کیا ہو رہا ہے؟
حزقی ایل نے پچھلے 24 بابوں میں اسرائیل کی بدی، بت پرستی اور ظلم پر خدا کے غضب کے بارے میں نبوّت کی ہے۔ لیکن اب حزقی ایل اپنی نبوّت کا رخ اسرائیل کے دشمنوں کی طرف موڑ دیتا ہے۔ حزقی ایل کہتا ہے کہ عمون، موآب، ادوم، فلستیہ، صور اور صیدا سب گر جائیں گے۔ جب بابل نے یروشلیم پر حملہ کیا تو اِن قوموں نے اپنی حریف قوم کی بربادی پر خوشی منائی اور اُجڑے ہوئے شہر کو لوٹا بھی۔ حزقی ایل نبوّت کرتا ہے کہ ایک ایک کر کے یہ سب ہلاک کیے جائیں گے تاکہ ایک دن اسرائیل اپنے وطن کو واپس لوٹ سکے اور اپنے دشمنوں کے ہاتھوں پھر کبھی نقصان نہ اُٹھائے (حزقی ایل 28:25-26)۔ اگرچہ خدا اپنے لوگوں کی بدی سے ناراض ہے، مگر اِس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اُن کی حفاظت نہیں کرے گا۔
عمون اور موآب نے کینے سے بھر کر اسرائیل کی تباہی پر خوشی منائی، اِس لیے حزقی ایل کہتا ہے کہ خدا اُن کی قوموں کو بابل کے حوالے لُوٹ کے مال کے طور پر کر دے گا (حزقی ایل 25:1-11)۔ جب اسرائیل کمزور تھا تو ادوم اور فلستیہ نے بدلہ لینے کا موقع دیکھا اور اُس کی بے بسی کے وقت اُس پر حملہ کیا۔ چنانچہ خدا فرماتا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کا انتقام لے گا اور اِن قوموں کو اُس خوشی کے سبب سے ہلاک کرے گا جو وہ بدلہ چکانے میں محسوس کرتی ہیں (حزقی ایل 25:12-17)۔ خدا یہ بھی اعلان کرتا ہے کہ اسرائیل کا شمالی پڑوسی صیدا گر جائے گا (حزقی ایل 28:20-24)۔ حزقی ایل اسرائیل کے دشمنوں کے خلاف اپنے ہر نبوّتی کلام کا اختتام اِس بات پر کرتا ہے کہ اُن کی ہلاکت میں خدا اپنے آپ کو اسرائیل کے لیے وفادار ثابت کر رہا ہے (حزقی ایل 25:7، 11، 14، 17؛ 28:24)۔ اگرچہ خدا اسرائیل میں پائی جانے والی بدی سے ناراض ہے اور بابل نے اُنہیں فتح کر لیا ہے، پھر بھی خدا یہ نہیں بھولا کہ بنی اسرائیل اب بھی اُس کے لوگ ہیں۔
حزقی ایل اپنی زیادہ تر ملامت جزیرے کے شہر صور پر مرکوز کرتا ہے۔ غالباً صور پر خاص توجہ اِس لیے دی جاتی ہے کہ وہ تجارت اور جہاز رانی کے ذریعے نہایت دولت مند اور طاقت ور بن گیا تھا۔ صور کا بادشاہ یہ بھی سمجھتا ہے کہ وہ ایک دیوتا ہے اور بابل کی فوجی مہم اور خدا کی عدالت سے محفوظ ہے (حزقی ایل 28:1-5)۔ اِس لیے خدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ اُن کی جزیرے کی سلطنت کو سمندر میں ایک سپاٹ چٹان بنا دے گا (حزقی ایل 26:1-21)۔ اِس ہلاکت کے پیش نظر حزقی ایل دو نوحے لکھتا ہے۔ ایک صور کی قوم کی آنے والی قبر پر پڑھنے کے لیے، اور دوسرا بادشاہ پر پڑھنے کے لیے۔ پہلے نوحے میں وہ صور کو ایک شاندار تجارتی جہاز کے طور پر بیان کرتا ہے جو خزانوں سے بھرا ہوا ہے اور جس پر طرح طرح کے ملاحوں، سوداگروں اور کرائے کے سپاہیوں کا گروہ کام کرتا ہے (حزقی ایل 27:1-24)۔ لیکن مال اور لوگوں سے لدا ہوا صور کا یہ جہاز سمندر کی تہ میں ڈوب جاتا ہے (حزقی ایل 27:25-36)۔ دوسرے نوحے میں حزقی ایل طنزیہ انداز میں صور کے بادشاہ کو بلند کرتا ہے اور پھر اُس کے المناک زوال کو بیان کرتا ہے (حزقی ایل 28:6-19)۔ اِن نوحوں کا مقصد ایک بار پھر یہ ثابت کرنا ہے کہ خدا اب بھی اپنے لوگوں کا وفادار ہے۔ اُن کی نافرمانی میں بھی خدا اُنہیں نہیں بھولا اور اُن کے دشمنوں کے خلاف جنگ کے لیے نکلا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اگرچہ یہ نبوّتی کلام مغرور قوموں کے خلاف ہیں، مگر وہ ایک برباد شدہ اسرائیل کے حق میں ہیں۔ ہر نبوّت یہ ثابت کرتی ہے کہ خدا اپنے لوگوں کو اُن کی جلاوطنی میں نہیں بھولا۔ اگرچہ اسرائیل نے خدا کو چھوڑ دیا، مگر خدا اسرائیل کے قدیم ترین دشمنوں سے لڑ رہا ہے اور اُنہیں فتح کر رہا ہے۔ لیکن بابل کی فوج کے ذریعے اسرائیل کے دشمنوں کی شکست صرف ایک آغاز تھا۔ آخرکار خدا اپنے بیٹے یسوع کو بھیجنے والا تھا تاکہ وہ صور سے بھی بڑے، زیادہ خدا نما اور زیادہ مغرور دشمنوں کے خلاف جنگ کرے۔
جب ہم ابھی خدا کے نافرمان اور بے وفا ہی تھے، تب ہمارے قدیم دشمنوں، شیطان اور موت، نے ہماری زندگیوں کو لوٹا اور اسرائیل کے دشمنوں کی طرح ہمیں نگلنے کی کوشش کی (پیدائش 4:7؛ یعقوب 1:14-16)۔ لیکن ہمارے لیے خدا کی محبت میں یسوع اُن کے خلاف جنگ کے لیے گیا اور ہمیں اُن کی طاقت سے آزاد کرنے کے لیے اپنی جان دے دی۔ جب یسوع قبر سے جی اُٹھا تو اُس نے شیطان اور موت کی طاقت کو رُسوا اور شرمندہ کر دیا (کلسیوں 2:15)۔ ہمارے قدیم ترین دشمن اب ہمارے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ موت اور گناہ پر خدا کی عدالت یہ ثابت کرتی ہے کہ خدا اب بھی ہمارے لیے لڑ رہا ہے۔ ہم بحفاظت خدا کے ساتھ اپنے گھر لوٹ سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ وہ ہمیں پھر کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ آپ اپنے آپ کو خواہ کتنا ہی نافرمان یا خدا سے کتنا ہی دور سمجھیں، یسوع نے آپ کو نہیں بھلایا۔ بلکہ اُس نے آپ کے لیے لڑائی کی اور آپ کے لیے جان دی۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اُس وقت بھی وفادار رہتا ہے جب ہم وفادار نہیں ہوتے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے اپنی موت کے ذریعے ہمارے دشمنوں کو شکست دی۔

