کیا ہو رہا ہے؟
نوحہ کی کتاب پانچ گمنام نظموں کا سلسلہ ہے جو حروفِ تہجی کی ترتیب پر لکھی گئی ہیں اور بابل کے ہاتھوں اسرائیل پر حملے اور اُس کی بربادی پر ماتم کرتی ہیں۔ نوحہ 3 اِن میں مرکزی نظم ہے، اور اِس مرکزی نظم کے عین وسط میں مصنف ہمیں وہ وجہ بتاتا ہے جس کے سبب خُدا کی عدالت کے درمیان بھی اُسے امید ہے۔ خُدا غضبناک نہیں ہے۔ خُدا محبت ہے (نوحہ 3:32-33)۔
لیکن پہلے مصنف یروشلیم کی بربادی کو اپنے ذاتی تجربے کے پیرائے میں بیان کرتا ہے۔ اُس کے لیے خُدا ایک سنگدل چرواہا ثابت ہوا ہے۔ خُدا نے اپنی حفاظت کی لاٹھی کو ہتھیار بنا لیا ہے (نوحہ 3:1)۔ مصنف کی ہڈیاں توڑ دی گئی ہیں، اُس کی جِلد چھیل دی گئی ہے (نوحہ 3:4)۔ خُدا نے قیدخانے کے داروغہ کی طرح اُسے ایسی کوٹھری میں زنجیروں سے جکڑ دیا ہے جہاں سے نکلنا ممکن نہیں اور جہاں اُس کی چیخیں کوئی نہیں سنتا (نوحہ 3:7-9)۔ خُدا نے ایک درندے کی طرح اُس کی گھات لگائی اور اُسے پھاڑ ڈالا (نوحہ 3:10-12)۔ خُدا نے اُس کے گُردوں کو چھید ڈالا ہے (نوحہ 3:13)۔ اُس میں کوئی طاقت باقی نہیں رہی، اور جو امید کبھی مصنف کے پاس تھی وہ مر چکی ہے (نوحہ 3:18)۔ خُدا کی عدالت کے تحت اسرائیل کی یادیں کڑوی ہیں (نوحہ 3:19)۔ مگر خُدا کے ساتھ اسرائیل کا تجربہ ہمیشہ کڑواہٹ کا نہیں رہا۔ مصنف خُدا کی گزری ہوئی بھلائی کو یاد کرتا ہے۔ وہ جان بوجھ کر خُدا کی قائم رہنے والی محبت، اُس کی ہر روز کی رحمتوں اور اُس کی بڑی وفاداری کی پُرانی یادوں کو اپنے دُکھ کے پہلو بہ پہلو رکھ دیتا ہے (نوحہ 3:22-23)۔
خُدا قصورواروں کو اپنے دل سے دُکھ نہیں دیتا۔ اسرائیل نے خواہ کتنا ہی گناہ کیا ہو، مصنف جانتا ہے کہ اپنے لوگوں کو ہمیشہ کے لیے رد کر دینا خُدا کی فطرت کے لیے بالکل اجنبی بات ہے (نوحہ 3:31)۔ خُدا اسرائیل کے گناہ کو چھوڑ جانے کا بہانہ نہیں بنائے گا۔ خُدا غم صرف اُس وقت دیتا ہے جب ضروری ہو، لیکن اُس کی شفقت اور محبت بےقید ہے (نوحہ 3:32)۔ خُدا کی گہرائیوں میں غضب نہیں۔ خُدا محبت ہے (نوحہ 3:33)۔
مصنف جانتا ہے کہ اسرائیل قصوروار ہے۔ مصنف جانتا ہے کہ اُس نے خُدا سے سرکشی کی ہے۔ مصنف اپنے اُجڑے ہوئے شہر پر نظر ڈالتا ہے اور جانتا ہے کہ خُدا کی معافی ابھی حقیقت نہیں بنی (نوحہ 3:42)۔ فی الحال بابلی غالب ہیں (نوحہ 3:45-46)۔ لیکن ماضی میں خُدا نے اُس کی دعائیں سنیں، اُس کا مقدمہ اپنے ہاتھ میں لیا، اور اُسے اُس کے دشمنوں سے چھڑایا (نوحہ 3:55، 58)۔ اِسی بھروسے کے ساتھ وہ خُدا سے درخواست کرتا ہے کہ وہ پھر ایسا ہی کرے۔ وہ خُدا سے کہتا ہے کہ بابل نے جو ظلم اُس پر کیے ہیں اُنہیں دیکھے۔ وہ خُدا سے کہتا ہے کہ جو طعنے وہ سہتا ہے اُنہیں سنے۔ اور وہ خُدا سے کہتا ہے کہ بابل کے ساتھ وہی کرے جو بابل نے اسرائیل کے ساتھ کیا ہے (نوحہ 3:64)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اکثر ہم سوچتے ہیں کہ جب ہم گناہ کرتے ہیں تو خُدا دُور ہو جاتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم اپنے دُکھ کی شکایت نہیں کر سکتے، کیونکہ ہمیں وہی مل رہا ہے جس کے ہم لائق ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ خُدا کا دُور ہو جانا بجا ہے۔ آخرکار، کیا ہم خود کسی ساتھی، شریکِ حیات یا عزیز کے ساتھ ایسا ہی سلوک نہ کرتے جس نے ہمارے ساتھ ایسی بےوفائی کی ہو جیسی اسرائیل نے خُدا کے ساتھ کی؟
لیکن اِس مرکزی نظم کی مرکزی آیتیں ہمیں بتاتی ہیں کہ خُدا ہمارے گناہ کو چھوڑ جانے کا بہانہ نہیں بناتا۔ ہرگز نہیں۔ ہمارے برعکس، خُدا اپنے بےوفا کو ترک نہیں کرتا (نوحہ 3:31)۔ ہمارے برعکس، خُدا کی شفقت اُس کے غضب پر غالب ہے (نوحہ 3:32؛ خروج 34:7)۔ نہ سزا اور نہ عدالت خُدا کے دل سے آتی ہے (نوحہ 3:33)۔ اُس کا دل وفاداری، رحم اور قائم رہنے والی محبت سے بھرا ہوا ہے۔ اپنے لوگوں کے لیے خُدا کے دل کا سب سے بہتر ثبوت اُس کی موجودہ عدالت نہیں بلکہ اُس کی گزری ہوئی وفاداری ہے۔ خُدا ہمیشہ یکساں رہتا ہے۔ اِسی لیے مصنف کو یقین ہے کہ خُدا کو جلد ہی اُس کا مقدمہ اپنے ہاتھ میں لینا اور اُسے پھر چھڑانا ہی ہوگا۔ خُدا کی محبت تقاضا کرتی ہے کہ وہ اُن قصورواروں کو چھڑائے جنہیں وہ خود دُکھ دیتا ہے۔
اور جو اسرائیل کے ساتھ ہوا، وہی یِسوع کے ساتھ بھی ہوا۔ صلیب پر یِسوع ہماری طرح قصوروار ٹھہرا (2 کرنتھیوں 5:21)۔ لیکن خُدا نے یِسوع کا مقدمہ اپنے ہاتھ میں لیا اور اُسے موت سے چھڑایا (اعمال 2:24)۔ خُدا کی اپنی فطرت کے ساتھ وفاداری رد کیے جانے کا نہیں بلکہ جی اُٹھنے کا تقاضا کرتی ہے۔ اور اب یِسوع کی صلیب اور خالی قبر خُدا کے لوگوں کے لیے نئی یادیں ہیں۔ جب ہمیں یاد کرنے یا اپنے ارد گرد دیکھنے کو صرف موت، دُکھ اور درد ہی ملے؛ جب خُدا ایک سنگدل چرواہے کی مانند لگے جو ہمیں موت کی وادیوں میں لے جا رہا ہے، یا ایک درندے کی مانند جو ہمارے کیے ہوئے گناہوں کے سبب ہمارا شکار کر رہا ہے، تو ہم یِسوع کی موت اور جی اُٹھنے کو یاد کر سکتے ہیں۔ ہم یاد رکھ سکتے ہیں کہ خُدا اُن قصورواروں کو چھڑاتا ہے جنہیں وہ دُکھ دیتا ہے۔ ہمارا دُکھ، ہمارے گناہ کی طرح، ختم ہو جائے گا۔ اور اِسی لیے ہمارے پاس یہ امید ہے کہ خُدا ہمیں اپنے دل سے دُکھ نہیں دیتا، بلکہ جو اُس سے فریاد کرتے ہیں اُن کے لیے ہمیشہ نئی رحمتیں لاتا ہے۔
خود دیکھیں
رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جس کی محبت تقاضا کرتی ہے کہ وہ اُن قصورواروں کو چھڑائے جنہیں وہ دُکھ دیتا ہے۔ اور آپ یِسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمارا مقدمہ اپنے ہاتھ میں لیتا ہے اور ہمیں ہمارے گناہ اور دُکھ سے چھڑاتا ہے۔


