کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل ابھی ٹڈیوں کے ہاتھوں ویران ہوا ہے۔ اپنی کتاب کے پہلے نصف حصے میں یوایل خدا کی عدالت کے ایک آنے والے دن کے بارے میں نبوّت کرتا ہے، جب ایک حملہ آور قوم اسرائیل پر قبضہ کر لے گی (یوایل 2:11)۔ لیکن اپنی کتاب کے آخری نصف حصے میں یوایل خداوند کی نجات کے ایک مستقبل کے دن کے لیے خدا کے منصوبوں کی تفصیل بتاتا ہے۔ خدا اُس ویرانی کو پلٹ دے گا جو ٹڈیوں نے پیدا کی تھی (یوایل 2:25)۔ وہ اُن مواشی کو کھلائے گا جو خشک سالی میں بھوکے مر رہے تھے (یوایل 2:22)۔ وہ پھٹی ہوئی زمین کو سینچے گا اور اُن کے گوداموں کو یہاں تک بھر دے گا کہ وہ پھٹ پڑیں (یوایل 2:23-24)۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ خدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنا رشتہ بحال کرے گا اور اُس کی چھینی ہوئی زمین بھی بحال کرے گا (یوایل 2:26-27)۔
عدن کے زمانے سے خدا کا منصوبہ یہی رہا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے ساتھ رہے۔ اِسی لیے خدا باغ میں چلتا تھا، اِسی لیے اُس نے آتشی ستون کے وسیلے سے اسرائیل کی راہنمائی کی، اور اِسی لیے اسرائیل کے پاس ہیکل تھی۔ اور اِسی لیے یوایل کہتا ہے کہ خداوند کی رحمت کے دن خدا خود کو—یعنی اپنی روح—اسرائیل کے سب باشندوں پر ڈال دے گا (یوایل 2:28)۔ پرانے عہدنامے میں خدا کی روح صرف اُس کے رہنماؤں اور نبیوں پر نازل ہوتی تھی۔ لیکن خداوند کی نجات کے اِس آنے والے دن میں روح کا عطیہ ادنیٰ اور عام لوگوں کو دیا جائے گا (یوایل 2:29)۔ بچوں اور غلاموں کو رویا اور نبوّت کی وہ نعمتیں دی جائیں گی جو ایک وقت بادشاہوں کے لیے مخصوص تھیں۔ اُس دن ساری کائنات ہلے گی اور سورج تاریک ہو جائے گا، مگر ہلاکت کے پیش خیمے کے طور پر نہیں بلکہ رحمت کے نشانوں کے طور پر (یوایل 2:30-31)۔ اور خداوند کے اُس دن جو کوئی اُس کا نام لے گا نجات پائے گا (یوایل 2:32)۔
اور جب خداوند کی نجات کے اِس نئے دن میں اُن کا رشتہ بحال ہو جائے گا، تو اسرائیل سے چھینی ہوئی زمین بھی بحال کی جائے گی (یوایل 3:1)۔ خدا بہت جلد اسرائیل کے ظالموں، غلاموں کے آقاؤں اور دشمنوں کو ایک وادی میں جمع کرے گا، جسے ”فیصلہ کی وادی“ یا ”خدا نے عدالت کی“ کہا جاتا ہے (یوایل 3:2، 14)۔ اور اُس وادی میں خدا اسرائیل پر حملہ کرنے والوں کی عدالت کرے گا اور اسرائیل کو اُس کے باپ دادا کی زمینوں میں بحال کیا جائے گا (یوایل 3:15-16)۔ پھر خدا اُس سرزمین کو نئے سرے سے کچھ ایسا بنا دے گا جیسا باغِ عدن تھا۔ پہاڑوں سے مے ٹپکے گی، ٹیلوں سے دودھ کی ندیاں بہیں گی، اور صاف چشمے زمین کو سینچیں گے (یوایل 3:18)۔ خداوند کی نجات کے دن ہر غلط بات درست کر دی جائے گی۔ اسرائیل بطورِ قوم بحال کیا جائے گا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یوایل جن نبوّتوں کا بیان کرتا ہے، وہ سب یسوع کے وسیلے سے پہلے ہی پوری ہو چکی ہیں یا بہت جلد پوری ہوں گی۔ یسوع کی موت کے پچاس دن بعد خدا نے اپنی روح ڈال دی (اعمال 2:1-4a)۔ اور پطرس رسول نے کہا کہ یہ یوایل کی نبوّت کے پورا ہونے کے لیے تھا (اعمال 2:16-17)! پنتِکُست کے دن عورتیں، بچے اور غلام سب روح القدس سے بھر گئے۔ آگ، ویسی ہی جیسی اسرائیل کی راہنمائی کرتی تھی، اُن پر ٹھہر گئی (اعمال 2:3)۔ پنتِکُست اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا کا اپنے لوگوں کے ساتھ رشتہ بحال ہو گیا ہے!
لیکن اہم بات یہ ہے کہ روح کا آنا صرف اسرائیل تک محدود نہیں۔ ساری قومیں جو خدا کا نام لیں گی نجات پائیں گی (اعمال 2:21)۔ اور روح کے پہلے کاموں میں سے ایک یہ ہے کہ خدا کی روح سے بھرے ہوئے لوگ خدا کی نجات کے دن کا اعلان اُتنی ہی زبانوں میں کریں جتنی وہاں موجود ہیں (اعمال 2:4)۔ پنتِکُست کے دن روئے زمین کے کونے کونے سے آئے ہوئے 3,000 لوگ ایک نئے عدن کے پہلے شہری بن گئے (اعمال 2:9، 41)۔
اور خدا نے ابھی اپنی روح ڈالنا اور نئے شہریوں کو ایک بحال شدہ اور عالمگیر اسرائیل میں بلانا ختم نہیں کیا۔ خداوند کا ایک دن آ رہا ہے جب خدا دنیا کے سب ظالموں، غلاموں کے آقاؤں اور دشمنوں کو ایک نئی وادی میں جمع کرے گا، جہاں خدا عدالت کرے گا (مکاشفہ 16:16)۔ اور اُس وادی میں خدا اپنے لوگوں کے دشمنوں کو ہلاک کرے گا۔ وہ صرف اسرائیل کی سرزمین ہی نہیں بلکہ ساری زمین کو عدن کی حالت میں بحال کرے گا۔ خداوند کے اُس دن یہ کرۂ ارض نئے سرے سے بنایا جائے گا اور ہم پھر ایک بار خدا کے ساتھ رہیں گے (مکاشفہ 21:1)۔ اور اُس دن خدا کے پہاڑ سے ایک دریا بہے گا، نہ صرف ہماری اپنی خوشی کے لیے بلکہ سب قوموں کی شفا اور نجات کے لیے (مکاشفہ 22:2)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ خدا کو عادل اور رحیم، دونوں کے طور پر دیکھ سکیں۔ اور آپ یسوع کی موت کو خداوند کا وہ دن جان سکیں جو یہ وعدہ کرتا ہے کہ جو کوئی اُس کا نام لے گا نجات پائے گا۔

