کیا ہو رہا ہے؟
بادشاہ اخی اب نے ابھی ابھی خدا کی نافرمانی کی ہے۔ اُس نے ارام کے ساتھ تجارتی شراکت کے بدلے ایک خوں خوار بادشاہ کو آزاد جانے دیا۔ خدا کا ایک نبی فوراً اِس پر اُسے ملامت کرتا اور اُس کی آنے والی موت کی پیش گوئی کرتا ہے (1 سلاطین 20:42)۔ توبہ کرنے کے بجائے اخی اب منہ پُھلا لیتا ہے اور تسلی کے لیے ایک تاکستان کی طرف دیکھتا ہے (1 سلاطین 21:2)۔
لیکن اُس کا مالک نبوت (جس کا نام لفظ ”نبی“ پر ایک لفظی کھیل ہے) اُسے بیچنے سے انکار کر دیتا ہے (1 سلاطین 21:4)۔ اخی اب کی بیوی ایزبل اپنے شوہر کا دل بہلانے کے لیے جھوٹے گواہ بھیجتی ہے تاکہ وہ ایک مذہبی عید کے دوران سرِعام نبوت پر الزام لگائیں (1 سلاطین 21:7، 9)۔ وہ یہ دعویٰ کرتے ہوئے ہجوم کو بھڑکاتے ہیں کہ نبوت نے ”خدا اور بادشاہ دونوں پر لعنت کی ہے۔“ پھر وہ اُسے قتل کر ڈالتے ہیں (1 سلاطین 21:10)۔ مخالفت دور ہو جانے پر شاہی خاندان تاکستان پر قبضہ کر لیتا ہے (1 سلاطین 21:16)۔ اخی اب ایسا بادشاہ ہے جو اپنی ہی رعایا کو قتل کرتا اور خوں خوار کو آزاد چھوڑ دیتا ہے۔ خدا ناخوش ہے (1 سلاطین 21:25-26)۔
چنانچہ خدا ایلیاہ کو بھیجتا ہے تاکہ وہ اخی اب کے خاندان کے خاتمے کی نبوت کرے (1 سلاطین 21:21)۔ اخی اب اُسی تاکستان میں مرے گا جو اُس نے چُرایا تھا۔ اور جن کتوں کو اُس نے نبوت کا خون چاٹنے دیا، وہی بدلے میں اُس کا خون پئیں گے (1 سلاطین 21:19)۔ کچھ دیر کے لیے اخی اب خدا کے حضور خود کو عاجز کرتا ہے۔ لیکن اِس سے اُس کے گھرانے پر آنے والی عدالت صرف مؤخر ہوتی ہے (1 سلاطین 21:29)۔
تین سال بعد یہوداہ کا بادشاہ ارام سے جنگ کرنا اور اہم شہر رامات جلعاد کو لینا چاہتا ہے (1 سلاطین 22:29)۔ اخی اب نے اپنے گرد ”خداوند کے“ 400 نبی جمع کر رکھے ہیں، مگر حقیقت میں وہ سب اخی اب کی خواہشوں کے ہاں میں ہاں ملانے والے ہیں۔ ہر ایک وہی مبہم پیش گوئی دیتا ہے، ”خداوند اُسے بادشاہ کے ہاتھ میں کر دے گا“ (1 سلاطین 22:6)۔ لیکن کیا دے گا—اور کس بادشاہ کو؟
یہوداہ کا بادشاہ مطمئن نہیں ہوتا اور ایک اَور نبی، میکایاہ، کو طلب کرتا ہے، جو تعبیر کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑتا (1 سلاطین 22:8)۔ اسرائیل اُن بھیڑوں کی طرح تتر بتر ہو جائے گا جن کا کوئی چرواہا نہیں، اور اخی اب جنگ میں مارا جائے گا (1 سلاطین 22:17)۔ اخی اب میکایاہ کو رد کرنا چاہتا ہے، لیکن میکایاہ ظاہر کرتا ہے کہ خدا نے اُس کے نبیوں کو جھوٹی روح سے بھر دیا ہے تاکہ اخی اب کو پھنسائے، بالکل ویسے ہی جیسے ایزبل نے نبوت کو مروانے کے لیے جھوٹے گواہ بھیجے تھے (1 سلاطین 22:22)۔
خوف زدہ ہو کر اخی اب بھیس بدل کر جنگ میں جاتا ہے، مگر اِس سے خدا کا انصاف نہیں رُکتا (1 سلاطین 22:30)۔ اٹکل پچھو چلایا ہوا ایک تیر اُس کی زِرہ کو چیر کر اُسے مہلک زخم لگاتا ہے۔ وہ اپنے چُرائے ہوئے تاکستان کے پاس، گھر لوٹ کر خون بہہ جانے سے مر جاتا ہے، اور کتے اُس کا خون چاٹتے ہیں (1 سلاطین 22:37-38)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کے مطابق، اخی اب اور نبوت کی کہانی اسرائیل کی کہانی ہے۔ اسرائیل کے لوگ ایک ایسے تاکستان کے مزارع ہیں جو اُنہوں نے خود نہیں لگایا (متی 21:33)۔ جب خدا کے نبی حساب سنانے اور لگان وصول کرنے آتے ہیں تو اسرائیل خون ریزی پر اُتر آتا ہے (متی 21:35)۔ نبوت کے ساتھ اخی اب کا سلوک اُس بے وفائی کا پیش خیمہ ہے جو آخرکار خدا کے سب سے بڑے نبی، یعنی یسوع، کو قتل کرے گی (متی 21:37)۔ نبوت کی طرح جھوٹے گواہ اُس پر بھی خدا اور بادشاہ دونوں پر لعنت کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔ ایک ہجوم دونوں کا انجام مقرر کر دیتا ہے۔ اور اخی اب کی طرح، اسرائیل کے رہنما اپنے ہی نبی کو قتل کرتے اور ایک خوں خوار آدمی کو چھوڑ دیتے ہیں۔
یسوع مرتا ہے، لیکن اُس کی موت دوسرے نبیوں کی موت جیسی نہیں۔ یسوع کی موت ایک ایسا پھندا ہے جیسا خدا نے اخی اب کے لیے بچھایا تھا۔ لیکن یسوع محض ایک اَور مقتول نہیں ہے۔ اُس کی موت زمین کے شریر حاکموں کے خلاف ایک طرح کا فریب ہے (1 کرنتھیوں 2:8)۔ اور جیسے اخی اب کی جھوٹی روحوں نے اُسے چارہ دے کر موت تک پہنچایا، ویسے ہی یسوع نے ہمیں اپنی روح دی اور اِس زمانے کے حاکموں کو چارہ دے کر اُن کی موت تک پہنچایا۔
موت کی قوتیں اور دشمن کے جھوٹ عین اُسی لمحے باطل ہو جاتے ہیں جب وہ سمجھ رہے تھے کہ وہ فتح یاب ہیں (کلسیوں 2:15)۔ خدا زیرک ہے۔ وہ ہمارے دشمن سے زیادہ دانا ہے اور قبر کو بھی پھانس سکتا ہے کہ وہ اپنے مُردے واپس دے دے (1 کرنتھیوں 15:55)۔ سو اب، اگر ہم میں سے کوئی اپنے زیرک خدا کے حضور خود کو عاجز کرے، تو موت بھی ہمارے سامنے قائم نہیں رہ سکتی۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو زیرک بھی ہے اور عادل بھی۔ اور آپ یسوع کو اُس رد کیے ہوئے نبی کے طور پر دیکھیں جس کی موت شریر حاکموں کو نیست کرتی اور عاجزوں کو ہمیشہ کی زندگی بخشتی ہے۔

