

مخالفِ مسیح کون ہے؟
جواب یوحنا کے خطوط میں موجود ہے
لفظ ”مخالفِ مسیح“ ہم میں سے بہت سوں کے دل میں خوف پیدا کرتا ہے۔ ہمارے ذہنوں میں قیامت جیسے مناظر بھر جاتے ہیں—کوئی نیم انسانی، روحانی طاقت یا کوئی عالمی حاکم جو مسیحیوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر قتل کرتا ہے۔ اور ہم میں سے کئی یہ فکر کرتے ہیں کہ اگر ہماری زندگی میں ایسی کوئی شخصیت اُٹھ کھڑی ہو تو ہمارے ایمان کا کیا بنے گا۔ کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ کیا اُنہیں اُس ”بے دین شخص“ کی تلاش میں افق پر نگاہ رکھنی چاہیے جس کا ذکر پولوس رسول 2 تھسلنیکیوں میں کرتا ہے، یا اُس شخص کی جسے دانی ایل نبی ”اُجاڑنے والی مکروہ چیز“ کہتا ہے۔ لیکن بائبل اِن میں سے کسی کو بھی ”مخالفِ مسیح“ نہیں کہتی۔ تو پھر یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے: مخالفِ مسیح کون ہے؟
ایک سے زیادہ مخالفینِ مسیح ہیں
یوحنا کے خطوط ہی بائبل کی واحد کتابیں ہیں جن میں مخالفِ مسیح نامی کسی شخصیت کا ذکر ملتا ہے، اور یوحنا کبھی یہ نہیں کہتا کہ وہ صرف ایک ہی ہے۔ یوحنا کہتا ہے کہ دنیا میں بہت سے مخالفینِ مسیح ہیں (1 یوحنا 2:18، 4:1)۔ لیکن اِس سے بھی زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یوحنا کے مطابق مخالفینِ مسیح دنیا پر غلبہ پانے میں مصروف نہیں، بلکہ کلیسیاؤں کے اندر تعلیم دینے میں لگے ہوئے ہیں۔ آپ کو مخالفینِ مسیح خبروں میں نہیں بلکہ منبروں میں تلاش کرنے چاہئیں۔ اور یوحنا کہتا ہے کہ تمام مخالفینِ مسیح میں دو باتیں مشترک ہیں۔
مخالفینِ مسیح کے دو معیار
پہلی بات، مخالفِ مسیح وہ ہے جو اِس کا انکار کرتا ہے کہ یسوع ”مسیح“ ہے، یعنی وہ لفظ جس کے معنی ہیں ”ممسوح“ (1 یوحنا 2:22)۔ ممسوح ہونے کا مطلب یہ ہے کہ خدا نے کسی کو اپنے روح سے بھر دیا ہے تاکہ وہ اُس کے لوگوں کو نجات دے۔ پس مخالفینِ مسیح سادہ الفاظ میں یہ نہیں مانتے کہ یسوع کی موت اور جی اُٹھنا ہی وہ طریقہ ہے جس سے خدا نے اپنے لوگوں کو نجات دی (1 یوحنا 4:2-3)۔ مخالفینِ مسیح آخری زمانے کے مافوق البشر آمر نہیں، بلکہ کلیسیا کے ایسے اُستاد ہیں جو اِس کا انکار کرتے ہیں کہ یسوع ہی وہ ہے جسے خدا نے ہمیں نجات دینے کے لیے چُنا ہے۔ مخالفِ مسیح کے ٹی وی اسکرین پر نظر آنے کا امکان کم ہے، اور منبر سے سنائی دینے کا امکان زیادہ۔
دوسری بات، یوحنا کہتا ہے کہ مخالفینِ مسیح صرف یہی انکار نہیں کرتے کہ یسوع مسیح ہے، بلکہ دوسروں کو بھی اپنے عقائد کی تعلیم دیتے ہیں۔ مخالفینِ مسیح یسوع اور اُس کے احکام کے بارے میں نئے اور مختلف تصورات کی منادی اور تعلیم دیتے ہیں۔ اور اکثر مخالفینِ مسیح اپنی قیادت اور اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے اُن پر دباؤ ڈالتے ہیں جو اُن سے اختلاف کرتے ہیں۔
ہم مخالفینِ مسیح کا سامنا کیسے کریں؟
روح سے بھر جائیں۔ جھوٹے اُستاد جھوٹ پھیلا سکتے ہیں یا مسیحیوں کو گمراہ کرنے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن وہ آخرکار اُنہیں خطرے میں نہیں ڈالتے جو یسوع کے ہیں۔ خدا کے روح نے اُنہیں سچائی سے بھر دیا ہے، اِس لیے اُنہیں اُن جھوٹوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں جو خدا کے دشمن اِدھر اُدھر پھیلاتے ہیں (یوحنا 14:16؛ 1 یوحنا 2:21)۔ مخالفینِ مسیح دنیا میں رہتے ہیں، لیکن خدا کا سچا مسیح ہم میں رہتا ہے (1 یوحنا 2:27a)۔ اور ہم میں بسنے والا مسیح دنیا کے مخالفینِ مسیح سے زیادہ قوی ہے (1 یوحنا 4:4)۔
خوف نہ کریں۔ ہمیں ایسے فلسفوں اور دلیلوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں جو یسوع کے خلاف ہیں، خواہ وہ منبر ہی سے سنائی دیں۔ ہمارے پاس ایک بہتر اُستاد ہے—یسوع کا اپنا روح—جو ہم میں بستا ہے تاکہ ہمیں یاد دلائے کہ سچ کیا ہے (1 یوحنا 2:27b)۔ یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا تھا کہ اُس کا روح اُنہیں بھر دے گا اور ہمیشہ اُنہیں سچائی کی تعلیم دے گا (یوحنا 14:26-27)۔ چونکہ یسوع مسیحیوں کے اندر رہتا ہے، اِس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی مخالفِ مسیح اور کوئی بھی جھوٹی تعلیم آخرکار ہمارے لیے، ہمارے بچوں کے لیے، یا ہماری دنیا کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ جو ہم میں ہے وہ دنیا کی ہر تعلیم، ہر شخص اور ہر منصوبے سے بڑا ہے (1 یوحنا 4:4)۔
اگر آپ 1 یوحنا، مخالفینِ مسیح اور جھوٹے اُستادوں کے بارے میں مزید معلومات چاہتے ہیں تو ہمارے دیگر مفت وسائل یہاں دیکھیں۔
