کیا ہو رہا ہے؟
منسّی حزقیاہ کی جگہ یہوداہ کا بادشاہ بنتا ہے، اور وہ سب سے بُرا نکلتا ہے۔ جن اُونچے مقاموں کو حزقیاہ نے ڈھایا تھا، اُنہیں وہ دوبارہ بناتا ہے، خدا کی ہیکل ہی کے اندر بعل اور یسیرت کے لیے قربان گاہیں کھڑی کرتا ہے، اپنے بیٹے کو اُن کی قربان گاہوں پر جلاتا ہے، مُردوں سے پوچھنے والوں سے مشورہ لیتا ہے، بےگناہوں کا خون بہاتا ہے، اور اسرائیل کو اُس حالت سے بھی بدتر حالت میں لے جاتا ہے جس میں وہ پہلی بار اِس ملک میں داخل ہوتے وقت تھے (2 سلاطین 21:9، 11)۔ موزوں بات ہے کہ منسّی کے نام کا مطلب ہے ”بھولنے والا“۔ اسرائیل اُس خدا کو بھول چکا ہے جس نے اُنہیں بچایا تھا—اور اُس سب کو بھی بھول چکا ہے جس کے لیے خدا نے اُنہیں بچایا تھا۔ چنانچہ خدا اپنے پہلے فضل کو ”بھلا“ دیتا ہے اور فیصلہ کرتا ہے کہ یہوداہ کو جلاوطن کرے اور اُس کے ساتھ اپنا رشتہ ختم کر دے (2 سلاطین 21:14)۔
لیکن منسّی کا پوتا یوسیاہ اپنے دادا سے بالکل مختلف ہے (2 سلاطین 22:2)۔ وہ پورے کلامِ مُقدّس میں واحد شخص ہے جس کے بارے میں کہا گیا کہ اُس نے اپنے سارے دل، ساری جان اور ساری طاقت سے خدا کی شریعت پوری کی (2 سلاطین 23:25)۔ جس ہیکل کو اُس کے دادا نے ویران کیا تھا، وہ اُس کی مرمت کرتا ہے (2 سلاطین 22:5)۔ اور جب اُسے خدا کے کلام کا گم شدہ نسخہ ملتا ہے، تو وہ یہوداہ کے گناہوں کی وسعت کو جان کر ماتم کرتا ہے (2 سلاطین 22:11)۔ ہیکل سے شروع کرتے ہوئے یوسیاہ یہوداہ اور اسرائیل کے ماضی کی بُت پرستی کو مٹا دیتا ہے۔ جن سونے کے بچھڑوں کے ذریعے یُربعام نے سلطنت کو تقسیم کیا تھا، اُنہیں وہ توڑ ڈالتا ہے، اور اُن جھوٹے نبیوں اور کاہنوں کی ہڈیاں جلاتا ہے جنہوں نے اِس بُت پرستی کو فروغ دیا تھا (2 سلاطین 23:15-16)۔ صرف اُس گمنام نبی کی ہڈیوں کو وہ نہیں چھیڑتا جس نے اُس کی حکومت کی پیشین گوئی کی تھی (1 سلاطین 13:2، 2 سلاطین 23:17)۔ اور پھر، یشوع کی حکومت کے زمانے کے بعد پہلی بار، اسرائیل عیدِ فسح مناتا ہے (2 سلاطین 23:22)۔ اسرائیل کو یوسیاہ جیسا بادشاہ کبھی نہیں ملا تھا۔
مگر یہ کافی نہیں ہے (2 سلاطین 23:26)۔ ایک بادشاہ کی بےمثال فرمانبرداری دوسرے بادشاہ کے مظالم کو نہیں مٹا سکتی، چہ جائیکہ اُس تشدد اور نقصان کو جو یہوداہ کی فراموشی کے سبب صدیوں تک ہوتا رہا (2 سلاطین 23:27)۔ یوسیاہ مصر کے خلاف جنگ میں بغیر کسی اعزاز کے مارا جاتا ہے۔ اُس کا بیٹا تاج پہنتا ہے مگر تین ماہ بعد تخت سے اُتار دیا جاتا ہے (2 سلاطین 23:33)۔ اور مصر ایک کٹھ پتلی بادشاہ بٹھا دیتا ہے، جو ایک دوسری سلطنت کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی ہی قوم سے زبردستی وصولی کرنے پر تیار ہے (2 سلاطین 23:35)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یوسیاہ ہمیں دکھاتا ہے کہ خدا کی شریعت کی فرمانبرداری نسلوں کی فراموشی اور بُت پرستی کو پلٹ نہیں سکتی۔ خدا کی شریعت اِس سے قاصر ہے کہ خدا کے لوگوں کو اُس ہلاکت سے بچائے جس کی پیشین گوئی ہو چکی تھی۔ پولُس رسول کہتا ہے کہ شریعت نے لوگوں کو نافرمانی میں بند کر دیا تاکہ وہ ایک آخری نجات دہندہ کی امید رکھیں (گلتیوں 3:22)۔ خدا کی شریعت بچا نہیں سکتی تھی، لیکن یہ اسرائیل کو سکھا سکتی تھی کہ اُنہیں حقیقت میں کس چیز کی ضرورت ہے۔ خدا کے لوگ یوسیاہ کی شریعت کی فرمانبرداری سے نہیں، بلکہ بادشاہ یسوع پر ایمان لانے سے بچائے جائیں گے (گلتیوں 3:24)۔
یوسیاہ کی فرمانبرداری نے یہوداہ کی ہلاکت کو مؤخر کر دیا، مگر یہ مہلت صرف اُس وقت تک رہی جب تک وہ زندہ رہا۔ ایک وفادار بادشاہ صرف اُسی صورت میں نجات دے سکتا ہے جب وہ تخت پر ہو۔ لیکن یوسیاہ کے برعکس، جو اپنے تخت سے اُٹھ کر مرنے کے لیے گیا، یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا تاکہ حکومت کرے (رومیوں 8:34)۔ جب ہم یسوع پر بھروسا کرتے ہیں، تو ہم ایسے بادشاہ پر بھروسا کرتے ہیں جو کبھی مر نہیں سکتا۔ اور یوں خدا کے لوگوں کی ہلاکت ہمیشہ کے لیے مؤخر ہو چکی ہے! جو بادشاہ یسوع میں ہیں، اُن کے لیے کوئی جلاوطنی نہیں ہے (رومیوں 8:1)۔
خدا نے اپنے لوگوں کو نہیں بھلایا۔ بلکہ یسوع میں وہ ہماری فراموشی کو بھول جاتا ہے (عبرانیوں 8:12)۔ خدا ہمارے گناہوں کو پھر یاد نہیں کرتا۔ اور اِس وقت وہ ہمیں ایسی قوم بنا رہا ہے جو اُس کے فضل اور اُس کی شریعت کو بھول ہی نہیں سکتی (عبرانیوں 8:10-11)۔ اگر آپ منسّی جیسے ہیں، تو وہ آپ کو یوسیاہ بنانا چاہتا ہے (2 کرنتھیوں 5:17)۔ وہ وعدہ کرتا ہے کہ آپ کو اپنے آپ سے بھر دے گا، تاکہ آپ خدا سے اپنے سارے دل، ساری جان، ساری عقل اور ساری طاقت سے محبت کر سکیں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں اُس خدا کو دیکھنے کے لیے کھولے جو ہماری فراموشی کی عدالت کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے بادشاہ کے طور پر دیکھیں جو کبھی نہیں بھولتا، پھر بھی ہمارے گناہوں کو پھر یاد نہیں کرتا۔

