کیا ہو رہا ہے؟
پولس تھسلنیکیوں کے نام اپنے دوسرے خط کا اختتام اِس درخواست کے ساتھ کرتا ہے کہ وہ اُس کے اور اُس کے ہم خدمت ساتھیوں کے لیے دعا کریں۔ وہ اُن سے کہتا ہے کہ دعا کریں کہ یسوع کا پیغام اُن کی خدمت کے ذریعے آگے بڑھتا رہے اور وہ ہر اُس شخص سے بچائے جائیں جو اُن کا نقصان چاہتا ہے (2 تھسلنیکیوں 3:1-2)۔ پھر پولس خدا سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تھسلنیکیوں کو مضبوط کرے اور محفوظ رکھے۔ وہ خدا سے مانگتا ہے کہ اُن کے دلوں کی راہنمائی کرے تاکہ وہ ایک دوسرے سے محبت رکھیں اور ہر نئی آزمائش میں ثابت قدم رہیں۔ اور پولس کو یقین ہے کہ خدا یہ دعا سنے گا (2 تھسلنیکیوں 3:3)۔
اِس کے بعد پولس اُس مسئلے کی طرف متوجہ ہوتا ہے جس کا ذکر اُس نے اپنے پہلے خط میں کیا تھا۔ تھسلنیکے کی جماعت کے کئی لوگ حد سے زیادہ سخاوت کر رہے تھے، اور ایسے لوگ اُن سے ناجائز فائدہ اُٹھا رہے تھے جو کام کرنے اور اپنی ضروریات پوری کرنے سے انکار کرتے تھے (1 تھسلنیکیوں 5:12-13؛ 2 تھسلنیکیوں 3:6)۔ پولس اُنہیں کہتا ہے کہ جو کوئی دوسروں کی سخاوت سے ناجائز فائدہ اُٹھائے، اُسے ٹوک دیں اور اُس سے تعلق توڑ لیں۔ جب پولس اُن کے درمیان رہا، تو اُس نے اپنی روزی کمانے اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے خود کام کیا تاکہ وہ کسی پر بوجھ نہ بنے۔ اُس نے یہ ایک نمونہ قائم کرنے کے لیے کیا—نہ صرف سُست لوگوں کے لیے بلکہ سخاوت کرنے والوں کے لیے بھی۔ سُست لوگوں کو محنت کی عادت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، لیکن سخاوت کرنے والوں کو یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ کب اُن کا دینا دراصل دوسروں کو ایسے محنتی (اور آخرکار سخاوت کرنے والے) لوگ بننے سے روک دیتا ہے جیسا خدا اُنہیں بنانا چاہتا ہے (2 تھسلنیکیوں 3:7-10)۔
پولس اپنا خط اپنے ہاتھ سے اپنا نام لکھ کر اور یہ دعا کر کے ختم کرتا ہے کہ خدا کا فضل اور سلامتی اُن کے ساتھ رہے (2 تھسلنیکیوں 3:16-18)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کے پیروکاروں کو ایسے محنتی لوگ ہونا چاہیے جو دوسروں کے ساتھ سخاوت سے پیش آئیں۔ یہی نمونہ پولس نے اپنے شاگردوں کے لیے چھوڑا، اور یہی نمونہ یسوع نے ہمیں دیا (1 تھسلنیکیوں 1:6)۔ یسوع نے جوانی کے ابتدائی برس ایک بڑھئی کے طور پر گزارے اور اپنی ماں کی دیکھ بھال کی۔ اور غریبوں، بیماروں، بھوکوں اور بدروحوں کے قبضے میں آئے ہوئے لوگوں کی خدمت نے یسوع کو تھکا دیا اور نِچوڑ دیا (یوحنا 4:5-6)۔ اور اگرچہ ہم عام طور پر یسوع کی اذیت اور مصلوبیت کو ”کام“ نہیں کہتے، مگر اُس کی کوشش اور ثابت قدمی کے بغیر ہم میں سے کوئی بھی خدا کی ابدی سخاوت کا تجربہ نہ کر پاتا۔
یسوع نے جو شفائیں بخشیں اُن سے بھی بڑھ کر، یسوع کا سب سے بڑا کام یہ تھا کہ اُس نے صلیب پر وہ سب کچھ کیا جو ضروری تھا، تاکہ ہم خدا کی بادشاہی کا حصہ بن سکیں اور ہمیشہ کی زندگی پائیں۔ وہاں یسوع کی محنت خدا کی سخاوت کو تمام لوگوں تک لے آئی۔ اُسی کے سبب سے ہمیں خدا کی بادشاہی کی ساری دولت ملنے والی ہے (یعقوب 2:5)۔ اگرچہ ہمیں دوسروں کو برکت دینے کے لیے سخت محنت کرنی چاہیے، مگر خدا کی برکت اور ہمیشہ کی زندگی کمانے کے لیے ہمیں محنت کرنے کی ضرورت نہیں—اُس کی محنت نے ہمارے لیے سب کچھ پورا کر دیا ہے! اور اگر ہم یسوع کی محنت سے نجات پا چکے ہیں، تو ہمارے پاس ہر وجہ موجود ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ سخاوت اور محنت سے پیش آئیں (افسیوں 3:16-19)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو سخاوت کی زندگی گزارنے کے لیے بلاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے شخص کے طور پر دیکھیں جس کی محنت نے آپ کے لیے اپنی ابدی بادشاہی میں جگہ حاصل کی ہے۔

