کیا ہو رہا ہے؟
بادشاہ یہوسفط یہوداہ کے تخت پر بیٹھتا ہے اور اپنی حکومت کو انصاف کا ایسا نظام قائم کرنے میں استعمال کرتا ہے جو خُدا کے لوگوں کو خُدا کی شریعت سے محبت رکھنے اور اُس کی فرمانبرداری کرنے کی راہ دکھاتا ہے (2 تواریخ 19:4-7)۔ وہ پورے یہوداہ میں قاضی مقرر کرتا ہے تاکہ وہ اُن ہدایات کے مطابق مقدمات کا فیصلہ کریں جو خُدا نے لکھی تھیں۔ اور دارُالحکومت کے اندر بھی یہوسفط ایسا ہی عدالتی نظام قائم کرتا ہے۔ کاہنوں کے قبیلے کے افراد اور خاندانوں کے سرداروں کو مقرر کیا جاتا ہے کہ وہ خُدا کے حکموں کے مطابق انصاف کریں۔ آخر میں یہوسفط دو مُنصفِ اعلیٰ مقرر کرتا ہے تاکہ سب سے مشکل مقدمات کا فیصلہ کریں (2 تواریخ 19:8-11)۔ مجموعی طور پر یہوسفط داؤد یا سلیمان سے بھی زیادہ کام کرتا ہے تاکہ انصاف کا ایسا نظام بنائے جو خُدا کے لوگوں کو خُدا کی شریعت سے محبت رکھنے اور اُس کی فرمانبرداری کرنے کی راہ دکھائے۔
فوراً ہی خُدا کی ہدایت کے ساتھ یہوسفط کی وفاداری آزمائی جاتی ہے، جب یہ خبر آتی ہے کہ تین لشکروں کا اتحاد، جو صرف دو دن کی مسافت پر ہے، یروشلیم پر حملہ کرنے آ رہا ہے (2 تواریخ 20:1-2)۔ گھبرا کر یہوسفط پوری قوم کے لیے روزے کا اعلان کرتا ہے اور خُدا کی راہنمائی کے لیے دُعا کرتا ہے (2 تواریخ 20:3-4)۔ وہ خُدا کو اُن فتحوں کی یاد دلاتا ہے جو اُس نے یشوع کو عطا کی تھیں جب خُدا کے لوگوں نے پہلی بار اپنے مُلک پر قبضہ کیا، اور یہ بھی کہ اُس نے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی اُس کے لوگ مدد کے لیے فریاد کریں گے وہ اُنہیں بچائے گا (2 تواریخ 20:5-9)۔ یہوسفط اقرار کرتا ہے کہ وہ نہیں جانتا کہ کیا کرے سوائے اِس کے کہ دُعا کرے اور خُدا کی مدد کا انتظار کرے (2 تواریخ 20:10-13)۔
فوراً ہی ہیکل کے کاہنوں میں سے ایک کھڑا ہوتا ہے اور خُدا کی طرف سے ایک پیغام گا کر سناتا ہے (2 تواریخ 20:14)۔ خُدا یہوداہ سے کہتا ہے کہ اُنہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ اُنہیں آنے والی جنگ میں لڑنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ خُدا اُن کے ساتھ ہوگا اور اُن کی طرف سے لڑے گا (2 تواریخ 20:15-17)۔ چنانچہ اگلی صبح یہوسفط اپنے لشکر کو جمع کرتا ہے اور وہ میدانِ جنگ کی طرف صرف ایک گیت سے مسلح ہو کر بڑھتے ہیں — ایک ایسا گیت جو خُدا کی ہمیشہ قائم رہنے والی شفقت کے بارے میں ہے (2 تواریخ 20:20-21)۔ جب وہ گاتے ہیں تو خُدا گھات لگا دیتا ہے۔ حملہ آور لشکر ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑتے ہیں اور اپنے پیچھے صرف لاشوں سے بھرا میدان چھوڑ جاتے ہیں (2 تواریخ 20:22-24)۔ اسرائیل دشمن کی خیمہ گاہ کو لوٹتا ہے اور میدانِ جنگ کا نام ”حمد کی وادی“ رکھتا ہے۔ آخر میں یہوسفط اُس ہیکل میں واپس لوٹتا ہے جہاں خُدا نے گیت کے ذریعے اُس سے بات کی تھی، اور خُدا کی عبادت کرتا ہے (2 تواریخ 20:25-28)۔
یہوسفط کی باقی حکومت سلامتی میں گزرتی ہے، یہاں تک کہ وہ اسرائیل کے سرکش بادشاہ کے ساتھ مل کر تجارتی جہازوں کا بیڑا بنانے کی شراکت کرتا ہے (2 تواریخ 20:29-30، 35-36)۔ ایک نبی یہوسفط کو ملامت کرتا ہے کہ اُس نے اپنے آپ کو ایک شریر مُلک کے ساتھ جوڑ لیا، اور خُدا جہازوں کے اُس بیڑے کو تباہ کر دیتا ہے (2 تواریخ 20:37)۔ یہ ایک تنبیہ ہے کہ بدی کے ساتھ کبھی شراکت نہ کرو، جب کہ خُدا اپنے لوگوں کو ہر وہ چیز دینے کو تیار ہے جس کی اُنہیں ضرورت ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یہوسفط کے ڈوبے ہوئے تجارتی بیڑے کی شراکت اخی اب کے ساتھ اُس کی پہلی ناکام شراکت نہیں ہے۔ وہ پہلے ہی اُس کے ساتھ مل کر ایک جنگ ہار چکا ہے۔ اور آنے والی مصیبت کے اشارے کے طور پر اُس نے اپنے بیٹے اور اخی اب کی بیٹی کے درمیان شادی کا بندوبست بھی کیا ہے۔ اِن میں سے ہر شراکت تباہی پر ختم ہوتی ہے۔ لیکن جب بھی یہوسفط خُدا کے آگے فریاد کرتا ہے، وہ معجزانہ طور پر بچا لیا جاتا ہے۔ اُس کی حکومت ہمیں سکھاتی ہے کہ خُدا کی بادشاہی طاقت کی شراکتوں سے نہیں بچائی جاتی، بلکہ صرف بھروسے، دُعا اور گیت گانے سے۔
خُدا نے یہی بات ثابت کرنے کے لیے ہمارے پاس ایک اَور بادشاہ، یعنی یسوع کو بھیجا۔ یسوع یہوسفط کا شاہی فرزند تھا۔ اور یہوسفط کی طرح اُسے بھی آزمایا گیا کہ وہ شیطان کے ساتھ شراکت کے ذریعے خُدا کی بادشاہی کو محفوظ کرے (متی 4:1-11؛ یوحنا 12:31)۔ لیکن خُدا کی بادشاہی کی حفاظت کے لیے ایک شریر حاکم کے ساتھ شراکت کرنے کے بجائے، یسوع نے خُدا پر بھروسا کرنے، دُعا کرنے اور گیت گانے کو چُنا۔ خُدا نے اُس سے کہا کہ صرف اُس کی موت ہی اُس کے لوگوں کو اُن کے سب سے بڑے دشمنوں سے بچائے گی۔ چنانچہ اُس پر بھروسا رکھتے ہوئے وہ صلیب پر اپنی یقینی موت کی طرف بڑھا۔ جس رات وہ پکڑوایا گیا، اُس نے اپنے شاگردوں کے ساتھ گیت گائے۔ اُس نے گتسمنی کے باغ میں دُعا کی کہ اُسے خُدا کی مرضی ماننے کے لیے قوت ملے۔ اور جب وہ صلیب پر سخت اذیت میں جان دے رہا تھا، تب بھی یسوع نے زبور کی کتاب سے دُعا کی (زبور 22:1)۔ جس طرح خُدا نے یہوسفط کے لیے کیا، اُسی طرح اُس نے یسوع کی دُعا کا جواب دیا اور اُس کے بھروسے کا پاس رکھا۔ خُدا نے یسوع کو مُردوں میں سے جِلایا اور اُس زبور کو مکمل کیا جو یسوع نے شروع کیا تھا (زبور 22:22-25)۔
اِس کا مطلب ہے کہ آپ اور مَیں ابدی فتح کی امید میں بھروسا کر سکتے، دُعا کر سکتے اور گیت گا سکتے ہیں۔ کوئی چیز ہمیں اُس فتح سے جُدا نہیں کر سکتی جو یسوع نے حاصل کی ہے۔ لیکن اِس کا یہ مطلب بھی ہے کہ قبریں بھی حمد کی وادیاں بن سکتی ہیں۔ جب ہم اپنی لڑائیاں ہار بھی جائیں، تب بھی ہم گا سکتے ہیں، کیونکہ یسوع نے جنگ جیت لی ہے۔
خود دیکھیں
میری دُعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو بچاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں بچانے کے لیے فرمانبرداری کرتا ہے، دُعا کرتا ہے اور گیت گاتا ہے۔

