کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کو دنیا کو انصاف اور نور سے بھر دینا تھا، اور باغِ عدن کی مانند خدا کی بادشاہی زمین پر لانی تھی۔ لیکن اِس کے برعکس، اسرائیل کے گناہ نے بانجھ پن، جلاوطنی اور شرمندگی پیدا کی۔ اب یسعیاہ اسرائیل سے ایسے مخاطب ہوتا ہے جیسے وہ ایک بانجھ عورت ہو؛ ایسی بیوی جس نے وہ زندگی پیدا نہ کی جو اُسے جننا تھی (یسعیاہ 54:1)۔ لیکن خدا، جو اُس کا شوہر ہے، اُس سے کہتا ہے کہ خوشی کے گیت گا، کیونکہ اُس کے ہاں اُس سے کہیں زیادہ بچے ہوں گے جتنے اُس نے کبھی تصور بھی نہ کیے تھے۔ جو خاندان وہ جنے گی وہ نہ اُس کی گزری ناکامیوں میں بندھا ہو گا اور نہ اُس کی پرانی سرحدوں میں۔ وہ پھوٹ نکلیں گے اور خدا کے انصاف اور بھلائی کو ساری زمین پر پھیلا دیں گے (یسعیاہ 54:2-3)۔
اسرائیل کی اولاد خدا کی صورت کو ساری دنیا میں پھیلائے گی، کیونکہ خدا اُس کا شوہر ہے (یسعیاہ 54:5)۔ وہ ساری زمین کا خدا ہے، اور اُس کی محبت اُس کی ناکامیوں سے زیادہ زورآور ہے (یسعیاہ 54:6)۔ جلاوطنی میں اُس کی تنبیہ تھوڑی دیر کی تھی، لیکن اُس کی شفقت ابدی ہے (یسعیاہ 54:6-8)۔ جس طرح اُس نے ایک بار دنیا کو طوفان سے پاک کیا اور پھر قسم کھائی کہ اُسے دوبارہ کبھی ہلاک نہ کرے گا، ویسے ہی اب وہ وعدہ کرتا ہے کہ اپنے لوگوں کو کبھی نہ چھوڑے گا (یسعیاہ 54:9-10)۔ جس طرح خدا نے طوفان کے بعد نوح سے حفاظت کا وعدہ کیا، اِسی طرح اُس کے لوگ بھی ہمیشہ کے لیے سلامت رہیں گے (یسعیاہ 54:11-17)۔
اسرائیل کو ایسا فضل مل رہا ہے جس کا وہ حق دار نہیں۔ اگرچہ وہ بانجھ ہے، تو بھی وہ زندگی پیدا کرے گی۔ اور اب خدا کہتا ہے کہ اگرچہ وہ دیوالیہ ہے، تو بھی اُسے ضیافت ملے گی۔ باغِ عدن کی طرح، اسرائیل کو ایک برومند سرزمین میں بلایا جا رہا ہے جو ایسی فصل سے بھری ہے جسے اُنہیں خریدنا نہیں پڑے گا (یسعیاہ 55:1-2)۔ خدا خود اُنہیں اِس نئی باغ جیسی بادشاہی میں لائے گا۔ اِس لیے کہ خدا نے پہلے ہی اُن سے اِس بادشاہی کا وعدہ کر رکھا ہے۔ جلاوطنی سے پہلے اُس نے وعدہ کیا تھا کہ داؤد کا ایک بیٹا، اُس کا برگزیدہ بادشاہ، اُس کے لوگوں کو اِس ابدی بادشاہی میں لے آئے گا (یسعیاہ 55:3؛ 2 سموئیل 7:16)۔ جلاوطنی میں بھی وہ وعدہ قائم ہے۔ وہ بغیر کسی قیمت اور بغیر کسی شرط یا لیاقت کے لوٹ سکتے ہیں، محض اِس لیے کہ خدا نے وعدہ کیا ہے۔
ایسی بے شرط رحمت کسی بادشاہ یا معبود کی طرف سے ایسے سرکش لوگوں کو دی جانا ناممکن لگتا ہے۔ لیکن خدا نہ ہماری مانند ہے اور نہ کسی اَور حاکم کی مانند (یسعیاہ 55:8-9)۔ اُس کا فضل انسانی انصاف پسندی کے پیمانوں میں نہیں سماتا۔ ہم اُس کی سخاوت کو اُسی طرح نہیں کما سکتے جس طرح زمین اُس بارش کو نہیں کما سکتی جو اُسے زندگی دیتی ہے۔ لیکن خدا اُسے اُنڈیلتا ہے، کیونکہ وہ نیک ہے (یسعیاہ 55:10-11)۔ خدا ایک برومند قوم پیدا کرے گا جو باغِ عدن کی طرح ساری زمین کو بھر دے گی اور برکت دے گی (یسعیاہ 55:12-13)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع وہ شوہر ہے جو اپنی دلہن کو بحال کرتا ہے۔
جب یسوع آیا تو اُس نے اپنے آپ کو دولہا کہا (مرقس 2:19)۔ جیسے خدا اسرائیل کے ساتھ تھا، ویسے ہی یسوع نے دھتکارے ہوئے، بیمار اور گناہ گار لوگوں کو تلاش کیا۔ وہ اُن کے پاس آیا جو اپنے بل پر دنیا میں زندگی پیدا نہیں کر سکتے تھے۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہیں یسوع اپنے پاس آنے کی دعوت دیتا ہے۔ رُوحُ القدس کے وسیلے سے یسوع کے ساتھ اُن کی یکجائی سے وہ زمین کے سب سے بانجھ لوگوں کے ذریعے زندگی جنے گا (یوحنا 15:5؛ رومیوں 8:11)۔ اِس طرح یسوع ایک نیا خاندان بنا رہا ہے—ایسا خاندان جو ساری زمین پر پھیلا ہوا ہے، اور ایسے فرزندوں سے بھرا ہے جو اُس کی صورت رکھتے ہیں اور اُس کی بادشاہی قوموں تک لے جاتے ہیں (رومیوں 8:14-17)۔
یسوع نہ صرف اخلاقی طور پر بانجھ لوگوں کو زندگی بخشتا ہے، بلکہ وہ روحانی طور پر غریبوں کو اپنی دولت بھی دیتا ہے (متی 5:3)۔ وہ اُن لوگوں کو بلاتا ہے جن کے پاس اپنی کوئی دولت یا اپنی کوئی وقعت نہیں، کہ آئیں اور ہمیشہ کے لیے اُس کی بادشاہی کی شاہی میز پر ضیافت کھائیں۔ ہم یہ دعوت بائبل کے آخری صفحے پر سنتے ہیں۔ مکاشفہ میں یسوع تاریخ کے اختتام پر کھڑا ہو کر یسعیاہ میں دی گئی خدا کی دعوت دہراتا ہے: ”آ! جو پیاسا ہو وہ آئے، اور جو چاہے آبِ حیات کا مفت تحفہ لے“ (مکاشفہ 22:17)۔ یہی وہ ابدی باغ جیسی بادشاہی ہے جس کے لیے ہم بنائے گئے تھے۔ یسوع نے ایسی ضیافت تیار کی ہے جسے کوئی خرید نہیں سکتا، اور پھر بھی وہ اُسے مفت پیش کرتا ہے۔
یسوع کی محبت انسانی انصاف پسندی کے سب پیمانوں کو توڑ دیتی ہے۔ ہم اپنی دنیا کے دُکھ اور اپنی زندگی کی مشکلات کو دیکھ کر سوچ سکتے ہیں کہ بانجھ پن اور غربت ہمیشہ کے لیے قائم رہیں گے۔ ہم یہ بھی سوچ سکتے ہیں کہ ہمارا ماضی اِس قدر برا ہے کہ اُس پر خدا کی عدالت کبھی ختم نہ ہو گی۔ لیکن نوح کے طوفان اور اسرائیل کی جلاوطنی کی طرح، سزا تھوڑی دیر کی ہے۔ ابد تک قائم رہنے والی چیز خدا کی مہربانی اور رحمت ہے۔ ہم پھلدار ہونے اور ضیافت میں شامل ہونے کے حق دار نہیں۔ لیکن باغ میں خدا کی دعوت اور وعدہ یہی تھا۔ اور وہ ہمیں اِس میں بلاتا ہے، کیونکہ اُس کی راہیں ہماری راہیں نہیں (رومیوں 11:33)۔
یسوع نے اپنے خاندان میں ہماری جگہ پکی کرنے کے لیے سب کچھ کر دیا ہے۔ ہمیں نہ اُس کی محبت کمانی ہے اور نہ اُس کی بادشاہی میں داخلے کی قیمت ادا کرنی ہے۔ ہمیں صرف آنا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ رُوحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی محبت اُس کے قہر سے کہیں زیادہ دیرپا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس خادم کے طور پر دیکھیں جو بانجھ پن کو برومندی میں بدل دیتا ہے اور ہر پیاسے کو دعوت دیتا ہے کہ آبِ حیات سے مفت پیے۔

