کیا ہو رہا ہے؟
متی 3 میں یوحنا بپتسمہ دینے والے نے دلیری سے اعلان کیا کہ یسوع ہی خُدا کا ممسوح خادم ہے، جسے مسیح یا مسیحا کہا جاتا ہے۔ بہت سے یہودیوں کا خیال تھا کہ مسیح ایک فوجی رہنما ہوگا جو رومی قبضے کو اُلٹ دے گا اور یروشلیم میں شاہی تخت دوبارہ قائم کرے گا۔
اِس کے برعکس، یسوع ایک بے گھر اُستاد ہے۔ اِس سے بھی بُری بات یہ کہ یوحنا بپتسمہ دینے والا خود اُنہی حاکموں کے ہاتھوں قید ہو جاتا ہے جنہیں بہتوں کے خیال میں یسوع نے معزول کرنا تھا (متی 11:2)۔
اِس لیے یہ حیرت کی بات نہیں کہ یوحنا اپنے کچھ پیروکاروں کو بھیجتا ہے تاکہ وہ یسوع سے براہِ راست پوچھیں۔ کیا وہ واقعی خُدا کا برگزیدہ چھڑانے والا ہے؟
یسوع اُن کاموں کی فہرست سے جواب دیتا ہے جو اُس نے کیے ہیں۔ اندھے دیکھتے ہیں، لنگڑے چلتے ہیں، کوڑھی پاک صاف کیے جاتے ہیں، بہرے سنتے ہیں، اور غریبوں کو خوشخبری سنائی جاتی ہے (متی 11:5)۔
یہ وہ سیاسی رنگ میں ڈوبا ہوا، بریت اور انصاف کے وعدوں سے بھرپور جواب نہیں تھا جس کی لوگ توقع کر رہے تھے۔
پھر یسوع گلیل کے کئی شہروں کو ملامت کرتا ہے جنہوں نے اپنی آنکھوں سے اُس کے معجزے دیکھے مگر اُس کے پیغام پر ایمان لانے کو تیار نہ ہوئے (متی 11:21)۔ یسوع کہتا ہے کہ اُن کی سزا پرانے عہدنامے میں دیکھی گئی کسی بھی عدالت سے زیادہ سخت ہوگی (متی 11:22)۔
وہ ایمان نہ لائے کیونکہ کوئی بھی حقیقت میں نہیں جان سکتا کہ یسوع کون ہے جب تک وہ خود اپنے آپ کو اُن پر ظاہر نہ کرے (متی 11:27)۔ اور ایک دعا میں یسوع خُدا کا شکر کرتا ہے کہ یہ سچائی داناؤں سے چھپائی گئی اور ”چھوٹے بچوں“ پر ظاہر کی گئی (متی 11:25)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یوحنا کے شاگرد وہی سوال پوچھتے ہیں جو آج ہم سب پوچھتے ہیں، ”کیا یسوع وہی نجات دہندہ ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے؟“
یسوع پرانے عہدنامے کے ایک حوالے سے، یعنی یسعیاہ نبی کے صحیفے سے جواب دیتا ہے۔ یسعیاہ نے لکھا کہ خُدا اسرائیل کا جلال بحال کرے گا اور انتقام اور عدالت لائے گا (یسعیاہ 35:4)۔ لوگ یہی نجات چاہتے تھے۔
لیکن یسوع تشدد کے ذریعے نجات لانے والا نہیں تھا۔ عین اگلی آیت میں یسعیاہ کہتا ہے کہ نجات زورآوروں کو فتح کرنے سے کہیں زیادہ بیماروں کو شفا دینے جیسی ہوگی (یسعیاہ 35:5)۔
ہم میں جسمانی اور روحانی دونوں طور پر بیماری، مرض، ناپاکی، بہراپن، اندھاپن اور غربت موجود ہے۔ ہماری جسمانی موت اور بیماریاں ایک روحانی بغاوت کا نتیجہ ہیں (پیدائش 2:17)۔
چنانچہ یسوع آتا ہے اور ہمیں ہمارے سب سے بڑے دشمن—گناہ اور اُس کے نتیجے یعنی موت—سے بچاتا ہے۔
لیکن ہم اِس بات کو کیا سمجھیں کہ یسوع خُدا کا شکر کرتا ہے کہ اُس نے اپنی شناخت اُن شہروں سے چھپائی جو ہلاک کیے جائیں گے؟
یسوع خود ہمیں بتاتا ہے کہ اُس کی شناخت کن سے چھپی ہوئی ہے—داناؤں اور عقلمندوں سے۔ وہ اُنہیں بچانے نہیں آیا جو خود کو محفوظ سمجھتے ہیں، بلکہ اُنہیں جو جانتے ہیں کہ وہ محفوظ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اُن سے جو اُس پر ایمان لائے کہہ سکا، ”اَے محنت اُٹھانے والو اور بوجھ سے دبے ہوئے لوگو، سب میرے پاس آؤ؛ مَیں تم کو آرام دوں گا“ (متی 11:28)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جو اپنے بیٹے کو اُن پر ظاہر کرتا ہے جنہیں اُس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اور آپ یسوع کو خُدا کے برگزیدہ خادم کے طور پر دیکھیں جو ہمیں رحم بھرا آرام عطا کرتا ہے۔


