کیا ہو رہا ہے؟
یرمیاہ کی نبوتوں کے پچھلے 44 باب سب یہوداہ کے خلاف عدالت کے دن کا اعلان کرتے رہے ہیں۔ جب یرمیاہ کا منشی اُس کی تمام تنبیہات کو مرتب کر کے مکمل کر لیتا ہے، تو وہ خوف زدہ ہوتا ہے اور اپنی قوم کی آنے والی بربادی کے غم سے بےحال ہو جاتا ہے۔ لیکن یرمیاہ باروک کی نظر کو وسیع کرتا ہے تاکہ وہ دیکھ سکے کہ خدا اُن کے زمانے میں کیا کر رہا ہے۔ وہ اُسے بتاتا ہے کہ خدا یہوداہ کی سرکشی کے سبب اُس کی عدالت کر رہا ہے، لیکن وہ یہوداہ کے دشمنوں کی بھی عدالت کرے گا۔ خدا کی طرف سے اپنے لوگوں کی عدالت تو محض آغاز ہے۔ خدا ساری زمین پر ہر بدی اور ہر غرور کے خلاف انصاف کرنے آ رہا ہے (یرمیاہ 45:1-5)۔
اگلے بابوں میں یرمیاہ پڑوسی قوموں—مصر، فلستیہ، موآب، عمون، ادوم، دمشق، قیدار، حصور اور عیلام—کو مجرم ٹھہراتا ہے۔ یرمیاہ پیش گوئی کرتا ہے کہ وہ بابل کے ہاتھوں گر جائیں گی، بالکل جیسے یہوداہ گری ہے۔ جہاں خدا نے یہوداہ کو اِس لیے مجرم ٹھہرایا کہ اُس نے خدا اور اُس کی شریعت کی نہ سنی، وہاں خدا نے اِن قوموں کو اُن کے غرور اور خدا کے لوگوں کے ساتھ اُن کی سنگدلی کے سبب مجرم ٹھہرایا۔ مصر فخر کرتا ہے کہ اُس کی حکومت اِتنی ہی یقینی ہے جتنا دریائے نیل کا پانی سے بھرا ہونا (یرمیاہ 46:8)۔ موآب کا تکبر ساری دنیا میں مشہور ہے (یرمیاہ 48:29)۔ عمون سمجھتا ہے کہ اُس کی دولت اُسے حملے سے محفوظ رکھتی ہے (یرمیاہ 49:4)۔ ادوم سمجھتا ہے کہ اُس کی برتر فوجی پوزیشن اُس کے جنگی جرائم کو جائز ٹھہراتی ہے (یرمیاہ 49:16)۔ لیکن خدا وعدہ کرتا ہے کہ جو غلط کام اُنہوں نے اپنے غرور میں کیے ہیں، اُن کا بدلہ اُن کی رسوائی میں دیا جائے گا۔ بابل اُن سب کے لیے آ رہا ہے۔
لیکن یرمیاہ یہ نبوت بھی کرتا ہے کہ ہر وہ قوم جسے خدا اُس کے غرور اور تشدد کے سبب پست کرتا ہے، ایک دن اپنی سابقہ شان میں بحال کی جائے گی۔ خدا پہلے یہوداہ میں اپنے لوگوں سے کہتا ہے کہ وہ اُن کی حفاظت کرنے اور جو کچھ اُنہوں نے کھویا ہے سب بحال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے (یرمیاہ 46:27-28)۔ پھر خدا مصر سے، یعنی اُس قوم سے جس نے ایک وقت خدا کے لوگوں کو غلام بنایا تھا، وعدہ کرتا ہے کہ وہ اُن کی تہذیب کو دوبارہ تعمیر کرے گا (یرمیاہ 46:26)۔ موآب، عمون اور عیلام (وہ قومیں جنہوں نے کسی نہ کسی وقت خدا کے لوگوں پر حملہ کیا) سب سے بھی آئندہ بحالی کا وعدہ کیا گیا ہے (یرمیاہ 48:47؛ 49:6، 34-39)۔ خدا اُس دنیا کو اُلٹ پلٹ کر رہا ہے جسے باروک اور یرمیاہ جانتے ہیں۔ بابل کے ہاتھوں آنے والی تباہی صرف یہوداہ ہی نہیں بلکہ تمام قوموں کے غرور کی عدالت کرے گی۔ لیکن جب اُن کے غرور سے نمٹ لیا جائے گا، تو خدا وعدہ کرتا ہے کہ سب لوگوں کے آبائی علاقے بحال کیے جائیں گے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اگر آپ کو یہوداہ میں خدا کے لوگوں کے خلاف آنے والی عدالت کی نبوت کے بعد نبوت پر مشتمل 44 باب پڑھنا مشکل لگا ہے، تو آپ بالکل باروک جیسے ہیں۔ اور باروک کے لیے خدا کا کلام وہی کلام ہے جو وہ آپ کو بھی پیش کرتا ہے۔ خدا چاہتا ہے کہ آپ کی نظر وسیع ہو تاکہ آپ دیکھ سکیں کہ وہ کیا کر رہا ہے۔ خدا اپنی دنیا سے غرور، بدی اور تشدد کو بالکل مٹا دینے آ رہا ہے۔ لیکن خدا حلیموں کو اُن کے وطنوں میں دوبارہ لگانے اور جو کچھ دوسروں کے غرور نے چھینا ہے اُسے بحال کرنے بھی آ رہا ہے۔
بائبل کی سب سے آخری کتاب میں نبی یوحنا ہمیں یہی بات بتاتا ہے—یعنی یہ کہ خدا بہت جلد آئے گا تاکہ ہر غرور کی ایک ہی بار ہمیشہ کے لیے عدالت کرے۔ ایک دن دنیا کی ہر مغرور قوم خدا کے خلاف جمع ہوگی، اُس کی اور اُن لوگوں کی مخالفت کے لیے تیار جو حلیمی سے اُس پر بھروسا رکھتے ہیں (مکاشفہ 19:19)۔ لیکن عین اُسی لمحے جب وہ اپنی فوجیں جمع کرتے ہیں، خدا اپنے بیٹے یسوع کو، جو دنیا کا سچا بادشاہ ہے، اُن کے مقابلے کے لیے بھیجتا ہے۔ اور جب وہ پہنچتا ہے، تو یسوع محض کلام کرتا ہے، مغرور شکست کھا کر تتر بتر ہو جاتے ہیں، اور خدا کے لوگ ساری زمین اپنے ابدی وطن کے طور پر میراث میں پاتے ہیں (مکاشفہ 19:20-21)۔ اور جیسے عدالت یہوداہ یا اُن قوموں کے لیے کہانی کا اختتام نہ تھی جنہوں نے اُس پر حملہ کیا، ویسے ہی وہ ہماری دنیا کے لیے بھی کہانی کا اختتام نہیں ہے۔ خدا ایک نئی زمین خلق کرتا ہے جہاں تمام ملکوں کے حلیم لوگ، جو یسوع کے پیچھے جمع ہوئے ہیں، وطن میراث میں پاتے ہیں اور جو کچھ اُنہوں نے کھویا تھا سب بحال پاتے ہیں (مکاشفہ 21:1-3)۔ یرمیاہ نے باروک کو اُس انصاف اور بحالی کی جو ادھوری تصویر دکھائی، جو خدا بابل کے ہاتھوں لانے والا تھا، اُس سے باروک کو حوصلہ پانا تھا۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ ہم خدا کی اُس مکمل بحالی کی کہانی سے کہیں زیادہ حوصلہ پا سکتے ہیں جو یسوع کے وسیلے سے پوری کی جائے گی۔
خود دیکھیں
پس میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو غرور اور بدی کے دشمنوں کی مکمل اور آخری عدالت کرے گا۔ اور خدا کرے کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جسے خدا مغروروں کو رسوا کرنے اور حلیموں کو بحال کرنے کے لیے بھیجتا ہے۔


