کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کے کاہنوں کا کام یہ تھا کہ وہ خدا کے لوگوں کو پاک کریں اور اُن کے لیے معافی حاصل کریں۔ لیکن اُن کی قیادت میں اسرائیل بدی، ناانصافی اور تشدد سے آلودہ ہو گیا (حزقی ایل 8-11)۔ مگر خدا اِس وقت حزقی ایل نبی کو ایک نئی اور پاک کی گئی ہیکل کی رویا دکھا رہا ہے، جہاں معافی اور طہارت ایک بار پھر حاصل کی جا سکے گی۔ حزقی ایل پہلے ہی خود ہیکل کی رویائیں دیکھ چکا ہے (حزقی ایل 40-43:12)۔ اور اب اُسے خدا کے مذبح کے بارے میں ہدایات دکھائی جاتی ہیں، اور اُس کے بعد خدا کے کاہنوں کے بارے میں ہدایات۔ خدا کے کاہن ہی وہ لوگ تھے جو مذبح پر قربانیاں چڑھانے کے ذمہ دار تھے، اور مذبح ہی وہ جگہ تھی جہاں خدا کے لوگ اپنے گزرے ہوئے گناہوں سے پاک ہو کر معافی پا سکتے تھے۔ یہ حقیقت کہ حزقی ایل کہانت اور مذبح، دونوں کو بحال ہوتے دیکھتا ہے، ایک نشان ہے۔ اُن کے گزرے ہوئے گناہوں کے باوجود خدا اب بھی اپنے لوگوں کو پاک کرنے، معاف کرنے اور اُن سے محبت کرنے کا خواہش مند ہے۔
حتیٰ کہ مذبح کی تفصیلات بھی خدا کی یہ خواہش ظاہر کرتی ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کے ساتھ نئے سرے سے رشتہ قائم کرے۔ مثال کے طور پر، مذبح ٹھیک سات ہاتھ اونچا ہے۔ یہ تخلیق کے دنوں کی تعداد کے برابر ہے اور خدا کے اپنے لوگوں کے ساتھ رشتے کے ایک نئے آغاز کی علامت ہے (حزقی ایل 43:13-17)۔ تاہم، جس طرح لوگوں کو پاک کیا جانا ہے، اُسی طرح مذبح کو بھی پاک کیا جانا ضروری ہے۔ چنانچہ حزقی ایل کو ایک خاص ”آلودگی دُور کرنے“ کی رسم کے لیے تفصیلی حکم دیے جاتے ہیں (حزقی ایل 43:18-27)۔ خدا وعدہ کرتا ہے کہ جب مذبح ایک بار پاک ہو جائے گا، تو خدا پھر اپنے لوگوں کے ساتھ ہوگا، اور اُن کا نیا رشتہ شروع ہو سکے گا۔
اِس کے بعد خدا اپنے کاہنوں کی بھی ایسی ہی طہارت کا بیان کرتا ہے۔ حزقی ایل اسرائیل کو وہ ناانصافی، تشدد اور بت پرستی یاد دلاتا ہے جس کے اسرائیل کے مذہبی رہنما مجرم تھے (حزقی ایل 44:5-8)۔ اور خدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ کہانت کو پاک کرے گا۔ صرف عادل، حلیم اور وفادار کاہن ہی اُس کے مُقدس مقام میں خدمت کریں گے (حزقی ایل 44:15-16)۔ حیرت کی بات ہے کہ وہ لوگ بھی جو ایک زمانے میں خدا کی ہیکل کو ناپاک اور آلودہ کرنے کے مجرم تھے، معافی پا سکتے ہیں اور دوبارہ خدا کی ہیکل اور اُس کے لوگوں کی خدمت کر سکتے ہیں (حزقی ایل 44:9-14)۔ یہ رویائیں اِس بات کے وعدے ہیں کہ خدا کہانت کو بدی سے پاک کرے گا اور جلد ہی خدا کے کاہن اُس کے حکموں کی فرمانبرداری کریں گے اور کامل انصاف اور مساوات کے ساتھ خدا کے لوگوں کی رہنمائی کریں گے (حزقی ایل 44:19-31؛ 45:9-12)۔
پھر حزقی ایل زمین کی اُس تقسیم کا بیان کرتا ہے جس پر ہیکل، کاہن اور اسرائیل کا بادشاہ رہیں گے (حزقی ایل 45:1-7)۔ ماضی میں اسرائیل کے مذہبی اور سیاسی رہنما اپنے ہی ہم وطنوں اور رعایا کی جائیدادیں چھین لیتے تھے۔ لیکن زمین کی یہ نئی تقسیم ایک وعدہ ہے کہ وہ بُری خواہشیں اسرائیل کی قیادت سے پاک کر دی جائیں گی۔ کوئی حاکم پھر کبھی اپنے تابع لوگوں کے ساتھ دھوکا نہیں کرے گا اور نہ اُنہیں لُوٹے گا (حزقی ایل 45:8)۔ بلکہ اسرائیل کے رہنما اُس زمین پر قانع رہیں گے جو خدا نے اُنہیں دی ہے، اور اپنی دولت اور اختیار کو خدا کی تعظیم میں ضیافتیں دینے اور قربانیاں مہیا کرنے میں استعمال کریں گے (حزقی ایل 45:9-46:18)۔ حزقی ایل اُن مُقدس باورچی خانوں کا بھی ذکر کرتا ہے جہاں خدا کے کاہن اپنے لیے نہیں بلکہ خدا کے لوگوں کی خدمت کے لیے کھانا تیار کریں گے (حزقی ایل 46:19-24)۔ حزقی ایل کی رویا کا یہ حصہ اِس امید پر ختم ہوتا ہے کہ جب خدا اسرائیل کی کہانت اور قیادت کو تبدیل کر دے گا، تو کوئی چیز خدا اور اُس کے لوگوں کے درمیان محبت اور معافی کے ابدی رشتے میں رہنے کی راہ میں حائل نہیں ہو سکے گی۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کے ساتھ بحال شدہ رشتے کے بارے میں یہ پیش گوئیاں حزقی ایل کی بابل میں 70 سالہ جلاوطنی کے پچیسویں سال میں لکھی گئیں۔ حزقی ایل یہ پیش گوئیاں اِس لیے قلم بند کرتا ہے کہ اُن کی موجودہ سزا کے باوجود خدا اپنے لوگوں کو معاف کرنا اور ایسی سرزمین میں اُن کے ساتھ رہنا چاہتا ہے جو بدی سے پاک کر دی گئی ہو۔ حزقی ایل کی پیش گوئی بالآخر اُس وقت پوری ہوئی جب خدا یسوع کی شخصیت میں اپنے بُرے لوگوں کے درمیان رہا۔ محبت میں یسوع ہی وہ مذبح، کاہن اور قربانی بن گیا جو اپنے لوگوں کو پاک اور معاف کرے گا۔
عبرانیوں کی کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ یسوع ہمارا مذبح ہے (عبرانیوں 13:10)۔ وہی وہ مقام ہے جہاں گناہ پاک کیا جاتا ہے، معافی یقینی ہوتی ہے، اور خدا کے ساتھ ہمارے رشتے کا نیا آغاز شروع ہوتا ہے۔ عبرانیوں کی کتاب ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ یسوع ہمارا کامل کاہن ہے (عبرانیوں 7:1-28)۔ اُس کی کہانت انصاف، سلامتی اور اُس قدرت سے پہچانی جاتی ہے جو خدا کے ساتھ محبت کے ابدی رشتے کی ضمانت دیتی ہے۔ وہ قربانی جو کاہن یسوع پیش کرتا ہے کوئی جانور نہیں بلکہ اُس کا اپنا بدن ہے (عبرانیوں 10:1-10)۔ اسرائیل کی پوری تاریخ میں جانوروں کی قربانیاں اُس بدی اور گناہ کو ہمیشہ کے لیے کبھی دُور نہ کر سکیں جس نے خدا کے لوگوں اور رہنماؤں کو ستا رکھا تھا۔ لیکن جب یسوع نے اپنا ہی بدن پیش کیا، تو اُس نے ہر اُس شخص کو تبدیل کر دیا اور پاک کر دیا جو اُس کی اُس قربانی پر بھروسا کرتا ہے جو اُس نے اُن کی طرف سے پیش کی۔ وہ مذبح، کہانت اور قربانیاں جو حزقی ایل نے اپنی رویا میں دیکھیں، سب یسوع میں سچ ثابت ہوتی ہیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمیشہ کے لیے اپنے لوگوں کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمارا مذبح، ہمارا کاہن اور ہماری قربانی ہے۔

