کیا ہو رہا ہے؟
پولُس رسول تھسلنیکیوں کو چیلنج کرتا ہے کہ وہ جنسی تعلق، محبت، کام اور موت کے ساتھ اپنے رشتوں میں دینداری اور روحانی پختگی میں بڑھیں (1 تھسلنیکیوں 4:1-2)۔ پولُس اِس کا آغاز جنسی تعلق کے ساتھ اُن کے رشتے سے کرتا ہے۔ تھسلنیکیوں کی ثقافت فوری جنسی تسکین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھی اور عورتوں، کم سماجی حیثیت رکھنے والے مردوں اور بچوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے پر آنکھیں بند کر لیتی تھی (1 تھسلنیکیوں 4:3-6)۔ لیکن خدا نے جنسی تعلق کو اِس لیے پیدا کیا کہ وہ شادی کے اندر خدا کی فیاضی اور تخلیقی قدرت کا اظہار اور جشن ہو۔ اِس لیے پولُس خبردار کرتا ہے کہ جو لوگ اپنی جنسی تسکین کو خدا کے ارادے پر ترجیح دیتے ہیں وہ اپنے خالق سے بغاوت کر رہے ہیں (1 تھسلنیکیوں 4:7-8)۔ اِس کے برعکس، اُن کے سب رشتوں میں یہ بات نمایاں ہونی چاہیے کہ اُن کے اعمال اپنے خالق کے ارادے سے بڑھتی ہوئی مشابہت رکھتے ہوں۔
ایک شعبہ ایسا ہے جس میں تھسلنیکیوں کو بہتری کی ضرورت نہیں، اور وہ ہے دوسروں سے محبت کرنے کی اُن کی آمادگی۔ وہ ایک دوسرے کے ساتھ اپنی محبت بھری روش کی وجہ سے پورے علاقے میں مشہور ہیں، اِس لیے پولُس اُنہیں کہتا ہے کہ جو کر رہے ہیں وہی کرتے رہیں (1 تھسلنیکیوں 4:9)۔
پھر پولُس تھسلنیکیوں سے کہتا ہے کہ وہ اپنی کام کاجی زندگی میں زیادہ پختہ ہوں۔ تھسلنیکے کے کچھ لوگ اپنی کلیسیا کے زیادہ دولت مند ارکان سے ناجائز فائدہ اٹھاتے تھے اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے حد سے زیادہ اُن پر انحصار کرتے تھے۔ پولُس اُنہیں بتاتا ہے کہ سب ایمانداروں کو یہ آرزو رکھنی چاہیے کہ وہ محنت سے کام کریں اور مالی طور پر خودمختار ہوں تاکہ وہ دوسروں کے ساتھ سخاوت کر سکیں اور کلیسیا سے باہر والوں کی عزت حاصل کریں (1 تھسلنیکیوں 4:9-12)۔
آخر میں، پولُس موت کے ساتھ تھسلنیکیوں کے رشتے کو زیرِ بحث لاتا ہے۔ وہ نہیں چاہتا کہ جب اُن کے دوست ایذارسانی میں جان دیں تو وہ ناامید ہو کر ماتم کریں۔ وہ اُنہیں یاد دلاتا ہے کہ یِسوع مَرا اور پھر جی اُٹھا۔ جو کوئی یِسوع کی خاطر مرتا ہے اُسے یِسوع یقیناً جِلا اُٹھائے گا (1 تھسلنیکیوں 4:13-15)۔ اور جلد ہی ایک دن یِسوع دوبارہ آئے گا، اور وفادار زندے اور وفادار مُردے مل کر اُس کی فتح کے جلوس میں اُس کے ساتھ شامل ہوں گے۔ مُردے ہمیشہ کے لیے ختم نہیں ہو گئے، بلکہ وہ اُس دن کے منتظر ہیں جب یِسوع زمین پر ہمیشہ کے لیے بادشاہ کے طور پر قائم ہو گا اور وہ زندوں کے ساتھ مل جائیں گے (1 تھسلنیکیوں 4:16-18)۔ اگرچہ اُنہیں ستانے والے اِس وقت اپنی فتحوں پر اِتراتے ہوں، لیکن وہ گِر جائیں گے (1 تھسلنیکیوں 5:1-3)۔ تھسلنیکیوں کو اپنے دشمنوں کی بڑھتی ہوئی طاقت پر پریشانی میں نہیں جینا چاہیے بلکہ اِس امید میں کہ وہ جلد شکست کھائیں گے۔ اُن کی بریّت اور نجات یِسوع نے اُسی وقت یقینی بنا دی جب وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا (1 تھسلنیکیوں 5:4-9)۔ اور اُن کے وہ سب عزیز جو مر چکے ہیں، جلد ہی اپنے نجات دہندہ کی طرح جی اُٹھیں گے اور اُن کے ساتھ اور خدا کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہیں گے (1 تھسلنیکیوں 5:10-11)۔
پولُس ایک درجن سے زیادہ نصیحتوں اور ایک دعا کے ساتھ خط کا اختتام کرتا ہے۔ لیکن پولُس اِس بات کے لیے دعا نہیں کرتا کہ تھسلنیکیوں میں وہ ہمت یا عزم پیدا ہو جس سے وہ یہ سب کچھ کر سکیں جو اُس نے اُن سے کہا ہے۔ بلکہ وہ خدا سے درخواست کرتا ہے کہ یہ کام وہی کرے۔ وہ خدا سے مانگتا ہے کہ وہ تھسلنیکیوں کو پختہ کر کے ایسے لوگ بنائے جو روز بروز زیادہ دیندار ہوں اور امید میں دُکھ برداشت کر سکیں (1 تھسلنیکیوں 5:23-24)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
پولُس اپنے مختصر خط میں ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنے چار عام ترین انسانی تجربات — جنسی تعلق، محبت، کام اور موت — میں روحانی طور پر کیسے پختہ ہوں۔ پولُس ہمیں اِس پختگی کے حصول کے لیے کئی محرکات بھی دیتا ہے، اپنے خالق کی فرمانبرداری سے لے کر مُردوں کے جی اُٹھنے کی امید تک۔
ایسے ثقافتی یا سیاسی ماحول میں زیادہ دیندار بننا مشکل ہے جو ہمیں ستاتا ہو۔ ہم اکثر سوچتے ہیں کہ کیا ہم اِس دباؤ میں قائم رہنے کے لیے کافی مضبوط ہیں۔ ہم سوچتے ہیں کہ اگر داؤ اور بھی بڑا ہوتا تو کیا ہم وفادار رہتے۔ ہم سوچتے ہیں کہ کیا ہم میں اپنے ایمان کی خاطر جان دینے کی سکت ہے۔ لیکن پولُس اپنے خط کے آخر میں ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری وفاداری، روحانی پختگی اور دینداری ہماری اپنی ہمت پر نہیں بلکہ خدا کی وفاداری پر منحصر ہے۔ وہی ہے جو ہمیں مُقدّس کرے گا۔ وہی ہے جو ہمیں قوت بخشے گا۔ اور وہی ہے جو ناقابلِ تصور حالات کو برداشت کرنے میں ہماری مدد کرے گا (1 تھسلنیکیوں 5:23-24)۔ یِسوع ہمیشہ ہمارے لیے اُس سے کہیں زیادہ وفادار رہے گا جتنے ہم اُس کے لیے ہیں۔ پس فکرمندی سے یہ سوچنے کے بجائے کہ آیا ہم میں یہ سکت ہے یا نہیں، ہم ہمیشہ اُس سے مانگ سکتے ہیں کہ وہ ہمیں پختہ اور مضبوط کرے—اور وہ ایسا ہی کرے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو پختہ کرتا ہے۔ اور آپ یِسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو مَرا اور جی اُٹھا تاکہ آپ کو پختہ اور مضبوط کرے۔

