کیا ہو رہا ہے؟
یہوداہ ایک قوم کی حیثیت سے مٹنے کے قریب ہے۔ اُن کی واحد امید یہ ہے کہ وہ بابل اور اُس کے بادشاہ کے تابع ہو کر اُس بات کو سنیں جس کی یرمیاہ مسلسل نبوّت کرتا رہا ہے۔ افسوس کہ یہوداہ کا دارالحکومت تباہ ہو جانے اور اُس کے بیشتر باشندوں کے جلاوطن کیے جانے کے بعد بھی یہوداہ ایسا نہیں کرتا۔ اپنی فتح کے بعد بابل جدلیاہ کو کٹھ پتلی حاکم مقرر کرتا ہے۔ وہ اُسے خبردار کرتا ہے کہ یہوداہ نے اپنی قوم اِس لیے کھوئی کہ وہ بابل کے تابع ہو کر اپنے خدا کی فرمانبرداری کرنے میں ناکام رہے (یرمیاہ 40:1-6)۔ جب یہ خبر پھیلتی ہے کہ بابل کا حملہ ختم ہو گیا ہے، تو غریب کسان، پناہ گزین اور یہوداہ کے بچے کھچے چند جنگی دستے اُس کے گرد جمع ہو جاتے ہیں۔ شروع میں جدلیاہ بابل کے جلوداروں کے سردار اور یرمیاہ کی نبوّتوں کو دہراتا ہے اور اِس بقیہ کو بتاتا ہے کہ اُن کی واحد امید یہ ہے کہ وہ خدا کی سزا کو قبول کریں اور بابل کی وفاداری سے خدمت کریں (یرمیاہ 40:7-12)۔ اُسے امید ہے کہ یہ چھوٹا مگر وفادار بقیہ خدا کی بادشاہی کو ایک بار پھر از سرِ نو تعمیر کرنا شروع کرے گا۔
لیکن بہت جلد جدلیاہ قتل کر دیا جاتا ہے، اور ایک نیا باغی سردار یوحنان اُٹھتا ہے، جو یہوداہ کو بلاتا ہے کہ مصر سے مل کر بابل کے خلاف آخری مقابلہ کریں اور مصر کے دیوتاؤں اور فوجی طاقت کی مدد سے اپنی بادشاہی دوبارہ حاصل کریں (یرمیاہ 40:13-41:18)۔ پہلے پہل یوحنان یرمیاہ سے کہتا ہے کہ خدا سے ہدایت دریافت کرے، اور وعدہ کرتا ہے کہ جو کچھ خدا کہے گا وہ کرے گا (یرمیاہ 42:1-6)۔ دس دن دعا کرنے کے بعد یرمیاہ یوحنان سے کہتا ہے کہ بابل سے نہ ڈرے اور یہوداہ ہی میں رہے (یرمیاہ 42:7-12)۔ یرمیاہ خبردار کرتا ہے کہ حفاظت کے لیے مصر جانے کو خدا ایسی بغاوت کے طور پر دیکھے گا جو اُسی نافرمانی کے برابر ہے جس کے باعث یہوداہ پہلے جلاوطن ہوا (یرمیاہ 42:13-22)۔ یوحنان کو مصر کی طاقت اور دیوتاؤں پر بھروسا کرنے کے بجائے خدا پر بھروسا کرنا اور یہوداہ ہی میں رہنا چاہیے۔ لیکن یوحنان یرمیاہ پر اپنے خلاف سازش کرنے کا الزام لگاتا ہے، خدا کے کلام کی مخالفت کرتے ہوئے یہوداہ کے بقیہ کو مصر کی طرف کوچ کرنے کا حکم دیتا ہے، اور یرمیاہ کو بھی زبردستی اپنے ساتھ لے جاتا ہے (یرمیاہ 43:1-7)۔
وہاں پہنچنے پر یرمیاہ اعلان کرتا ہے کہ وہ خدا کی عدالت سے چھپ نہیں سکتے۔ بابل اُنہیں ڈھونڈ نکالے گا اور اُن سب کو ہلاک کرے گا جنہوں نے خدا اور اُس کی قدرت کے بجائے مصر اور اُس کے دیوتاؤں پر بھروسا کیا (یرمیاہ 43:8-13)۔ یرمیاہ ایک پورا باب مصر میں یہوداہ کی بےوفائی پر اُنہیں مجرم ٹھہرانے میں صرف کرتا ہے اور یہ وعدہ کرتا ہے کہ بابل بہت جلد اُن حاکموں اور دیوتاؤں کو مفتوح کر لے گا جن پر اُنہوں نے خدا کے بجائے بھروسا کرنا چُنا (یرمیاہ 44)۔ پھر یہوداہ کی کہانی اچانک ختم ہو جاتی ہے۔ بابل مصر پر حملہ کرتا ہے، خدا کے لوگ تِتر بِتر ہو جاتے ہیں، اور یہوداہ گویا مٹ جاتا ہے۔ خدا کے لوگوں میں سے جو باقی بچے ہیں، وہ بابل میں قید ہیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یہوداہ کی تاریخ کا یرمیاہ کا بیان اُن کی مکمل عدالت پر ختم ہوتا ہے۔ کوئی ایسا باقی نہیں رہا جسے خدا نے اُس کی بےوفائی کی سزا نہ دی ہو۔ یہوداہ کا بکھر جانا ثابت کرتا ہے کہ خدا کے لوگ جڑ تک اُس کے اور اُس کے حکموں کے تابع ہونے پر راضی نہیں۔ اُن کے چھٹکارے کی واحد امید یہ ہے کہ خدا اپنی قدرت سے اُنہیں جلاوطنی سے اُٹھائے۔
اور ایک دن خدا ایسا ہی کرتا ہے—وہ خود اپنے لوگوں کی جلاوطنی میں داخل ہوتا ہے۔ خدا، یسوع کی شخصیت میں، رومی حکومت کے تحت ایک ایسی قوم میں پیدا ہوا جو اب بھی خدا کے حکموں کی مخالفت کرتی تھی (یوحنا 3:16؛ لوقا 4:18-19)۔ لیکن یسوع، اپنے ہم وطنوں کے برعکس، خواہ قیمت کچھ بھی ہو، خدا کے تابع رہا (یوحنا 5:19-20)۔ یوحنان اور یہوداہ کے اَور بہت سے باشندوں اور بادشاہوں کے برعکس، جب خدا یسوع سے کہتا ہے کہ رومی طاقت کے تابع ہو جائے، تو وہ ایسا ہی کرتا ہے، خواہ اِس کا مطلب اُس کی موت ہو (لوقا 22:42)۔ پھر، جیسا یرمیاہ نے نبوّت کی تھی، شہنشاہی طاقت کے تابع ہونے اور مُردوں کے درمیان جلاوطنی قبول کرنے کے بعد، یسوع اپنی قبر سے جی اُٹھا (لوقا 24:1-12)۔ اُس لمحے ایک ایسی بادشاہی پیدا ہوئی جس کا جدلیاہ صرف خواب ہی دیکھ سکتا تھا۔ یسوع نے اپنی جلاوطنی اور قیامت کے ذریعے ہمیشہ کی زندگی کی ایک بادشاہی حاصل کی، جہاں کسی سلطنت، بادشاہ، حتیٰ کہ موت کا بھی کوئی اختیار نہیں (1 کرنتھیوں 15:55-57)۔ یسوع نے وہ کیا جو یہوداہ کے کسی حاکم نے کبھی نہ کیا، اور ایسا کرنے سے اُس نے خدا کی بادشاہی کو از سرِ نو تعمیر کیا اور وہ خدا کے لوگوں کے سچے بادشاہ کے طور پر حکومت کرتا ہے، اور یہ وعدہ کرتا ہے کہ ہم پھر کبھی اُس سے جلاوطن نہ ہوں گے۔
ہمارے لیے خدا کا آخری کلام اُس کا قوی غضب نہیں بلکہ اُس کی وہ بےپناہ محبت ہے جو یسوع کی شخصیت میں ظاہر ہوئی۔ خدا اپنے لوگوں کو اُن کی عدالت، ناامیدی اور جلاوطنی میں کبھی نہیں چھوڑتا۔ خدا اپنے لوگوں کو چھڑانے کے لیے ہمیشہ ایک قوی راہ فراہم کرتا ہے۔ پس بادشاہوں، طاقتوں یا اَور معبودوں پر بھروسا کرنے کے بجائے یسوع پر بھروسا کریں، جو آپ کو اپنے ساتھ جِلا اُٹھائے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں سے محبت رکھتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں ہماری جلاوطنی سے بچاتا ہے۔


