
ہم میں سے کوئی بھی بائبل کے بارے میں سب کچھ جانتے ہوئے شروع نہیں کرتا۔ شاید آپ بالکل نئے ایماندار ہیں، شاید آپ کے والدین نے کبھی آپ کو بائبل پڑھ کر نہیں سنائی، یا شاید آپ کو بائبل اُٹھائے ہوئے ایک عرصہ ہو گیا ہے اور آپ بھول چکے ہیں۔ علم کی یہ کمی اِس بات کو مشکل بنا سکتی ہے کہ ہم اعتماد کے ساتھ اپنے ایمان کے بارے میں بتا سکیں۔ وجہ کچھ بھی ہو، بس یہ جان لیجیے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ ہم سب بائبل کے ساتھ اپنا سفر کچھ نہ جانتے ہوئے ہی شروع کرتے ہیں۔ چاہے ہم برسوں سے مسیحی ہوں، پھر بھی خدا، اپنی بائبل اور یسوع کے بارے میں سیکھنے کو ہمیشہ کچھ نیا ہوتا ہے۔
نہ جاننا کوئی مسئلہ نہیں
لیکن کافی نہ جاننا اِس بات کی وجہ نہیں کہ آپ یسوع کے بارے میں جو کچھ جانتے ہیں اُسے بتانے سے ڈریں۔ اپنے دوستوں کے ساتھ بامعنی گفتگو کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ آپ علمِ الٰہیات کے ماہر ہوں یا بائبل کے ہر سوال کا جواب آپ کے پاس ہو۔ بائبل ایسے لوگوں سے بھری ہوئی ہے جو روحانی طور پر ناپختہ اور محدود سمجھ رکھنے کے باوجود خدا کے ہاتھوں استعمال ہوئے اور اُنہوں نے ہزاروں لوگوں کو یسوع کی خوشخبری سنائی۔ شاگردوں پر غور کیجیے۔ وہ ماہی گیر تھے، حساب کتاب رکھنے والے تھے، اور اُن میں سے ایک خفیہ عسکری تحریک کا رکن تھا! اُن میں سے کوئی بھی عالم نہ تھا۔ پھر بھی دنیا کو یسوع کے بارے میں بتانے کی ذمہ داری اُنہی کے سپرد کی گئی۔ کافی نہ جاننا خدا کے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔
خدا ہمیں سکھاتا ہے
یعقوب کی کتاب میں لکھا ہے، "اگر تم میں سے کسی میں حکمت کی کمی ہو تو وہ خدا سے مانگے، جو بغیر ملامت کیے سب کو فیاضی سے دیتا ہے، تو اُسے دی جائے گی" (یعقوب 1:5)۔ بائبل کے بارے میں زیادہ جاننا اور اُس کے بارے میں بات کرنے کی حکمت میں بڑھنا ایک ایسی دعا ہے جسے خدا ہمیشہ سنتا ہے۔ ایک رات یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ وہ مرنے کو ہے اور دنیا میں اُس کے مشن کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری اُن پر ہو گی (یوحنا 13:33-14:14)۔ قدرتی طور پر شاگرد گھبرا گئے۔ لیکن یسوع نے یہ کہہ کر اُنہیں تسلی دی کہ وہ اپنے روح القدس کو بھیجے گا جو اُنہیں ہر وہ بات سکھائے گا جو اُنہیں جاننا ضروری ہے اور جو کچھ اُس نے کیا وہ سب اُنہیں یاد دلائے گا (یوحنا 14:16؛ 15:26-27)۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ اتنا نہیں جانتے کہ دوسروں سے یسوع کے بارے میں بات کر سکیں، تو خدا سے مدد مانگیے! یہ ایسی دعا ہے جسے وہ ہمیشہ سنے گا۔
آگے بڑھنے کے لیے عملی قدم
1۔ ایک وقت میں ایک کتاب کا مطالعہ کریں: تمام مسیحیوں کو بلایا گیا ہے کہ وہ خدا کے کلام کو اچھی طرح جانیں۔ چنانچہ بائبل کی ایک ایسی کتاب پڑھنے اور اُس کا مطالعہ کرنے سے شروع کیجیے جس میں آپ کی دلچسپی ہو۔
2۔ کسی مطالعہ گروپ میں شامل ہوں: بائبل کا مطالعہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ دوسروں کے ساتھ مل کر کیا جائے۔ اپنی کلیسیا میں کسی بائبل مطالعے میں شامل ہوں، یا اپنی کلیسیا کے کسی رہنما سے کہیں کہ وہ آپ کے ساتھ بائبل پڑھے۔
3۔ تھوڑا تھوڑا بانٹیں: یسوع کے بارے میں بات کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ ہر مشکل سوال کا جواب آپ کے پاس ہو۔ جو آپ جانتے ہیں اُسی کے بارے میں بات کرنا کافی ہے۔ کہ یسوع نے آپ کی زندگی کیسے بدلی، اور آپ یسوع سے محبت کیوں رکھتے ہیں۔ آپ یہ دیکھ کر حیران ہوں گے کہ آپ کتنا کچھ جانتے ہیں اور روح القدس کس طرح کمیوں کو پورا کرنے میں مدد کرے گا۔
سپوکن گاسپل کس طرح مدد کر سکتا ہے
ہم اِس جذبے سے کام کرتے ہیں کہ بائبل کو سمجھنا آسان بنایا جائے، خواہ بائبل سے آپ کی واقفیت کتنی ہی کیوں نہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ایسی ویڈیوز، بائبل پڑھنے کے منصوبے اور پوڈکاسٹ تیار کرتے ہیں جو غور و فکر پر اُبھارتے ہیں اور اِس مقصد کے لیے بنائے گئے ہیں کہ آپ اپنی بائبل کو بہتر طور پر جان سکیں اور زیادہ اعتماد کے ساتھ یسوع کے بارے میں گفتگو کر سکیں۔
سپوکن گاسپل میں ہم ہر روز دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ خوشخبری بانٹتے ہیں۔ آپ ہمارے مشن کو پورا کرنے میں ہماری مدد کر کے خوشخبری بانٹنے کا آغاز کر سکتے ہیں۔ ماہانہ یا ایک بار عطیہ دینے والے بن کر آپ یسوع کی خوشخبری بانٹنے میں ہمارے شریک اور ہم خدمت بن جاتے ہیں (3 یوحنا 8)۔ آج ہی عطیہ دے کر ہمارے ہم خدمت بننے پر غور کیجیے۔
